فخروتکبرکی بجائے عاجزی اختیارکرنا

سيدنا ابوہریرہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے سنا:

«سَيَأْتِي عَلَى النَّاسِ زَمَانٌ يُخَيَّرُ فِيهِ الرَّجُلُ بَيْنَ الْعَجْزِ وَالْفُجُورِ، فَمَنْ أَدْرَكَ ذَلِكَ مِنْكُمْ فَلْيَخْتَرِ الْعَجْزَ عَلَى الْفُجُورِ.»

(مستدرك الحاكم: 8353، شعب الإيمان للبيهقى:7979)

’’عنقریب لوگوں پر ایسا زمانہ آئے گا کہ آدمی کو عاجزی اور فخروتکبر (میں سے ایک کو اپنانے) میں اختیار دیا جائے گا، سو جو اس زمانے میں موجود ہو اسے فخروتکبر کی بجائے عاجزی کو اختیار کرنا چاہیے۔‘‘

سچ کی فضیلت اورجھوٹ کی مذمت

اللہ تعالیٰ فرماتاہے:

﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَكُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ﴾ (سورۃ التوبہ: 119)

’’اے ایمان والو! اللہ سے ڈرتے رہو اور سچ بولنے والوں کے ساتھ مل جاؤ۔‘‘

سیدنا عبد اللہ بن مسعود بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:

«عَلَيْكُمْ بِالصِّدْقِ فَإِنَّ الصِّدْقَ يَهْدِي إِلَى الْبِرِّ، وَإِنَّ الْبِرَّ يَهْدِي إِلَى الْجَنَّةِ، وَإِنَّ الرَّجُلَ لَيَصْدُقُ حَتَّى يُكْتَبَ عِنْدَ اللّٰهِ صِدِّيقًا، وَإِيَّاكُمْ وَالْكَذِبَ، فَإِنَّ الْكَذِبَ يَهْدِي إِلَى الْفُجُورِ، وَإِنَّ الْفُجُورَ يَهْدِي إِلَى النَّارِ، وَإِنَّ الرَّجُلَ لَيَكْذِبُ حَتَّى يُكْتَبَ عِنْدَ اللّٰهِ كَذَّابًا.» (صحيح بخارى، كتاب الأدب، باب قول الله تعالى: ﴿يا أيها الذين آمنوا اتقوا الله وكونوا مع الصادقين﴾ وما ينهى عن الكذب: 6094، صحيح مسلم، كتاب البروالصلة، باب قبح الكذب وحسن الصدق وفضله:2607)

’’سچ بولنا اپنے اوپر لازم کر لو، کیونکہ سچ نیکی کی طرف لے کر جاتا ہے اور نیکی جنت میں لے کر جائے گی، اور یقیناً آدمی اتنا سچ بولتا ہے کہ اسے اللہ کے ہاں سچا لکھ دیا جاتا ہے اور جھوٹ سے بچنا بھی اپنے اوپر لازم کر لو، کیونکہ جھوٹ گناہ کی طرف کے کر جاتا ہے اور گناہ جہنّم میں لے جائے گا اور یقیناً آدمی اس قدرجھوٹ بولتا ہے کہ اسے اللہ کے ہاں بھی جھوٹا ہی لکھ دیا جاتا ہے۔‘‘

سیدنا عبداللہ اس حدیث کومرفوع بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺنے فرمایا:

«إِنَّ الْكَذِبَ لَا يَصْلُحُ مِنْهُ جَدٌّ وَلَا هَزْلٌ، وَلَا يَعِدُ الرَّجُلُ ابْنَهُ ثُمَّ لَا يُنْجِزُ لَهُ.»

(مستدرك حاكم:1/127)

’’یقیناً جھوٹ حقیقت یا مذاق کسی صورت میں بھی جائز نہیں ہے اور نہ کوئی آدمی اپنے بیٹے سے ایسا وعدہ کرے کہ جسے وہ پورا نہ کر سکے۔‘‘

خاموشی کی فضیلت اورلغویات سے اعراض

سیدنا ابوشریح خزاعی کی روایت پیچھے بیان ہوچکی ہے، جس میں وہ نبی کریم ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپﷺ نے فرمایا:

«مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللّٰهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلْيَقُلْ خَيْرًا أَوْ لِيَصْمُتْ.»

