’’المرسلات‘‘ 77 ویں (مکی) سورہ اور ابتدائی تنزیلات میں شامل ہے۔مذکورہ سورت میں 50 آیات کریمہ اور 2 رکوع آئے ہیں۔
قرآن مجید کا مطالعہ کرتے ہوے ہمارے ذہن میں یہ چیز رہنی چاہئےکہ مذکورہ بالا سورت ’’المرسلات‘‘سے قبل جو دو سورتیں گزریں ہیں یعنی”سورہ قیامہ“اور سورہ ”دہر“ اور سورہ (المرسلات) کے بعد جو دو سورتیں آئیں گی یعنی سورہ ”نبا“ اور سورہ ”نازعات“ اس طرح یہ کل ملاکر5 سورتیں ہیں جوایک ہی دورکی تنزیلات سے ہے۔ جن میں ایک ہی مضمون ہے، وہ یہ کہ قیامت اورآخرت ایک یقینی چیز ہے۔جس کا انکارکرنے سے جو بُرے نتائج برآمدہوں گے….،اوراس کا اقرار کرکے آدمی کس طرح فائدے میں رہے گا….اس سلسلہ میں لوگوں کو خبردار کردیا گیا۔
نبی ﷺ کی،دعوتِ حق میں قیامت کے یقینی طور پر برپا ہونے کی تعلیم دی جاتی ہے، اس کے جواب میں مشرکین مکہ انکار کی روش اختیار کرتے ہیں۔ لہذا منکرین قیامت کے ذہنوں کو جھنجوڑتے ہوے اس سلسلہ میں،ہواؤں کا ذکر فرمایا اور واضح حقائق ان کے سامنے رکھےگئے تاکہ وہ سمجھ بوجھ سےکام لیتے ہوئے اپنی فکرو نظر Point of view یا Perspective میں تبدیلی لائیں، مطلب یہ کہ ہواؤں کے انتظام کو اس حقیقت پر گواہ قرار دیا گیا کہ قرآن حکیم اور محمد رسول اللہ ﷺ جس چیز (قیامت) کی خبر Doomsday news دے رہے ہیں وہ ضرور واقع ہو کر رہے گی۔ دراصل یہاں پر استدلال یہ ہےکہ جس قادر مطلق ہستی نے اس زمین پر حیرت انگیز جوانتظام چلا رہا ہے (جسے تم اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہو اور محسوس بھی کرتے ہو) یہ خدا کی ہستی ایسی بلند و بالا ذات عالی ہے وہ، قیامت برپا کرنے سے عاجز نہیں ہوسکتی، غرضیکہ خالق کائنات بڑی حکمت والاہے، اور اس حکیم کا کوئی فعل فضول اور بے مقصد نہیں ہے بلکہ ہر چیز بامقصد ہےاسی طرح قیامت کے برپا کئے جانےکابھی ایک عظیم مقصد ہے۔ اس طرح ابتدائی سات 7 آیات میں قیامت کے برپا کئے جانے پر اپنی قدرت کاملہ کے شان و بڑائی واضح اندازمیں رکھی گئ۔ مولانا سید مودودی رحمہ اللہ لکھتےہیں کہ
”یہاں قیامت کے ضرور واقع ہونے پر پانچ چیزوں کی قسم کھائی گئی ہے،ایک: ﴿وَالْمُرْسَلَاتِ عُرْفًا ﴾ ’’پے درپے،یا بھلائی کے طور پر بھیجی جانے والیاں۔‘‘
دوسرے: ﴿ فَالْعَاصِفَاتِ عَصْفًا ﴾ ’’بہت تیزی اور شدت کے ساتھ چلنے والیاں۔‘‘
تیسرے: ﴿وَالنَّاشِرَاتِ نَشْرًا﴾’’خوب پھیلانے والیاں۔‘‘
چوتھے: ﴿ فَالْفَارِقَاتِ فَرْقًا﴾ ’’الگ الگ کرنے والیاں۔‘‘
پانچویں: ﴿فَالْمُلْقِيَاتِ ذِكْرًا﴾’’یاد کا القا کرنے والیاں۔‘‘
چونکہ ان الفاظ میں صرف صفات بیان کی گئی ہیں اور یہ صراحت نہیں کی گئی ہے کہ یہ کس چیز یا کن چیزوں کی صفات ہیں۔اس لیے مفسرین کے درمیان اس امر میں اختلاف ہوا ہے کہ آیا یہ پانچوں صفات ایک ہی چیز کی ہیں، یا الگ الگ چیزوں کی، اور وہ چیز یا چیزیں کیا ہیں۔ایک گروہ کہتا ہے کہ پانچوں سے مراد ہوائیں ہیں۔ دوسرا کہتا ہے پانچوں سے مراد فرشتے ہیں۔
