احسان ونعمت پرشکرگزاری
سیدنا ابوہریرہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:
«لَا يَشْكُرُ اللّٰهَ مَنْ لَا يَشْكُرُ النَّاسَ»
(سنن أبوداؤد، كتاب الأدب، باب في شكر المعروف: 4811- مسند أحمد: 2/203- سلسلة الأحاديث الصحيحة:416)
’’جو شخص لوگوں کا شکریہ ادا نہیں کرتا؛ وہ اللہ تعالیٰ کابھی شکرگزارنہیں ہوتا۔‘‘
چونکہ لوگوں کا شکریہ ادا کرنابا لواسطہ اللہ تعالیٰ ہی کی شکر گزاری ہوتی ہے، کیونکہ جس احسان پر کسی محسن کا شکریہ ادا کیا جاتا ہے اسے وہ احسان کرنے کی توفیق اللہ تعالیٰ نے ہی دی ہوتی ہے، اس لیے محسن کا شکریہ درحقیقت اللہ تعالیٰ کی شکر گزاری ہے، اس لیے یہ فرمایا کہ جو لوگوں کا شکریہ ادا نہیں کرتا حقیقت میں وہ اللہ کا شکر گزار نہیں ہوتا۔
سیدنا انس سے مروی ہے کہ
أَنَّ الْمُهَاجِرِينَ قَالُوا لِرَسُولِ اللّٰهِ ﷺ : ذَهَبَتِ الْأَنْصَارُ بِالْأَجْرِ كُلِّهِ، قَالَ: «لَا، مَا دَعَوْتُمُ اللّٰهَ لَهُمْ وَأَثْنَيْتُمْ»(سنن أبوداؤد، كتاب الأدب، باب في شكر المعروف: 4812- سنن ترمذى، أبواب صفة القيامة، باب منه:2483)
’’مہاجرصحابہ نے رسول اللہﷺسے عرض کیا کہ سارا ثواب تو انصار لے گئے ہیں۔ آپﷺ نے فرمایا:نہیں، (تب تک تم بھی ثواب پاتے رہو گے) جب تک تم ان کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعاکرتے اور ان کی نیکی کوسراہتے رہوگے۔‘‘
مہاجرین کی مدینہ آمد پر انصار نے ان پر بہت سے احسانات کیے اور مواخاۃ قائم ہونے پر اپنے حقیقی بھائیوں سے بھی بڑھ کر ان کے ساتھ بھائی چارے کا اظہار کیا۔ ان کی انہی بڑی بڑی نیکیوں کی وجہ سے مہاجر صحابہ نے کہا کہ سارا اجروثواب تو انصار صحابہ نے اپنے اعمال ناموں میں لکھوا لیا ہے، تو نبیﷺ نے فرمایا: نہیں، جب تک تم ان کے احسانات کے بدلے میں ان کا شکریہ ادا کرنے کے طور پر ان کے لیے دعائیں کرتے رہو گے تب تک تم بھی ثواب کماتے رہو گے۔
سیدنا جابر بن عبداللہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:
«مَنْ أُعْطِيَ عَطَاءً فَوَجَدَ فَلْيَجْزِ بِهِ، وَمَنْ لَمْ يَجِدْ فَلْيُثْنِ بِهِ، فَإِنْ أَثْنَى بِهِ فَقَدْ شَكَرَهُ، وَمَنْ كَتَمَهُ فَقَدْ كَفَرَهُ، وَالْمُتَشَبِّعُ بِمَا لَمْ يُعْطَ كَلَابِسِ ثَوْبَيْ زُورٍ»(سنن أبوداؤد، كتاب الأدب، باب في شكر المعروف: 4813- سنن ترمذى، أبواب البر والصلة، باب ما جاء في المتشبع بما لم يعطه: 2034)
’’جسے کوئی چیزدی جائے اوروہ استطاعت رکھتا ہو تو اسے بھی بدلے میں)کوئی چیز(دینی چاہیے، لیکن اگر وہ استطاعت نہیں رکھتا تو اس کی)یعنی وہ چیز دینے والے کی(تعریف کردینی چاہیے، سو اگراس نے اس کی تعریف کر دی تو اس نے اس کا شکریہ ادا کر دیا، لیکن اگراس نے اسے چھپایا (یعنی تعریف بھی نہ کی) تو اس نے اس کی ناشکری کی اورجس نے نہ ملنے والی چیز پرشکم سیری کا اظہار کیا وہ جھُوٹ کے دوکپڑے پہننے والے کے مانندہے۔‘‘