(صحيح بخارى، كتاب الأدب، باب من كان يؤمن بالله واليوم الآخر فلا يؤذ جاره:6018، صحيح مسلم، كتاب الإيمان، باب الحث على إكرام الجار والضيف، ولزوم الصمت إلا عن الخير: 47، سنن أبو داؤد، كتاب الأدب، باب في حق الجوار: 5154، سنن ترمذى، أبواب صفة القيامة، باب منه:2500)

’’جوشخص اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول پر ایمان رکھتا ہو اسے اچھی بات ہی کہنی چاہیے، یا پھر خاموش رہنا چاہیے۔‘‘

سیدنا سہل بن سعدان سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺنے فرمایا:

«مَنْ يَضْمَنْ لِي مَا بَيْنَ لَحْيَيْهِ وَمَا بَيْنَ رِجْلَيْهِ أَضْمَنْ لَهُ الْجَنَّةَ.»

(صحيح بخارى، كتاب الرقاق، باب حفظ اللسان:6474، سنن ترمذى، أبواب الزهد، باب ما جاء في حفظ اللسان:2408)

’’جو شخص مجھے اپنے دو جبڑوں کے درمیان والے عضو (یعنی زبان)اور اپنی دو ٹانگوں کے درمیان والے عضو (یعنی شرمگاہ کے جائزاستعمال) کی ضمانت دے دے، میں اسے جنّت کی ضمانت دیتاہوں۔‘‘

سیدنا سفیان بن عبداللہ ثقفی بیان کرتے ہیں:

قُلْتُ: يَا رَسُولَ اللّٰهِ! مُرْنِي بِأَمْرٍ أَعْتَصِمُ بِهِ فِي الْإِسْلَامِ قَالَ: «قُلْ آمَنْتُ بِاللّٰهِ ثُمَّ اسْتَقِمْ.» قَالَ: قُلْتُ: يَا رَسُولَ اللّٰهِ! وَمَا أَخْوَفُ مَا تَخَافُ عَلَيَّ؟ قَالَ: «هٰذَا.» وَأَخَذَ رَسُولُ اللّٰهِ ﷺ بِطَرَفِ لِسَانِ نَفْسِهِ.

(صحيح مسلم، كتاب الإيمان، باب جامع أوصاف الإسلام: 38، سنن ترمذى، أبواب الزهد، باب ما جاء في حفظ اللسان:2410، سنن ابن ماجه، كتاب الفتن، باب كف اللسان في الفتنة: 3972)

’’میں نے کہا:اے اللہ کے رسول!مجھے کسی ایسے کام کا حکم فرمائیے جسے میں اسلام میں مضبوطی سے تھامے رکھوں۔ آپﷺنے فرمایاکہ کہو:

میں اللہ پرایمان لایا اور پھر اس پر ڈٹ جا، کہتے ہیں کہ میں نے عرض کیا: میں کس چیز سے ڈرتا رہوں جس میں میرے مبتلا ہو جانے سے آپﷺ خوف کھاتے ہیں؟ تو آپﷺ نے اپنی زبان کا ایک کنارہ پکڑ کر فرمایا: اس سے۔‘‘

سيدنا ابووائل روایت کرتے ہیں کہ

سیدنا عبداللہ نے صفاپہاڑی پرتلبیہ کہا، پھرفرمایا:

يَا لِسَانُ قُلْ خَيْرًا تَغْنَمْ، وَاصْمُتْ تَسْلَمْ مِنْ قَبْلِ أَنْ تَنْدَمَ. قَالُوا: يَا أَبَا عَبْدِ الرَّحْمَنِ، هٰذَا شَيْءٌ تَقُولُهُ أَوْ سَمِعْتُهُ، قَالَ: لَا، بَلْ سَمِعْتُ رَسُولَ اللّٰهِ ﷺ يَقُولُ: «إِنَّ أَكْبَرَ خَطَايَا ابْنِ آدَمَ فِي لِسَانِهِ.»