تیسرا کہتا ہے پہلےتین سے مراد ہوائیں ہیں اور باقی دو سے مراد فرشتے ہیں۔ چوتھا کہتا ہے پہلے دو سے مرادہوائیں اور باقی تین سے مراد فرشتے ہیں اور ایک گروہ کی رائے یہ بھی ہے کہ پہلے سے مراد ملائکہ رحمت، دوسرے سے مراد ملائکہ عذاب اور باقی تین سے مراد قرآن مجیدکی آیات ہیں۔
ہمارے نزدیک پہلی بات تو یہ قابل غورہےکہ جب ایک ہی سلسلہ کلام میں پانچ صفات کا مسلسل ذکرکیا گیا ہے اور کوئی علامت بیچ میں ایسی نہیں پائی جاتی جس سے یہ سمجھا جاسکے کہ کہاں تک ایک چیز کی صفات کا ذکر ہے اور کہاں سے دوسری چیز کاذکر شروع ہوا ہے، تو یہ کیسے صحیح ہوسکتا ہےکہ محض کسی بےبنیادیا قیاس کی بناپرہم یہ سمجھ لیں کہ یہاں دوباتیں مختلف چیزوں کی قسمیں کھائی گئی ہیں، بلکہ اس صورت میں نظم کلام خوداس بات کا تقاضا کرتاہےکہ پوری عبارت کو کسی ایک ہی چیزکی صفات سے متعلق مانا جائے۔
دوسری بات یہ ہےکہ قرآن مجید میں جہاں بھی شک یا انکار کرنے والوں کو کسی حقیقتِ غیر محسوس کایقین دلانےکے لیےکسی چیز،یا بعض چیزوں کی قسم کھائی گئی ہے وہاں قسم دراصل استدلال کے ہم معنی ہوتی ہے، یعنی اس سے مقصود یہ بتانا ہوتا ہے کہ یہ چیز یاچیزیں اس حقیقت کےصحیح و برحق ہونے پر دلالت کر رہی ہیں۔اس غرض کےلیےظاہر ہےکہ ایک غیر محسوس شئے کے حق میں کسی دوسری غیر محسوس شئے کو بطور استدلال پیش کرنا درست نہیں ہو سکتا، بلکہ غیرمحسوس پر محسوس سے دلیل لانا ہی موزوں اور مناسب ہوسکتا ہے۔‘‘ (تفہیم القرآن)
اسطرح قیامت کے واقع ہونےکی بات بھی اس میں رکھی گئ کہ ﴿ إِنَّمَا تُوعَدُونَ لَوَاقِعٌ ﴾
بےشک جو وعدہ تم سے کیا جارہا ہے وہ شدنی ہے: یعنی اسکا وقوع لازمیInevitability ہے۔ مولاناامین احسن اصلاحی ” قسموں کا مقصود “پر لکھتے ہیں کہ
”یہ مذکورہ قسموں کا مقسم علیہ ہے۔ فرمایا کہ جس بات کا تم سے وعدہ کیاجا رہا ہے وہ واقع ہو کےرہےگی۔ ’تُوْعَدُوْنَ‘ یہاں عام ہے، اس میں وعدہ اور ’وعید‘ دونوں شامل ہےلیکن یہ سورہ، جیسا کہ ہم تمہید میں اشارہ کر چکے ہیں،انذار کی ہے اس وجہ سے یہاں وعید کا پہلو غالب ہے۔ یعنی جس عذاب اور قیامت سے تمہیں ڈرایا جا رہا ہے وہ اٹل ہے، اس سے تمہیں سابقہ پیش آ کے رہے گا۔عذاب اور قیامت پر ہواؤں کے تصرفات کی شہادت گوناگوں پہلوؤں سے پچھلی سورتوں میں بیان ہو چکی ہے۔تفصیل مطلوب ہو تو سورۂ ذاریات کی تفسیر پر ایک نظر ڈال لیجیے۔ یہاں صرف اتنی بات یادرکھیے کہ
اللہ تعالیٰ نےعذاب اور قیامت کے مکذبین کو ہواؤں کے تصرفات کی طرف توجہ دلا کر متنبہ فرمایا ہے کہ اپنی قوت و سطوت پر زیادہ ناز نہ فرماؤ۔ اللہ عذاب لانا چاہے تو اسےکوئی بڑااہتمام نہیں کرناہے۔ جس ہوا کی لائی ہوئی بارش سے جیتے ہو اسی کے پیچ ذرا ڈھیلے چھوڑ دے تو چشم زدن میں تمہاری ہستی کا نام و نشان ہی مٹ جائے۔اس دنیا میں کتنی ہی قومیں گزری ہیں جن کو ہواہی نےخس و خاشاک کی طرح اڑا دیا۔‘‘ (تدبر قرآن)