سیدنا ابنِ عمر نبیﷺسے روایت کرتے ہیں کہ آپﷺ نے فرمایا:
«مَنْ سَأَلَكُمْ بِاللّٰهِ فَأَعْطُوهُ، وَمَنِ اسْتَعَاذَكُمْ بِاللّٰهِ فَأَعِيذُوهُ، وَمَنْ أَتَى إِلَيْكُمْ مَعْرُوفًا فَكَافِئُوهُ، فَإِنْ لَمْ تَجِدُوا فَادْعُوا لَهُ حَتَّى تَعْلَمُوا أَنَّكُمْ قَدْ كَافَأْتُمُوهُ، وَمَنِ اسْتَجَارَكُمْ بِاللّٰهِ فَأَجِيرُوهُ»
(سنن أبوداؤد، كتاب الأدب، باب في الرجل يستعيذ من الرجل: 5109- مسند أحمد:2/68)
’’جو تم سے اللہ کے نام پر(کوئی چیز)مانگے اس کودو، جو تم سے پناہ مانگے اسے پناہ دو اور جو تمہارے ساتھ نیکی کرے اسے اس کا بدلہ دو، اگرتم(بدلے میں دینے کے لیے کوئی چیز)نہ پاؤ تو اس کے لیے دعا کر دیا کرو، یہاں تک کہ تمہیں یقین ہو جائے کہ تم نے اس کا بدلہ دے دیا ہے اور جو تم سے اور اللہ کے نام پر (دشمن وغیرہ سے)بچنے کے لیے پنا ہ چاہے تم اسے پناہ دو۔‘‘
سیدنا یحییٰ بن عبداللہ بن صیفی نبیﷺسے مرسل روایت کرتے ہیں کہ
«مَنْ أُنْزِلَتْ إِلَيْهِ نِعْمَةٌ فَلْيَشْكُرْهُ»
’’جس شخص کوکسی نعمت سے نوازا جائے تو اسے اس نعمت کاشکراداکرناچاہیے۔‘‘
سیدنا ابنِ عباس بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:
«وَرَأَيْتُ النَّارَ فَلَمْ أَرَ كَالْيَوْمِ مَنْظَرًا قَطُّ، وَرَأَيْتُ أَكْثَرَ أَهْلِهَا النِّسَاءَ»، قَالُوا: لِمَ؟ قَالَ: «لِكُفْرِهِنَّ»، قَالُوا: أَيَكْفُرْنَ بِاللّٰهِ؟ قَالَ: «وَيَكْفُرْنَ الْعِشْرَةَ، وَيَكْفُرْنَ الْإِحْسَانَ، لَوْ أَحْسَنْتَ إِلٰى إِحْدَاهُنَّ الدَّهْرَ ثُمَّ رَأَتْ مِنْكَ شَيْئًا قَالَتْ: مَا رَأَيْتُ مِنْكَ خَيْرًا قَطُّ» (صحيح مسلم:907)
’’میں نے جہنّم کو دیکھا تو آج جیسا منظرمیں نے کبھی نہیں دیکھا اور میں نے جہنم میں زیادہ تر عورتوں کو دیکھا۔ صحابہ نے عرض کیا: ایسا کیوں؟ آپﷺ نے فرمایا: ان کے کفرکی وجہ سے۔ صحابہ نے پوچھا:کیاوہ اللہ کے ساتھ کفر کرتی ہیں؟ آپﷺنے فرمایا:(نہیں، بلکہ)وہ خاوندوں کی ناشکری کرتی ہیں اور(ان کے)احسان کونہیں مانتی ہیں، اگر تُو ان میں سے کسی پر زندگی بھر احسان کرتا رہے پھروہ تجھ سے ذرہ سی بھی کوئی کمی محسوس کرے تو کہے گی کہ میں نے تو تجھ سے کبھی بھلائی دیکھی ہی نہیں۔‘‘
نبی کریمﷺنے عورتوں کی فطری خصلت کاتذکرہ فرمایا ہے کہ عورت کبھی بھی اپنے خاوندسے خوش نہیں ہوتی بلکہ اس کے ہزارہا احسانات کے باوصف بھی اگرکبھی کوئی ذرہ سی تنگی آن پڑی توپچھلے سارے احسانات بھول کرناشکری کی زبان چلانے لگے گی کہ مجھے تو تم سے کبھی سکون ملا ہی نہیں ہے، ان کی اسی ناشکری، ناقدری اور احسان فراموشی کی وجہ سے آپﷺ نے جہنم میں انہی کی اکثریت دیکھی ہے۔