(الفقيه والمتفقه للخطيب:2/148)

’’اے زبان!اچھی بات کہہ، غنیمت میں رہے گی اور خاموش رہ، شرمندگی اٹھانے سے پہلے ہی سلامتی میں رہے گی۔ لوگوں نے پوچھا:اے ابوعبدالرحمان!یہ جو بات آپ نے کہی ہے یہ آپ کا قول ہے یا آپ نے کسی سے سنی ہے؟ تو انہوں نے جواب دیاکہ نہیں (میرا قول نہیں ہے) بلکہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے سناہے کہ بلاشبہ انسان کی سب سے بڑی غلطی اس کی زبان سے سرزدہوتی ہے۔‘‘

سیدنا ابوسعیدخدری بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺنے فرمایا:

«الْأَعْضَاءُ تُكَفِّرُ اللِّسَانَ، تَقُولُ: اتَّقِ اللّٰهَ فِينَا، إِنِ اسْتَقَمْتَ اسْتَقَمْنَا، وَإِنِ اعْوَجَجْتَ اعْوَجَجْنَا»

(سنن ترمذى، أبواب الزهد، باب ما جاء في حفظ اللسان: 2407، مسند أحمد:3/96، صحيح الجامع للألبانى:351)

’’(انسانی جسم کے تمام)اعضاء زبان سے دست بستہ کہتے ہیں کہ ہمارے معاملے میں اللہ سے ڈرتی رہنا، کیونکہ اگر تو سیدھی رہی تو ہم بھی سیدھے رہیں گے اور اگر تو ٹیڑھی ہو گئی تو ہم بھی ٹیڑھے ہو جائیں گے۔‘‘

مرادیہ ہے کہ زبان کے ہی صحیح بول سے جسم کے سب اعضاء تکلیف میں مبتلا ہونے سے محفوظ رہتے ہیں اور اسی کے غلط بولنے سے نوبت لڑائی جھگڑے تک پہنچ جاتی ہے اور مار پِیٹ کی صورت میں جسم کے تمام اعضاء کوزبان کا کیا دھرا بھگتنا پڑتا ہے۔

سیدنا معاذبن جبل نبی کریم ﷺسے روایت کرتے ہیں کہ آپﷺ نے اسلام، نماز اور جہاد کا ذکر کیا، پھرفرمایا:

«أَلَا أُخْبِرُكَ بِمِلَاكِ ذَلِكَ كُلِّهِ؟.» قَالَ: قُلْتُ: بَلٰى قَالَ: فَأَخَذَ بِلِسَانِهِ وَقَالَ: «أَكْبِبْ عَلَيْكَ هٰذَا.» فَقُلْتُ: يَا رَسُولَ اللّٰهِ! وَإِنَّا لَمُؤَاخَذُونَ بِمَا نَتَكَلَّمُ بِهِ؟ قَالَ: «ثَكِلَتْكَ أُمُّكَ يَا مُعَاذُ، وَهَلْ يَكُبُّ النَّاسَ فِي النَّارِ عَلَى وُجُوهِهِمْ.» أَوْ قَالَ: «عَلَى مَنَاخِرِهِمْ إِلَّا حَصَائِدُ أَلْسِنَتِهِمْ؟.»

(سنن ترمذى، أبواب الإيمان، باب ما جاء في حرمة الصلاة: 2616، سنن ابن ماجه، كتاب الفتن، باب كف اللسان في الفتنة: 3973، إرواء الغليل للألبانى:413)

’’کیا میں تجھے تمام اعمال کا خلاصہ نہ بتلا دوں؟ میں نے عرض کیا:

کیوں نہیں (ضرور بتلائیے)، تو آپﷺ نے اپنی زبان کو پکڑا اور فرمایا:

اس (کے جائز استعمال) پر توجہ دینا اپنے آپ پر لازم کر لے، میں نے پوچھا: اے اللہ کے رسول!کیا ہم جو اس سے باتیں کرتے ہیں اس پر بھی ہمارا مواخذہ ہو گا؟ تو آپﷺنے فرمایا:

اے معاذ!تمہاری ماں تجھ سے محروم ہوجائے، لوگوں کوجہنم کی آگ میں ان کے چہروں کے بَل –یا فرمایا: ان کے نتھنوں کے بل جہنم کی آگ میں سوائے ان کی زبانوں کی کاٹی ہوئی فصل کے اور کونسی چیز ڈالے گی؟‘‘

سيدنا عقبہ بن عامر بیان کرتے ہیں کہ

لَقِيتُ رَسُولَ اللّٰهِ ﷺ يَوْمًا فَقُلْتُ: مَا النَّجَاةُ؟ فَقَالَ: «يَا عُقْبَةُ، امْلِكْ عَلَيْكَ لِسَانَكَ، وَلْيَسَعْكَ بَيْتُكَ، وَابْكِ عَلَى خَطِيئَتِكَ.» (سنن ترمذى، أبواب الزهد، باب ما جاء في حفظ اللسان: 2406، سلسلة الأحاديث الصحيحة:890)

’’ایک روز میں رسول اللہﷺ سے ملا تو میں نے پوچھا: کس عمل میں نجات ہے؟ تو آپﷺ نے فرمایا: ’’ اے عقبہ! اپنی زبان کو اپنے قابو میں رکھ، تمہارا گھر تمہیں کھلی جگہ دے اور اپنے گناہوں پر رویا کر۔‘‘

گھر کے جگہ دینے سے مراد یہ ہے کہ خانہ نشین ہو کر رہ جا، اپنے معمولات کے علاوہ جواضافی وقت ہے وہ اپنے گھرمیں ہی گزار، زبان کا درست استعمال کرنا اور اسے غلط استعمال ہونے سے بچائے رکھنا اور اپنے گناہوں پہ اشکبار رہنا، انہی امور میں نجات پنہاں ہے۔

سیدنا ابوہریرہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:

«كَفٰى بِالْمَرْءِ إِثْمًا أَنْ يُحَدِّثَ بِكُلِّ مَا سَمِعَ»

(صحيح مسلم، كتاب الإيمان، باب النهي عن الحديث بكل ما سمع: 5، سنن أبوداؤد، كتاب الأدب، باب في التشديد في الكذب:4992)

’’آدمی کے گناہ گار ہونے کے لیے یہی کافی ہے کہ وہ ہر سُنی سنائی بات آگے بیان کردے۔‘‘

یہ عادتِ بد بہت سے لوگوں میں پائی جاتی ہے کہ جس کسی سے بھی جیسی تیسی بات سنی اس کی تحقیق کیے بغیر فوری آگے بیان کر دی۔ نامعلوم کہ وہ بات سچ ہے یا جھوٹ۔ اگر جھوٹ ہو تو یہ اک جھوٹی بات کی تشہیر کرنے کی وجہ سے بہت قبیح گناہ ہے اور اگر سچ بھی ہو تو پھر بھی یہ کسی طور پر درست نہیں ہے کیونکہ جس کی بات اڑائی جا رہی ہوتی ہے درحقیقت اس کی تذلیل کی جا رہی ہوتی ہے جو کہ بجائے خود کبیرہ گناہ ہے۔ اس لیے اس عادتِ بد کو اپنا کر بہ فرمانِ نبویﷺ گناہ گاروں میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔

سیدنا عبداللہ بن عمروبن عاص بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺنے فرمایا:

«الْمُسْلِمُ مَنْ سَلِمَ الْمُسْلِمُونَ مِنْ لِسَانِهِ وَيَدِهِ، وَالْمُهَاجِرُ مَنْ هَجَرَ مَا نَهَى اللّٰهُ عَنْهُ»

(صحيح بخارى، كتاب الإيمان، باب المسلم من سلم المسلمون من لسانه ويده: 10، سنن أبوداؤد، كتاب الجهاد، باب في الهجرة هل انقطعت؟:2481)