اصل میں لوگوں کو متنبہ کیا جارہا ہے کہ یہ عظیم واقعہ ہوکر رہے گا یہ چیز شک کرنے کی نہیں ہے بلکہ اسکی پیشگی جو خبر دی جارہی ہے اس سے فائدہ اٹھاؤ اور اسکی تیاری کی طرف متوجہ ہوجاؤ۔
مولانا صلاح الدین یوسف رحمت اللہ علیہ اپنی معروف تفسیر میں لکھتے ہیں کہ جس چیز کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے یقیناً ہونے والی ہے: ”( یا جواب قسم) یہ ہےکہ تم سے قیامت کا جو وعدہ کیا جاتا ہے،وہ یقیناً واقع ہونے والی ہے یعنی اس میں شک کرنے کی نہیں بلکہ اس کے لئے تیاری کرنے کی ضرورت ہے؟ اگلی سورت میں اس کو واضح کیا جارہا ہے۔“( احسن البیان) نبی ﷺ قیامت کی ہولناکیوں کا ذکر فرماکر لوگوں کو اس سلسلہ میں متنبہ فرمایا کر تے اور منکرین اس کےانکار میں یہاں تک آگےبڑھ چکےتھے کہ آپ ﷺ سے یہ مطالبہ کرتے ہوئے کہتےکہ اے محمد (ﷺ) آپ جو ہمیں قیامت کے بارے میں ڈرارہےہیں اسے لاکرتودکھایئے؟ تب ہم اسے مانیں گے۔اس کے جواب میں اللہ تعالیٰ ان کےاس مطالبہ کاذکرکئے بغیر آیت 8 تا 15 میں اس کابھرپورجواب دیتے ہوے ، ان آیات میں قیامت کی (ہلچل وافراتفری Apocalyptic) کی ہنگامہ خیز تصویر پیش کی ہے ۔
”یعنی اس دن اس کائنات کی وہ چیزیں جوبہت عظیم،بڑی ہی پرشوکت اور بالکل غیرفانی اورلازوال نظر آتی ہیں اور جن کو دیکھ کر تم گمان کرتےہوکہ بھلا ان کو ان کی جگہ سےکون ہلا سکتا ہےوہ بالکل بے نشان اور بے حقیقت ہو کےرہ جائیں گی۔ ہواؤں کےلائے ہوئےطوفانوں سےبڑے بڑے شہروں، محلوں اور قلعوں کوجس طرح بے نشان ہوتے دیکھا ہے اسی طرح اس دن ایسی ہلچل برپا ہو گی کہ ستارے بےنشان ہو جائیں گے، آسمان پھٹ جائے گا اور زمین کے پہاڑ ریزہ ریزہ ہو جائیں گے۔‘‘ (اقتباس)
جو لوگ اپنی زندگی کے قیمتی اوقات اور لمحات کو یوں ہی بےمقصدوبےلگام اور خدا کے پاس جواب دہی کے احساس کے بغیر گزار دیتے ہیں ایسے لوگوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے،قیامت کاہوشربا منظر رکھا گیا ہے کہ ( یوم حساب کی) یہ گھڑی فیصلہ کے دن تک کے لئے ملتوی ہے؛ ہاں یاد رکھو !وہ فیصلہ کا دن ایسا ہوگاجس میں سب کاحساب کتاب ہوگا اور تمام مقدمات تمام تنازعات اور سارے اختلافات کافیصلہ کردیا جائے گا، یہ فیصلے کا دن The Last Day of judgment ان لوگوں کےلئےتباہی وبربا دی کادن ہوگا جو رسول اللہ کی لائی ہوئی کتاب کی تکذیب کیا کرتے ہیں اورروز قیامت کا انکار کرتے ہوئے اسے ناممکن تصور کرتے ہیں، ایسے لوگوں کے لئے ویرانی وبرباد Reindicate ہے یعنی جنہوں نے اس دن کے آنے کی خبرکو جھوٹ سمجھا، اوریہ سمجھتےرہےکہ وہ وقت نہیں آناہےجب انہیں اپنے خداکے سامنے حاضر ہو کر اپنے اعمال کی جواب دہی کرنی ہو گی۔
