نام کتاب: مقالات و فتاویٰ
مرتب : ڈاکٹر صہیب حسن دام ظلہ
ناشر: مکتبہ ضیاء السنہ، اسلام آباد
صفحات: 572،طباعت شاندار
فضیلۃ الشیخ عالم ربانی حضرت ڈاکٹر صہیب حسن﷾ کا نام علم و عمل اور محبت و قدردانی کا استعارہ ہے۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ الشیخ البانی، شیخ ابن باز اور شیخ صہیب حسن کا زمانہ پایا، ان سے یادگار ملاقاتوں، محبتوں اور عقیدتوں نے کئی پہلو سے قلب ونظر کی ٹھنڈکیں حاصل کیں اور مؤخر الذکر سے مسلسل رفاقت کے 34 سال، تو میں سمجھتا ہوں حاصل زندگی ہیں ۔
ڈاکٹر صہیب حسن کا نام اُس وقت سنا تھا، جب میں ڈاکٹر اسرار احمد کے ادارے اور ماہنامہ ’میثاق ‘ سے وابستہ تھا اور ان کی صلاحیتوں اور علمی گہراؤں سے اس وقت متاثر ہوا۔ جب اسرار احمد کے رسالے مسلمانوں پر قرآن کریم کے پانچ حقوق کا عربی ورژن "ما ذا یجب علی المسلمین تجاہ القرآن" کو پڑھا اور عملاً قافلہ اسلاف کا یہ عملی نمونہ 1990میں مانچسٹر مکی مسجد کے افتتاح کے موقع پر ڈاکٹر صاحب سے باہمی تعارف سے میسر آیا ۔ وہ دن اور آج کا دن اپنی خوش قسمتی پر ہاتھ آیا کہ شیخ البانی کی ثقاہت الشیخ ابن باز کی سخاوت و تقویٰ اور حسن مصاحبت کی چلتی پھرتی تصویر بلا مبالغہ اس مجسمہ اخلاق و محبت صہیب حسن میں پائی ہے ۔ اللہ انہیں عمر نوح عطا فرمائے۔ ڈاکٹر صہیب حسن لندن جماعت کے امیر تو ہیں، مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے برسوں امیر رہے اور بطور ناظم نشر واشاعت اس جماعت کا 20 سال سے زیادہ عرصہ مجھے بھی ان کے ساتھ کام کرنے کاموقعہ میسر آیا ۔ آپ حضرت مولانا محمود احمد میر پوری نور اللہ مرقدہ کے ساتھ مل کر مجلہ ’صراط مستقیم‘اردو وانگریزی کے صفحات کو اپنے علمی انوار سے روشن رکھتے رہے اور اب تک علم و عمل کی روشنیاں بکھیر رہے ہیں ۔
اللہ نے آپ کو لکھنے لکھانے کے ساتھ ساتھ حسن ایڈیٹنگ کا ملکہ بھی عطا فرمایا اس لیے انہوں نے اپنے مقالات کو مجلہ کے صفحات میں بے نشان نہیں ہونے دیا، بلکہ انہیں الگ کتاب میں محفوظ کردیا جس کا پہلا حصہ چند سال قبل شائع ہوا تھا ۔( 2015)اور دوسرا مجموعہ کئی سال کی محنت شاقہ کے بعد 2024ء میں اب ہمارے سامنے جگمگا رہا ہے ۔اس بار جولائی میں منعقدہ اسلامی دعوت کانفرنس کے موقعہ پر ان کے ہاتھوں سے ہم تک پہنچا ۔
پہلا حصہ مقالات کا ہے، جس کی ترتیب کچھ اس طرح سے ہے ۔
قرآنیات،( الفاتحہ اور قرآن کی سورتوں کا باہمی ربط، سورہ التین کے رموز و اسرار) اس میں عجیب نکتہ آفرینی کی گئی ہے کہ سورہ میں انجیر، زیتون، طور سینا اور بلد الامین کی قسمیں کھائی گئی ہیں ، انسانی نفوس ان چار مثالوں کی طرح ہیں کچھ انجیر کی طرح شیریں ، کچھ زیتون کی طرح ترش مگر صاف اور روشن ضمیر اور کچھ طور کی طرح مضبوط اور تجلیات ربانی سے معمور اور کچھ بلد امین کی طرح امن و سکون والے ، جن سے دوسروں کو طمانینت و راحت ملتی ہے اسی طرح جس میں جس قدر ایمان اور عمل صالح کا حصہ ہوگا اس میں اتنی ہی زیادہ خصال و عادات کا حصہ ہوگا ۔ وہی احسن تقویم والے ہوں گے اور جو ایمان و اعمال صالحہ اور خوش خصالی سے محروم ہوں گے ، وہی اسفل سافلین والے ہیں۔)