’’مسلمان وہ ہے جس کی زبان اوراس کے ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ ہوں، اورمہاجروہ ہے جواللہ تعالیٰ کے منع کردہ کاموں کوچھوڑدے۔‘‘

گویا مسلمان کی علامت ہی یہ بتلائی ہے کہ جس شخص کی زبان اور ہاتھ سے دیگر مسلمان محفوظ ہوں وہی مسلمان ہے اور جس کی زبان درازیوں اور دست درازیوں سے دوسرے مسلمان محفوظ نہ ہوں وہ کامل مسلمان ہے۔

فاسق وفاجرحکمرانوں کی تصدیق واعانت پروعید

سیدنا جابر بن عبداللہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریمﷺ نے سیدنا کعب بن عجرہ سے فرمایا:

«أَعَاذَكَ اللّٰهُ يَا كَعْبُ بْنَ عُجْرَةَ مِنْ إِمَارَةِ السُّفَهَاءِ.» قَالَ: وَمَا إِمَارَةُ السُّفَهَاءِ؟ قَالَ: «أُمَرَاءُ يَكُونُونَ بَعْدِي لَا يَهْدُونَ بِهِدَايَتِي، وَلَا يَسْتَنُّونَ بِسُنَّتِي، فَمَنْ صَدَّقَهُمْ بِكَذِبِهِمْ وَأَعَانَهُمْ عَلَى ظُلْمِهِمْ فَأُولَئِكَ لَيْسُوا مِنِّي وَلَسْتُ مِنْهُمْ، وَلَا يَرِدُونَ عَلَى حَوْضِي، وَمَنْ لَمْ يُصَدِّقْهُمْ بِكَذِبِهِمْ وَلَمْ يُعِنْهُمْ عَلَى ظُلْمِهِمْ فَأُولَئِكَ مِنِّي وَأَنَا مِنْهُمْ، وَسَيَرِدُونَ عَلَى حَوْضِي. يَا كَعْبُ بْنَ عُجْرَةَ، الصَّوْمُ جُنَّةٌ، وَالصَّدَقَةُ تُطْفِئُ الْخَطِيئَةَ، وَالصَّلَاةُ قُرْبَانٌ»، أَوْ قَالَ: «بُرْهَانٌ، يَا كَعْبُ بْنَ عُجْرَةَ، لَا يَدْخُلُ الْجَنَّةَ لَحْمٌ نَبَتَ مِنْ سُحْتٍ، النَّارُ أَوْلَى بِهِ، يَا كَعْبُ بْنَ عُجْرَةَ غَادِيَانِ فَمُبْتَاعٌ نَفْسَهُ فَمُعْتِقُهَا، وَبَائِعٌ نَفْسَهُ فَمُوبِقُهَا.»

(مسند أحمد:3/321، مستدرك حاكم: 4/422، صحيح ابن حبان: 1569، صحيح الترغيب والترهيب:2242)

’’اے کعب بن عجرہ!اللہ تعالیٰ تجھے بیوقوف لوگوں کی امارت(حکمرانی)سے بچاکررکھے، انہوں نے عرض کیاکہ بیوقوف لوگوں کی امارت سے کیا مراد ہے؟ تو آپﷺ نے فرمایا:

میرے بعد ایسے امراء (حکمران) آئیں گے جو میری (دی ہوئی)راہنمائی کے مطابق ہدایات نہیں کریں گے اورنہ ہی وہ میری سُنّت کی پیروی کریں گے، سو جس شخص نے ان کے جھوٹا ہونے کے باوجود انہیں سچا کہا اور ظلم پر ان کی معاونت کی تویہی وہ لوگ ہیں جن کامجھ سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی میرا ان سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی یہ میرے حوض (یعنی حوضِ کوثر)پہ آ سکیں گے، لیکن جس نے ان کے جھوٹ کو سچ نہ کہا اور نہ ہی ظلم پران کی مددکی توانہی لوگوں کامجھ سے تعلق ہے اور میرا ان سے تعلق ہے اور یہ میرے حوض پر بھی آ سکیں گے۔