آیت 16 تا 28 میں بڑے دلنشین انداز میں مسلسل آخرت پر بیان چلتا ہے جس میں اس بات کو نمایاں کیا گیا کہ تصورآخرت سے انحراف کرکےقوموں میں بگاڑ آتاہےیعنی آخرت کا انکار کرکے جن قوموں نےبھی زندگی گزاری ، تباہی ان کامقدربن گئی!اس سلسلہ میں﴿ أَلَمْ نُهْلِكِ الْأَوَّلِينَ﴾ فرماتے ہوئے گزری ہوئی قوموں کی ہلاکت کا ذکر ہوا کہ ان لوگوں نےجیسے کہ، قوم عاد وثمود اور قوم نوح اور قوم فرعون نےانکار آخرت اورخوف خدا سے بے نیاز زندگی گزاری تو پھر وہ فسق وفجورکےدلدل میں اترتے چلے گئے۔ان قوموں کی Chronicles of destroyed nations روداداہل مکہ کےسامنے رکھی گئ کہ وہ ہوش کے ناخن لیں۔
مولانا پیر محمد کرم شاہ الا زھری علیہ الرحمہ نےاس بارے میں عام فہم اندازمیں تحریر فرمائی،وہ لکھتے ہیں کہ”اہل مکہ جوبڑی شدد سے وقوع قیامت کا انکارکیا کرتے تھے،انہیں بتایا جارہا ہے کہ اگروہ اپنے سے پہلے گزری ہوئی قوموں کےانجام پر غور کریں اور اس کی وجہ تلاش کریں تو انہیں قیامت پر ایمان لانے میں کوئی دِقّت نہ ہوگی۔عاد، ثمود، قوم نوح، قوم فرعون جسمانی قوت و زورمیں کسی سے کم نہ تھے، دولت وثروت کے بھی ان کے پاس انبار لگے تھے۔ ان کے پاس لشکرِ جرار تھے، ان کے سپاہی تجربہ کاراور جنگجو تھے، ان کے پاس ماہرین حرب جرنیلوں کی بھی کمی نہ تھی، اپنے زمانے کے معیار کے مطابق وہ علوم وفنون میں بھی کسی قوم سے پیچھے نہ تھے،انکی کاروباری مہارت بھی لاجواب تھی۔اگران چیزوں کو پیشِ نظر رکھا جائے توان قوموں کو مدت دراز تک عزت واقبال سے زندگی بسر کرنی چاہیے تھی، ان کے اقتدار کا نقارہ دیر تک بجتا رہتا، لیکن اے اہل مکہ تم جانتے ہو کہ انہیں آناً فاناً تباہ کردیا گیا۔اس کی وجہ اس کے بغیر اور کیا ہو سکتی ہےکہ ان کے اعمال بڑے قبیح، ان کی حرکتیں بڑی ذلیل،ان کے اخلاق بہت بگڑے ہوئے تھے۔جھوٹ، بدعہدی،کم تولنا،کم ناپنا، کمزور لوگوں پر ظلم وتشدد،ان کا وتیرہ بن گیا تھا۔ وہ عیش عشرت میں بڑی دریادلی سے اپنی دولت کو لٹاتےاور معصوم عصمتوں کو بڑی بے دردی سے لوٹتے۔گمراہی اور برائی میں بغیرکسی جھجک کےان کے یوں مگن ہونے کا سبب یہی تو تھا کہ انہیں محاسبہ کا کوئی اندیشہ نہ تھا۔اگر انہیں یہ خیال ہوتا کہ ایک روز انہیں اپنےرب کےروبرو پیش ہوکر حساب دینا ہے تو وہ یوں فسق وفجورمیں غرق نہ ہوجاتے۔ روز حساب سے بے فکر ہو کر وہ فسق وفجورکی دلدل(Sin and lniquity) میں دھنستے چلے گئے،یہاں تک کہ ان کے بد اعمالیوں کےطبعی نتائج اس دنیامیں ہی ظاہر ہوگئے اور انہیں تباہ وبرباد کردیا گیا۔ اے اہل مکہ! اگر تم بھی اسی قسم کے ہولناک انجام سے دوچار ہونا چاہتے ہو تو بے شک اس روش کو مت چھوڑو اور اگر تم اپنے آپ کو تباہ و برباد نہیں کرنا چاہتےتو روز قیامت پر ایمان لاؤ۔ صرف محا سبہ کے ڈر سےہی تمہارے بگڑے ہوئے دماغ درست ہوسکتے۔“