دعائیں کیوں بے اثر ہوگئیں ،یزیدی کون ہیں؟ نصیری فرقہ کیا ہے؟ قادیانیت کی حقیقت، مرزا قادیانی کے بارے میں خدائی فیصلہ، اسلام اور قضیہ فلسطین،روہنگیا کےمسلمان، کرسمس کیا ہے ، اسلام کا نظام وراثت، ڈاکٹر اسرار احمد کا تصور خلافت، برطانوی پارلیمنٹ میں مجوزہ شریعت بل، مسجد توحید میں ہونے والی تقریبات مثلاً تکمیل حفظ قرآن ، تقریب اختتام صیح بخاری و صحیح مسلم)
مقالات میں تبصرہ کتب، منظوم ترجمہ قرآن ، پیش لفظ کتاب تحریک ختم نبوت، تقریب برمقالات مولانا اسماعیل سلفی ، مکالمہ تصنیف ڈاکٹر محمد زبیر، تبصرہ برکتاب حیات و خدمات مولانا عبدالغفار حسن از حافظ عبدالاعلی ) اور ابن قیم کی مختصر سوانح حیات۔
یاد رفتگان
یاد رفتگان کے ضمن میں مولانا صہیب حسن نے جن اکابر کا ذکر کیا، ان میں حضرت مولانا سید داؤد غزنوی، سید ابوبکر غزنوی، امام حرم الشیخ ابن السبیل، حاتم زمانہ اور دورِ حاضر کے حافظ ابن حجر و امام ابن قیم فضیلۃ الشیخ عبدالعزیز بن باز کے واقعات قلمبند کئے ، جن سے ایمان وزمانہ ماضی مہک اٹھتا ہے ۔ اسی طرح تذکرہ مولانا امین احسن اصلاحی، مولانا حکیم عبدالرحیم اشرف، شیخ صالح الحصین کا تذکرہ بھی کیا۔
سید ابو بکر غزنوی کے تذکرے میں مولانا صہیب حسن نے مرشد و مخدوم سید ابوبکر غزنوی کے ساتھ اپریل 1976 لندن میں پیش آنے والے جان لیوا حادثے اور ان سے آخری ملاقات کا ذکر کیا ہے ۔
خاص قابل ذکر بات جو اس میں مولانا نے بتائی وہ یہ کہ جب آپ سید صاحب سے ملنے ہسپتال پہنچے تو ان کے سرہانے ایک کاغذ پڑا ہوا تھا جس میں پنجوقتہ نمازوں کی فہرست تھی اور ہر نماز کے ذکر کے بعد اثبات یا نفی کے نشانات تھے ۔
اللہ اللہ !!
یہ نحیف و نزار جان لیوا حادثے کا شکار نمازوں کی ادائیگی پر کتنا بے تاب ہے۔ مخدوم غزنوی کے نمازوں کے اہتمام کی خبر مولانا صہیب حسن نے دی ، جبکہ حکیم محمد سعیدنے اپنے ایک مضمون میں ان کے ذکر و اذکار اور جسم و لباس کی طہارت کا اہتمام ذکر کیا۔یہ سب شہادتیں سید مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے سفارشات باذن ربہ کی غماز ہیں ۔ اللہ کریم ہمارا خاتمہ بھی ایمان و عمل صالح کے ساتھ فرمائے۔
﴿تَوَفَّنَا مُسْلِمِیْنَ وَاَلْحِقْنَا بِالصَّالِحِیْنَ، وَحَسُنَ أُولَئِكَ رَفِیْقًا﴾
الشیخ ابن باز مولانا صہیب حسن سے کتنی محبت رکھتے تھے اس کا اندازہ ہمیں کئی بار ہوا جب شیخ کا کسی ہماری برانچ میں ٹیلیفونک خطاب ہوتا تو ترجمانی صہیب صاحب کرتے ۔جب شیخ ابن باز سے ابتدائی سلام ودعا ہوتی تو وہ آپ سے والد گرامی اور اہل و عیال کے علاوہ کئی ذاتی احوال پوچھتے۔ الشیخ ابن باز حاتم وقت تھے ۔ عالم بے بدل تھے وقت کے ابن قیم و ابن حجر تھے ۔ حافظہ اتنا باکمال کہ برسوں کی بات انہیں ازبر رہتی ایک بار حرم میں ملاقات ہوئی، میں نے ایک خط کا تذکرہ کیا، تو الشیخ نے بتایا کہ اس کا جواب ہم نے تم کو بھیج دیا تھا اور وہ پاکستان کے پتے پر بھیج دیا تھا حالانکہ یہ کئی سال پہلے کی بات تھی ۔ میری حیرانی کی حد نہ رہی ۔