اے کعب! روزہ (گناہوں سے بچاؤ کے لیے) ڈھال ہے، صدقہ گناہوں کو مٹا دیتا ہے اور نماز(اللہ تعالیٰ کے) بہت ہی قریب کرنے والی ہے، یافرمایاکہ نماز قطعی دلیل ہے۔

اے کعب بن عجرہ!حرام سے پرورش پانے والا گوشت (یعنی جسم)جنّت میں نہیں جائے گا، بلکہ وہ آگ کے زیادہ لائق ہے۔ اے کعب بن عجرہ!صبح سویرے دو آدمی (اپنے معمولاتِ زندگی کا) قصد کرتے ہیں، (ان میں سے ایک)اپنے نفس کو خرید کر آزاد کر دیتا ہے اور(دوسرا)اپنے نفس کوبیچ کر ہلاک کر دیتا ہے۔‘‘

محتاط اورمناسب گفتگو

سیدنا ابوہریرہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا:

«إِنَّ أَحَدَكُمْ لَيَتَكَلَّمُ بِالْكَلِمَةِ مِنْ رِضْوَانِ اللّٰهِ مَا يُلْقِي بِهَا بَالًا، يَرْفَعُهُ اللّٰهُ بِهَا دَرَجَاتٍ، وَإِنَّ الْعَبْدَ لَيَتَكَلَّمُ بِالْكَلِمَةِ مِنْ سَخَطِ اللّٰهِ مَا يُلْقِي بِهَا بَالًا فَهُوَ يَهْوِي بِهَا فِي جَهَنَّمَ»

(صحيح بخارى، كتاب الرقاق، باب حفظ اللسان: 6478، مسند أحمد:2/334)

’’یقیناًبندہ اللہ تعالیٰ کی رضامندی والی کبھی ایسی بات کرتا ہے جسے وہ (اپنی نظرمیں)کوئی اہمیت نہیں دیتا، لیکن اللہ تعالیٰ اسی بات کی وجہ سے اس کے درجات بلند فرما دیتاہے اور بسااوقات بندہ اللہ کی ناراضگی والی کوئی ایسی بات کہہ دیتاہے جسے وہ کوئی اہمیت نہیں دے رہا ہوتا، لیکن وہ اسی بات کی وجہ سے جہنّم میں جا گرتاہے۔‘‘

اس لیے زبان سے کوئی بھی بات نکالتے وقت نہایت احتیاط کوملحوظ رکھناچاہیے اورعمدہ ومناسب گفتگوکرنی چاہیے، تاکہ زبان سے اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کومول لینے والاکوئی بھی بول نکلنے نہ پائے۔

لوگوں کوہنسانے کے لیے جھوٹ بولنے پروعید

سیدنا بہزبن حکیم اپنے باپ کے حوالے سے اپنے داداسے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺنے فرمایا:

«وَيْلٌ لِلَّذِي يُحَدِّثُ فَيَكْذِبُ، لِيُضْحِكَ بِهِ النَّاسَ، وَيْلٌ لَهُ، وَيْلٌ لَهُ.»

(سنن أبوداؤد، كتاب الأدب، باب في التشديد في الكذب:4990، سنن ابن ماجه، كتاب الزهد، باب الحاكم يجتهد فيصيب الحق: 2315، صحيح الجامع للألبانى:7136)

’’اس آدمی کے لیے ہلاکت ہے جو لوگوں کو ہنسانے کے لیے جھوٹی باتیں کرتا ہے، اس کے لیے ہلاکت ہے، اس کے لیے ہلاکت ہے۔‘‘

ہمارے معاشرے میں یہ برائی بہت عام ہے اور بدقسمتی سے اس کے مرتکب کو بہ طورِ اعزاز فنکار اور اداکار کانام دیا جاتا ہے، جبکہ شریعت نے ایسے شخص کے لیے ہلاکت کی سخت وعیدفرمائی ہے۔

