نماز (فرض) کے بعد مسنون اذکار سے متعلق
حدیث نمبر: 129
عَنْ عبد اللَّه بن عمر رضي الله عَنْه قال: «صَحِبْتُ رَسُولَ اللَّه ﷺ، فَكَانَ لا يَزِيدُ فِي السَّفَرِ عَلَى رَكْعَتَيْنِ، وَأَبَا بَكْرٍ، وَعُمَرَ، وَعُثْمَانَ كَذَلِكَ».
رواه البخاري، أبواب تقصير الصلاة، من لم يتطوع في السفر دبر الصلاة وقبلها، برقم 1102، ورواه مسلم، كتاب صلاة المسافرين، باب صلاة المسافرين وقصرها، برقم 689 بنحوه.
حدیث مبارکہ کا سلیس ترجمہ
سیدنا حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہماسے روایت ہے فرمایا:کہ میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ رہا آپ سفر میں دو رکعتوں سے زیادہ نہیں پڑھا کرتے تھے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ حضرت عمرفاروق رضی اللہ عنہ اور حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا بھی یہی معمول تھا۔
حدیث کے بعض الفاظ کے معانی:
1 - صَحِبْتُ : میں ساتھ رہا ۔
2 - لَا يَزِيْدُ : وہ زیادہ نہیں کرتا ہے/ کرے گا۔
3 - فِیْ السَّفَرِ : سفر میں ۔
4 - رَكْعَتَيْنِ : دو رکعتیں۔
حدیث مبارکہ سے حاصل ہونے والے بعض مسائل اور احکام:
1۔ سفر میں چار رکعت والی نماز کی دو رکعتیں پڑھنا نبی کریم ﷺ کی سنت ہے۔
2۔ نماز قصر ہر طرح کے سفر کے لیے سنت ہے ۔
3۔ نماز قصر اللہ تعالیٰ کا اپنے بندوں کے لیے تحفہ ہے جسے بخوشی قبول کرنا چاہئے جیسا کہ ہمارے پیارے رسول مکرم ﷺ اور آپ کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے کیا ۔
4۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں سیدنا ابوبکر صدیق ، سیدناعمر ، سدنا عثمان غنی اور سیدنا علی رضی اللہ عنہم کی فضیلت تمام صحابہ سے زیادہ ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام جب صحابہ کرام کا نام لیتے تو اسی ترتیب سے لیتے اس میں ان کے درجات اور خلافت میں ترتیب کا اشارہ ہے۔
5۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث پر یہ باب قائم کیا ہے " من لم يتطوع فى السفر دبر الصلاة وقبلها"
سفر میں جس نے فرض نماز سے پہلے اور پیچھے سنتوں (نوافل) کو نہیں پڑھا۔ یعنی سفر میں سنت رواتب/ مؤکدہ پڑھنا سنت سے ثابت نہیں ہیں البتہ تحیۃ المسجد یا سفر کے دوران مطلق نوافل پڑھے جاسکتے ہیں ۔
6۔ سفر میں نماز قصر کا اہتمام کرنا افضل ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ سے سفر میں پوری نماز پڑھنا ثابت نہیں ہے بلکہ آپ ﷺ نے سفر میں ہمیشہ قصر ہی پڑھی ۔
7۔ نماز قصر پڑھنے والے پر تعجب کرنا، یا نفرت وغیرہ کرنا دراصل جہالت ہے۔
8۔سفر میں پوری نماز پڑھنے والے کو افضل سمجھنا درست نہیں ہے۔
9۔ قصر نماز ہر اس سفر میں مشروع ہے جس کو عرف میں سفر کہتے ہیں۔ واللہ اعلم بالصواب ۔
٭٭٭
ہم وہ غلام بیعت ونسبت ہے آپ ؐ سے
جس میں نہیں ہے آپؐ سراسر رسولؐ پاک
وہ آئینہ نہیں ہے برابر رسول ؐ پاک
میرے لیے تو پیڑ ہرا بھی گھنا بھی آپؐ
میرا مکاں ہے دھوپ کے اوپر رسولؐ پاک
گیلی ہے میری خاک تو گردش میں چاک ہے
پیکر میں ڈھالئے مجھے چھو کر رسول ؐ پاک
دل میں اتر کے رہ گیا اترا جو آپؐ پر
اب کیا پڑھیں صحیفۂ دیگر ر سول ؐ پاک
پیاسے لبوں کو آپؐ سے دو گھونٹ کیا ملے
جچتا نہیں ہے کوئی سمندر رسول ؐ پاک
ہم وہ غلام بیعت ونسبت ہے آپؐ سے
ہم خاک چھانتے نہیں در در رسول ؐ پاک
میں آپؐ کے بغیر ادھورا تھا ہر جگہ
پورا ہوا ہوں آپؐ سے مل کر رسول ؐ پاک
چلنے لگا ہوں آپؐ کی انگلی کو تھام کر
گم ہو سکوں گا بھیڑ میں کیوں کر رسولؐ پاک
کب غیر مہر وماہ کے سِکّوں میں بک سکا
قیمت لگا چکا ہے بہت سر رسولؐ پاک
ڈاکٹر رؤف خیر حیدر آباد، دکن
٭٭٭
عقل مندوں کے نزدیک وقت کی قدر و قیمت
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
’’مجھے اس شخص پر سخت تعجب ہوتا ہے جو فارغ بیٹھا رہے اور کسی کام میں مشغول نہ ہو۔‘‘ (الجواہر والدرر: 1؍170)