امام حرم کی یاد میں جس میں ولی کامل حضرت الامام الشیخ محمد بن السبیل کا ایمان افروز تذکرہ ہے ۔ الشیخ بن السبیل جو الشیخ ابن باز کے بعد علماء کا سرخیل تھے۔وہی تواضع وہی کریمانہ اخلاق وہی چھوٹوں کے ساتھ شفقت یعنی اسلاف کی روایات کریمانہ کی مکمل پاسداری۔
الشیخ ابن السبیل پر ایک مضمون اس خاکسار عبدالاعلیٰ نے بھی لکھا جو جنگ لندن میں شائع ہوا تھا۔ الشیخ سے جب بھی مکہ مکرمہ میں ملاقات ہوئی خندہ پیشانی سے دل جیت لیتے تھی ۔
1986 میں الشیخ پاکستان کے دورے پر بھی تشریف لائے بیگم کوٹ مدرسۃ البنات كے افتتاح پر الشیخ کی تقریر کا کچھ حصہ مجھے اور عطاء الرحمن ثاقب() کو سامعین تک پہچانے کا موقع ملا ۔ مدینہ یونیورسٹی سے فراغت کے بعد مکہ مکرمہ میں تدریب المعلمین کورس کرنے کے لیے داخلے کے لیے کسی بڑے عالم کے تزکیےکی ضرورت محسوس ہوئی، تو میری نظر الشیخ ابن السبیل پر پڑی اور دفعتاً الشیخ وہاں سے گزر رہے تھے ۔
مدعا عرض کیا تو مجھے ساتھ لے کر اپنے مکتب تشریف لے گیے اور وہاں میرے لیے سفارشی خط ڈکٹیک کروایا پھر جب آپ ستمبر 1989 میں برطانیہ کے دورے پر تشریف لائے تو مانچسٹر کے بعد باٹلے مدینہ مسجد کے افتتاح کے موقع پر بھی ملاقات ہوئی، تو انہوں نے اتنی اپنائیت اور ذاتی دلچسپی ظاہر کی کہ دل و دماغ معطر ہوگیا ۔ شیخ صہیب حسن نے تو پوری تفصیل سے ان کی پاکستان تشریف آوری کی روئیداد بیان فرمائی ہے ۔
کتاب کا دوسرا حصہ فتاوی جات پر مشتمل ہے جس میں ڈاکٹر صہیب حسن ایک بلند پایہ مفتی نظر آتے ہیں ۔
سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں کے کئی موضوعات کو وضاحت سے بیان کیا جن میں شعروشاعری، انبیاء کی تعداد، سفر میں جمع بین الصلاتین، وتر میں دعائے قنوت، خلع کیسے جائز ہے ؟ اسلام میں داڑھی کی اہمیت ، ایک مجلس میں تین طلاق کا حکم، عورت کی امامت کا مسئلہ ، تدوین قرآن ، صحیح مسلم میں مرسل احادیث ، جرابوں پر مسح، حیات شہدا ، ایصال ثواب جیسے موضوعات پر خامہ فرسائی فرمائی ہے۔
غرضیکہ یہ کتاب ساتھ ہو تو ہر شخص سلف صالحین کے مقدس گروہ کی مجلس میں خود کو محسوس کرتا ہے ۔
کتاب خوبصورت ہے، البتہ جلد بندی کچھ ایسے ہوئی ہے کہ کتاب کو پڑھنے کے لیے کافی تگ و دو کرنی پڑتی ہے ۔ بالخصوص اگر کوئی حصہ نوٹ کرنا ہو تو بڑی مشکل محسوس ہوتی ہے ۔کوئی ماہر جلد ساز ہو تو کافی آسانی سے مطالعہ ممکن ہوتا ہے ۔
خاکسار:حافظ عبدالاعلی درانی ۔ بریڈفورڈ ۔ برطانیہ
23ستمبر 2024، 19ربیع الاول 1445 ھ
٭٭٭
سیدنا عبد الله بن مسعود فرماتے ہیں :
’’دنیا کی اچھائیاں ختم ہو گئی اور برائیاں باقی ہیں چنانچہ آج مرنا ہر مسلمان کے لئے تحفہ (جنت) ہے ۔‘‘
فائدة: نبی کریم ﷺ نے فرمایا :
” اِس دنیا میں سوائے آزمائش اور فتنے کے کچھ باقی نہیں رہا۔‘‘(سنن ابن ماجہ: 4035)