ہمارے معاشرے کی اجتماعی زبوں حالی کایہ عالم ہے کہ اس بیہودہ گوئی کامظاہرہ کرنے اور اس سے لطف اندوز ہونے کے لیے تھیٹرز میں باقاعدہ محافل لگائی جاتی ہیں اور شیطان کے بہکاوے میں آ کر بہت سے لوگ زرِکثیر خرچ کر کے بڑے شوق سے اس وعیدکے مستوجب ٹھہرتے ہیں۔ (العیاذباللہ)

دوغلے پن پروعید

سیدنا عماربن یاسر نبی کریمﷺسے روایت کرتے ہیں کہ آپﷺ نے فرمایا:

«مَنْ كَانَ ذَا وَجْهَيْنِ فِي الدُّنْيَا كَانَ لَهُ لِسَانَانِ مِنْ نَارٍ يَوْمَ الْقِيَامَةِ.»

(سنن أبوداؤد، كتاب الأدب، باب في ذي الوجهين: 4873، سلسلة الأحاديث الصحيحة:892)

’’جو دنیا میں دو رُخا) یعنی دوغلا(ہو، قیامت کے دِن اسے آگ کی دوزبانیں لگائی جائیں گی۔‘‘

سیدنا ابوہریرہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:

«لَا يَنْبَغِي لِذِي الْوَجْهَيْنِ أَنْ يَكُونَ أَمِينًا.»

(السنن الكبرى للبيهقى:10/246، الأدب المفرد للبخارى:313)

’’دوغلے شخص کے یہ لائق ہی نہیں ہے کہ وہ امانت دارہو۔‘‘

یعنی وہ کسی کی بات کوبطورِ امانت اپنے پاس محفوط نہیں رکھ سکتا، اس لیے وہ اس بات کے لائق ہی نہیں ہے کہ اسے امین کہایاسمجھاجائے۔

جھوٹ اوروعدہ خلافی کی مذمت

سيدنا عبداللہ بن عمرو بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺنے فرمایا:

«أَرْبَعٌ مَنْ كُنَّ فِيهِ كَانَ مُنَافِقًا خَالِصًا، وَمَنْ كَانَتْ فِيهِ خَصْلَةٌ مِنْهُنَّ كَانَتْ فِيهِ خَصْلَةٌ مِنَ النِّفَاقِ حَتَّى يَدَعَهَا، إِذَا حَدَّثَ كَذَبَ، وَإِذَا عَاهَدَ غَدَرَ، وَإِذَا وَعَدَ أَخْلَفَ، وَإِذَا خَاصَمَ فَجَرَ.»

(صحيح بخارى، كتاب الإيمان، باب علامة المنافق: 34، صحيح مسلم، كتاب الإيمان، باب بيان خصال المنافق:58)

’’چارخصلتیں ایسی ہیں کہ وہ جس میں بھی پائی جائیں گی وہ پکّامنافق ہوگا اورجس میں ان میں سے کوئی ایک خصلت پائی جائے گی تواس میں نفاق کی ایک خصلت ہو گی، جب تک کہ وہ اسے چھوڑنہیں دیتا، (وہ یہ ہیں:)

جب بات کرے توجھوٹ بولے، جب معاہدہ کرے تو دھوکہ دے، جب وعدہ کرے تو خلاف ورزی کرے اور جب جھگڑا کرے تو بدزبانی کرے۔‘‘

٭٭٭

راصب چوہدری ، معروف چوہدری کی والدہ کی وفات

حاجی راصب چوہدری ، حاجی معروف چوہدری اور حاجی فاروق چوہدری کی والدہ 94 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ مرحومہ پابند شرع نیک اور صالح خاتون تھیں۔ وہ حاجی باغ علی اور حاجی محمد صدیق کی ہمشیرہ تھیں، جامع مسجد گرین لین برمنگھم میں ان کی نماز جنازہ قاری ذکاء اللہ سلیم نے پڑھائی اور برمنگھم میں تدفین عمل میں آئی۔بہت سے احباب نے اظہار تعزیت کیا۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں داخل فرمائے۔ آمین

٭٭٭