(ضیاءالقرآن جلد پنجم صفحہ 454تا455حاشیہ 5)
اس سورۃ میں ایک خاص بات بہت ہی قابل توجہ ہے! ﴿وَيْلٌ يَوْمَئِذٍ لِّلْمُكَذِّبِينَ﴾
’’تباہی ہے اس دن جھٹلانے والوں کے لئے۔‘‘
اس آیت کو 10 دس بار دھرایا گیا ہے،اس سے اس کی اہمیت واضح ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو بار بار انتباہ دے رہا ہے، جو انکار حق کی روش پر چلتے ہیں۔
مولاناسید ابوالاعلیٰ صاحب رحمہ اللہ اس آیت کی تشریح فرماتے ہوے لکھتے ہیں کہ
﴿وَيْلٌ يَوْمَئِذٍ لِّلْمُكَذِّبِينَ﴾
” یہاں یہ فقرہ اس معنی میں ارشاد ہوا ہےکہ دنیا میں ان کاجوانجام ہوا ہے یا آئندہ ہوگا وہ ان کی اصل سزانہیں ہے،بلکہ اصلی تباہی تو ان پر فیصلےکے دن نازل ہوگی۔ یہاں کی پکڑ تو صرف یہ حیثیت رکھتی ہے کہ جب کوئی شخص مسلسل جرائم کرتاچلاجائے اور کسی طرح اپنی بگڑی ہوئی روش سے بازنہ آئے توآخرکاراسے گرفتارکرلیاجائےگا۔عدالت، جہاں اسکے مقدمےکافیصلہ ہونا ہےاوراسےاس کے تمام کرتوتوں کی سزا دی جانی ہے،اس دنیا میں قائم نہیں ہوگی بلکہ آخرت میں ہوگی، اور وہی اسکی تباہی کا اصل دن ہوگا۔(مزید تشریح کے لیے ملاحظہ ہو تفہیم القرآن جلد دوم، الاعراف، حواشی 5۔6۔ ہود، حاشیہ 105)
اس طرح آگے آیت 40 تک قیامت کو جھٹلانے والوں کا مضمون آیا ہے۔ آیت کریمہ
41تا45 میں متقین اور روز قیامت کو حق جانتے ہوئے اپنی زندگی گزارنے والےنیک لوگوں کا ذکر خیر ہوا اور انھیں جن جن نعمتوں Blessingsسے نوازاجائےگا اس کی تصویر پیش فرمائی گئی تاکہ لوگ خیرکی طرف آگےبڑھیں۔
سورت کا اختتام پھران لوگوں کو انتباہ دیتے ہوئے ہواجو اپنی زندگی من مانی وبے بندگی گزارتے ہوئےآخرت کو فراموش کر رہے ہیں ان کے لیے فرمایا:﴿فَبِأَيِّ حَدِيثٍ بَعْدَهُ يُؤْمِنُونَ ﴾
یعنی اس کو پڑھ کر یاسن کربھی اگر کوئ شخص ایمان نہیں لاتا تو اس کے بعد پھر اور کیا چیز ایسی ہوسکتی ہے جو اس کو راہ راست پر لاسکے؟
حقیقت یہ کہ جو شخص بھی اس قرآن سے ہدایت حاصل نہ کیااس کےلیےاب کوئی دوسری چیز نہیں ہے۔ جس سے ہدایت حاصل کی جائے کیونکہ قرآن ہی واحد سرچشمہ ہدایت ” Source of guidance“ہے۔
٭٭٭
مولانا محمد شفیق خان پسروری رانا
نائب ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ومنتظم ’پیغام ٹی وی پاکستان ‘‘، معروف کالم نگار اور مصنف کتب کثیرہ اور علامہ احسان الٰہی ظہیر شہید کی مسجد کے خطیب و سابق ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان
’’غازی شفیق خاں پسروری رانا‘‘
خطابت کے شہسوار، اردو ادب کے دانا
’احسان الٰہی ظہیر‘ کی مسجد کے ہیں خطیب
نائب ناظم اعلیٰ ہیں مرکزی جمعیت کے نقیب
اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر بھی رہ چکے
اور ایک خصوصی عہدہ جمعیۃ سے لے چکے
رائیٹر ہیں لکھ چکے ہیں کتابیں بھی کثیر
محفوظ دشمنوں سے رہیں رب القدیر
ڈاکٹر عبد الرب ثاقب ڈڈلی