احسان جتلانے کی ممانعت
اللہ تعالیٰ فرماتاہے:
﴿لَا تُبْطِلُوا صَدَقَاتِكُمْ بِالْمَنِّ وَالْأَذَى﴾
’’تم اپنے صدقات وخیرات کو احسان جتلا کر اور تکلیف دے کرضائع مت کرو۔‘‘(سورۃ البقرة: 264)
سیدنا ابوذر بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:
«ثَلَاثَةٌ لَا يُكَلِّمُهُمُ اللّٰهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ وَلَا يَنْظُرُ إِلَيْهِمْ وَلَا يُزَكِّيهِمْ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ: الْمَنَّانُ بِمَا أَعْطَى، وَالْمُسْبِلُ إِزَارَهُ، وَالْمُنْفِقُ سِلْعَتَهُ بِالْحَلِفِ الْكَاذِبِ»
(صحيح مسلم، كتاب الإيمان، باب بيان غلظ تحريم إسبال الإزار، والمن بالعطية، وتنفيق السلعة بالحلف: 106- سنن أبوداؤد، كتاب اللباس، باب ما جاء في إسبال الإزار: 4087- سنن ترمذى، أبواب البيوع، باب ما جاء فيمن حلف على سلعة كاذباً: 1211- سنن ابن ماجه، كتاب التجارات، باب ما جاء في كراهية الأيمان في الشراء والبيع: 2208)
’’تین لوگ ایسے ہیں کہ جن سے اللہ تعالیٰ روزِقیامت نہ توبات کرے گا، نہ ان کی طرف دیکھے گا اورنہ ہی انہیں پاک کرے گا، بلکہ ان کے لیے دردناک عذاب ہوگا:کسی کوکچھ دے کراحسان جتلانے والا، اپنے تہہ بند کو ٹخنوں سے نیچے لٹکانے والا اور جھوٹی قسم اٹھاکراپنے سامان کوبیچنے والا۔‘‘
کسی مفلس وحاجت مندپراحسان فقط اللہ کی رضاکے لیے کرناچاہیے نہ کہ اس سے کسی صلے اوربدلے کی طمع رکھتے ہوئے احسان کامعاملہ کرناچاہیے، اورجب کوئی احسان کر دیا جائے تو پھر اسے بھول جاناچاہیے اور اس کی جزا کی امید فقط اللہ تعالیٰ سے رکھنی چاہیے اور اپنے ممنون کو اپنے قول وفعل کسی بھی طرح سے اپنی احسان مندی باور نہیں کرانی چاہیے تاکہ اس کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو اور نہ ہی اس کے کسی ناپسندیدہ رویے کے ردِّعمل میں اسے اپنے احسانات یاد دلا کر طعن وملامت کرنے جیسی غلیظ حرکت سے بھی اجتناب کرناچاہیے کیونکہ احسان جتلانے سے نہ صرف اس کا اجر وثواب ضائع ہو جاتا ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کی کلام، اس کی نظرِرحمت اورتزکیے سے بھی محرومی ہوجاتی ہے۔
تواضع کااظہاراورتکبرسے اجتناب
سیدنا عیاض بن حمار روایت کرتے ہیں کہ نبیﷺنے اپنے خطبے میں فرمایا:
«إِنَّ اللّٰهَ أَوْصَى إِلَيَّ أَنْ تَوَاضَعُوا حَتَّى لَا يَفْخَرَ أَحَدٌ عَلَى أَحَدٍ، وَلَا يَبْغِيَ أَحَدٌ عَلَى أَحَدٍ»(صحيح مسلم، كتاب البر والصلة، باب الصفات التي يعرف بها في الدنيا أهل الجنة وأهل النار: 2865- سنن أبوداؤد، كتاب الأدب، باب في التواضع:4895-سنن ابن ماجه، كتاب الزهد، باب البراءة من الكبر والتواضع:4179)
’’یقیناً اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ حکم فرمایا ہے کہ تم اس قدر عاجزی اختیار کرو کہ کوئی کسی پرفخرنہ کرے اور کوئی کسی پرزیادتی نہ کرے۔‘‘
سیدنا ابو امامہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:
«الْبَذَاذَةُ مِنَ الْإِيمَانِ، الْبَذَاذَةُ مِنَ الْإِيمَانِ»
(سنن أبوداؤد، كتاب الترجل، الباب الأول: 4161- سنن ابن ماجه، كتاب الزهد، باب من لا يؤبه له: 4118)
’’سادگی ایمان کاحصہ ہے، سادگی ایمان کاحصہ ہے۔‘‘
محمدبن اسحاق بیان کرتے ہیں کہ
ذَكَرَ أَصْحَابُ رَسُولِ اللّٰهِ ﷺ يَوْمًا عِنْدَهُ الدُّنْيَا، فَقَالَ رَسُولُ اللّٰهِ ﷺ : «أَلَا تَسْمَعُونَ إِنَّ الْبَذَاذَةَ مِنَ الْإِيمَانِ» (سنن أبوداؤد، كتاب الأدب، الباب الأول: 4161- سنن ابن ماجه، كتاب الزهد، باب من لا يؤبه له: 4118)
’’ایک دِن اصحابِ رسول نے نبیﷺکے پاس دنیا کا ذِکر کیا تو آپﷺ نے فرمایا:کیاتم سنتے نہیں ہو؟ کہ سادگی ایمان کاحصہ ہے۔‘‘
سیدنا ابن عمر بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺنے فرمایا:
«يَقُولُ اللّٰهُ عَزَّ وَجَلَّ: مَنْ تَوَاضَعَ لِي هَكَذَا، وَبَسَطَ كَفَّهُ الْيُمْنَى وَأَشَارَ بِبَطْنِهَا إِلَى الْأَرْضِ، رَفَعَهُ هَكَذَا، وَبَسَطَ كَفَّهُ الْيُمْنَى وَأَشَارَ بِبَطْنِهَا إِلَى السَّمَاءِ.» (مسند أحمد: 1/4 4- صحيح الترغيب والترهيب:2894)
’’اللہ تعالیٰ فرماتاہے:جومیرے لیے اس طرح جھک جاتاہے۔ آپﷺ نے اپنی دائیں ہتھیلی کو پھیلایا اور اس کے پیٹ(یعنی درمیانی حصے)سے زمین کی طرف اشارہ کیا۔ اسے اللہ تعالیٰ اس طرح بلند فرما دیتا ہے اور آپﷺ نے اپنی دائیں ہتھیلی کو پھیلایا اور اس کے پیٹ سے آسمان کی طرف اشارہ کیا۔‘‘
نبیﷺنے تواضع کی ترغیب دیتے ہوئے عملی طرز کی مثال سے سمجھایا اور جھکنے کے الفاظ بولتے ہوئے اپنی ہتھیلی سے زمین کی طرف اشارہ کیا کہ یوں جھک جانا جیسے زمین کی طرح سب سے نیچے ہو جائے، اور اس کا انعام یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف سے بلندی کے حصول کے بابت بتلاتے ہوئے آسمان کی طرف اشارہ فرمایا کہ اس کے صلے میں اللہ تمہیں یوں بلندیاں عطا فرمائے گا جیسے یہ آسمان بلندہے۔
حارثہ بن وہب خزاعی بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺکوفرماتے سنا:
«أَلَا أُخْبِرُكُمْ بِأَهْلِ الْجَنَّةِ، كُلُّ ضَعِيفٍ مُسْتَضْعَفٍ، لَوْ أَقْسَمَ عَلَى اللّٰهِ لَأَبَرَّهُ، أَلَا أُخْبِرُكُمْ بِأَهْلِ النَّارِ، كُلُّ عُتُلٍّ جَوَّاظٍ مُسْتَكْبِرٍ.» وَرُوِّينَا فِي غَيْرِ هَذِهِ الرِّوَايَةِ: «كُلُّ جَعْظَرِيٍّ جَوَّاظٍ مُسْتَكْبِرٍ»(صحيح بخارى، كتاب الأدب، باب الكبر: 6071- صحيح مسلم، كتاب الجنة،:2853)
’’کیا میں تمہیں جنتی لوگوں کا نہ بتلاؤں؟ ہر کمزور اور توضع اختیارکرنے والاشخص(جنتی ہے) اگروہ اللہ پر قسم بھی ڈال دے تو اللہ اس کی قسم کو پوری کر دیتا ہے، کیا میں تمہیں جہنّمی لوگوں کا نہ بتلاؤں؟ ہر اَکھڑ مزاج، اکڑ اکڑ کر چلنے والا اور تکبر کرنے والا(جہنمی ہے)۔‘‘
واقف وناواقف کوسلام
سیدنا عبداللہ بن عمرو بیان کرتے ہیں کہ
أَنَّ رَجُلًا سَأَلَ رَسُولَ اللّٰهِ ﷺ : أَيُّ الْإِسْلَامِ خَيْرٌ؟ قَالَ: «تُطْعِمُ الطَّعَامَ، وَتَقْرَأُ السَّلَامَ عَلَى مَنْ عَرَفْتَ وَمَنْ لَمْ تَعْرِفْ»(صحيح بخارى، كتاب الإيمان، باب إفشاء السلام من الإسلام: 28-صحيح مسلم، كتاب الإيمان، باب بيان تفاضل الإسلام، وأي أموره أفضل:39)
’’ایک آدمی نے رسول اللہﷺ سے سوال کیا: اسلام کا کون سا کام بہترہے؟ آپﷺ نے فرمایا: (يہ کام کہ) تُو کھانا کھِلائے اور ہر واقف وناواقف شخص کوسلام کہے۔‘‘
پہلے کون سلام کہے؟
ابوہریرہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:
«يُسَلِّمُ الصَّغِيرُ عَلَى الْكَبِيرِ، وَالْمَارُّ عَلَى الْقَاعِدِ، وَالْقَلِيلُ عَلَى الْكَثِيرِ»
(صحيح بخارى، كتاب الإستئذان، باب تسليم الصغير على الكبير:6234)
’’چھوٹا بڑے کو سلام کہے گا، گزرنے والابیٹھنے والے کو اور تھوڑے لوگ زیادہ لوگوں کو۔‘‘
ابوہریرہ رسول اللہﷺسے روایت کرتے ہیں کہ آپﷺ نے فرمایا:
«يُسَلِّمُ الرَّاكِبُ عَلَى الْمَاشِي، وَالْمَاشِي عَلَى الْقَاعِدِ، وَالْقَلِيلُ عَلَى الْكَثِيرِ» (صحيح بخارى: 6233- صحيح مسلم :2160)
’’سوار پیدل کو سلام کہے، چلنے والا بیٹھے ہوئے کو اور تھوڑے لوگ زیادہ لوگوں کو۔‘‘
جابر فرماتے ہیں:
الْمَاشِيَانِ إِذَا اجْتَمَعَا، فَأَيُّهُمَا بَدَأَ بِالسَّلَامِ فَهُوَ أَفْضَلُ. (الأدب المفرد للبخارى:143-صحيح ابن حبان: 1935- سلسلة الأحاديث الصحيحة: 1146)
’’دو چلنے والے جب اکٹھے ہوتے ہیں توان دونوں میں جو سلام میں پہل کرے وہی افضل ہے۔‘‘
ابوامامہ نبیﷺسے روایت کرتے ہیں کہ آپﷺ نے فرمایا:
«إِنَّ أَوْلَى النَّاسِ بِاللّٰهِ مَنْ بَدَأَهُمْ بِالسَّلَامِ»
(سنن أبوداؤد: 5197- صحيح الجامع:2011)
’’یقیناً لوگوں میں سے اللہ تعالیٰ کے زیادہ قریب وہ شخص ہے جوانہیں پہلے سلام کہے۔‘‘
مندرجہ بالا احادیث میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ پہلے سلام کرناکس کافرض ہے؟ تو مختلف نوعیتوں کے حوالے سے مختلف لوگوں کا ذکرفرمایا، یعنی چھوٹا بڑے کو سلام کرے، راہ چلتاشخص بیٹھے ہوئے کو سلام کرے، تھوڑے لوگ زیادہ لوگوں کو سلام کریں اور سوار پیدل چلنے والے کو سلام کرے۔
بہ وقتِ اجازت سلام
عبداللہ بن بسر بیان کرتے ہیں کہ
كَانَ رَسُولُ اللّٰهِ ﷺ إِذَا أَتَى بَابَ قَوْمٍ لَمْ يَسْتَقْبِلِ الْبَابَ بِتِلْقَاءِ وَجْهِهِ وَلَكِنْ عَنْ رُكْنِهِ الْأَيْمَنِ أَوِ الْأَيْسَرِ يَقُولُ: «السَّلَامُ عَلَيْكُمْ». وَذَلِكَ أَنَّ الدُّورَ يَوْمَئِذٍ لَمْ يَكُنْ عَلَيْهَا سُتُورٌ. (سنن أبوداؤد، كتاب الأدب، باب كم مرة يسلّم الرجل في الاستئذان:5186-الأدب المفرد للبخارى:1085)
’’رسول اللہﷺ جب کسی کے دروازے پرتشریف لاتے تو سیدھا دروازے کی طرف رُخ کر کے کھڑے نہیں ہوتے تھے بلکہ دروازے کے دائیں یابائیں کونے میں کھڑے ہوجاتے اور السلام علیکم کہتے اوریہ ان دنوں کی بات ہے جب گھروں (کے دروازاں) پر پردے نہیں ہوتے تھے۔‘‘
گھر کے دروازے کے بالکل سامنے کھڑے ہونا نامناسب امرہے، خاص طور پر جب گھر کے دروازے پہ پردہ نہ ہو، کیونکہ اس طرح گھر کے اندر نگاہ پڑنے کاخدشہ ہوتاہے اور گھرمیں مستورات کے علاوہ بھی بہت سے امور ایسے ہوتے ہیں جو سوائے اہلِ خانہ کے کسی اور کے دیکھنے کے لائق نہیں ہوتے، اس لیے نبی کریمﷺدروازے کی دائیں یا بائیں جانب کھڑے ہوتے تھے۔
سیدنا ابنِ عباس بیان کرتے ہیں کہ
أَتَى عُمَرُ النَّبِيَّ ﷺ وَهُوَ فِي مَشْرُبَةٍ فَقَالَ: «السَّلَامُ عَلَيْكَ يَا رَسُولَ اللّٰهِ! السَّلَامُ عَلَيْكُمْ، أَيَدْخُلُ عُمَرُ؟» (سنن أبوداؤد: 5201- الأدب المفرد للبخارى:4108)
’’سیدنا عمر نبیﷺکے پاس تشریف لائے، جبکہ آپﷺ اپنے حجرے میں تشریف فرما تھے، تو سیدنا عمر نے کہا: اَلسَّلَامُ عَلَيْكَ يَا رَسُولَ اللّٰهِ! اَلسَّلَامُ عَلَيْكُمْ کیاعمراندرآسکتاہے؟‘‘
ربعی بن حراش بیان کرتے ہیں کہ
جَاءَ رَجُلٌ مِنْ بَنِي عَامِرٍ اسْتَأْذَنَ عَلَى النَّبِيِّ ﷺ وَهُوَ فِي بَيْتٍ فَقَالَ: أَلِجُ؟ فَقَالَ رَسُولُ اللّٰهِ ﷺ لِخَادِمِهِ: «اخْرُجْ إِلٰى هٰذَا وَعَلِّمْهُ الِاسْتِئْذَانَ» فَقَالَ لَهُ: قُلِ: السَّلَامُ عَلَيْكُمْ أَأَدْخُلُ، فَأَذِنَ لَهُ النَّبِيُّ ﷺ فَدَخَلَ.
(سنن أبوداؤد:5177)
’’نبیﷺ گھر تشریف فرما تھے کہ بنو عامر کا ایک شخص آیا اور آپﷺ سے اجازت لیتے ہوئے بولا: کیا میں اندر آ سکتاہوں؟ تورسول اللہﷺنے اپنے خادم سے فرمایاکہ اس کے پاس باہر جاکراسے اجازت لینے کاطریقہ بتاؤ، چنانچہ اس نے اسے جا کر کہا کہ یوں کہو: السلام علیکم، کیامیں اندرآسکتاہوں؟) اس نے جب ایسے کہا(تونبیﷺنے اسے اجازت دے دی اوروہ اندرآگیا۔‘‘
٭٭٭

