اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
﴿ فَبِمَا رَحْمَةٍ مِّنَ اللَّهِ لِنتَ لَهُمْ ۖ وَلَوْ كُنتَ فَظًّا غَلِيظَ الْقَلْبِ لَانفَضُّوا مِنْ حَوْلِكَ ﴾ (سورة آل عمران: 159)
ہر طرح کی تعریف و ثنا ، اللہ رب العالمین کے لیے، درود و سلام سرور انبیاء محمد مصطفیٰ، احمد مجتبیٰ ﷺ کے لیے۔ مؤمن میں جو اچھائیاں، جو خوبیاں اور صفات ہونی چاہیئں، خطبات میں ان کا ذکر چل رہا ہے۔ ان میں سے ایک ہے، حِلم یعنی نرمی، جلدی غصے اور اشتعال میں نہ آنا۔ اس کو حلم کہتے ہیں۔ اس کا Opposite، اس کا الٹ ہے غصہ، غضب۔
نرمی کو عربی میں ’رشق‘ بھی کہا جاتا ہے۔سختی کی بجائے طبیعت میں نرمی پسند کی گئی ہے۔
اسی حوالے سے نبی کریم ﷺکو مخاطب کر کے اللہ نے فرمایا کہ
﴿ فَبِمَا رَحْمَةٍ مِّنَ اللَّهِ لِنتَ لَهُمْ﴾ (سورة آل عمران: 159)
اللہ کا آپ پہ فضل ہے، رحمت ہے، کرم ہے، جس کی وجہ سے آپ نرم دل ہیں، نرم طبیعت اور حلم والے ہیں، نرمی والے ہیں، سختی والے نہیں۔
فرمانِ باری تعالیٰ ہے:
﴿وَلَوْ كُنتَ فَظًّا غَلِيظَ الْقَلْبِ لَانفَضُّوا مِنْ حَوْلِكَ﴾ (سورة آل عمران: 159)
اگر آپ سخت دل اور سخت گو یعنی سخت بات کرنے والے ہوتے تو پھر یہ صحابہ کا جو ہجوم، پروانہ وار آپ پہ نثار ہونے کو تیار رہتا ہے، یہ جو آپ سے شدید دلی محبت کرتے ہیں، یہ کیفیت نہ ہوتی۔لوگ آپ کی سختی کی وجہ سے فاصلے پر رہتے، دور رہتے، قریب نہ آتے، اور اس طرح پروانہ وار آپ کے جان نثار نہ ہوتے۔ نرمی ان صفات میں سے ہے، جو اللہ نے مؤمن کے اندر ہونی پسند کی ہے۔
حضرت انس سے روایت ہے نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے:
«مَامِنْ شَیْئٍ أَحَبُّ إِلَی اللہِ مِنَ الْحِلْمِ» (مسند أبي يعلى : 7/ 247)
اللہ کے نزدیک انتہائی پسندیدہ چیز حلم ہے، یعنی نرمی اور غضب اور غصے سے بچنا۔ اللہ کو یہ بہت پسند ہے۔
حضرت ابو ہریرہ سے بخاری میں روایت ہے ، آپﷺسے نصیحت کے لیے کہا گیا ۔ نبی کریم ﷺ سے فرمائش کی گئی کہ کوئی خاص نصیحت فرمائیے، خاص قسم کی ہو، اس پر میں عمل کروں۔ فرمایا:
أوْصِنِي، قالَ: «لا تَغْضَبْ. فَرَدَّدَ مِرارًا»، قالَ: «لا تَغْضَبْ» (صحيح بخارى: 6116)
دو لفظوں میں فرمایا: غصے میں نہ آیا کرو، غصے کو کنٹرول کیا کرو۔
پوچھنے والے نے بار بار کہا، کوئی اور نصیحت؟ لیکن نبی کریم ﷺ انہی الفاظ کو دہراتے رہے۔ جب بھی اس نے کہا کوئی اور نصیحت، آپﷺ نے کہا: بس ایک ہی نصیحت ہے، غصے کو کنٹرول کرو۔
آپ ہر ایک کو اس کی طبیعت کے مطابق مشورہ اور حکم دیتے تھے۔ ہو سکتا ہے کہ ان میں غصہ زیادہ ہو، لیکن یہ نصیحت صرف کسی خاص آدمی کے لیے نہیں بلکہ سب کے لیے تھی۔
حدیث نبوی ہے:
«ليسَ الشَّدِيدُ بالصُّرَعَةِ، إنَّما الشَّدِيدُ الذي يَمْلِكُ نَفْسَهُ عِنْدَ الغَضَبِ»
پہلوان، قوی، طاقتور وہ نہیں جو دوسروں کو پچھاڑ دیتا ہے یا گرا دیتاہے،ان پر جسمانی طور پر غالب آتا ہے، بلکہ طاقتور وہ ہے جو غصے کے وقت اپنے آپ کو سنبھال سکتا ہے، اپنے آپ پر ضبط کر سکتا ہے اور اپنے غصے کو کنٹرول کر سکتا ہے۔(صحيح بخارى: 6114)
غصے کے وقت سب سے پہلے اور سب سے زیادہ جو چیز چلتی ہے، وہ زبان ہے۔ زبان سے برا بھلا کہا جاتا ہے اور پھر ہاتھ یا دیگر چیزیں استعمال ہوتی ہیں۔
اس لیے آپﷺنے فرمایا:
«طُوبى لِمَن مَلَكَ لِسَانَه.» (الطبراني: 21/3)
خوشخبری ہے اس کے لیے، جو اپنی زبان پر کنٹرول رکھتا ہے۔
غصے پر قابو پانے کے لیے زبان پر کنٹرول ضروری ہے۔ خوشخبری کس چیز کی؟ آخرت کی کامیابیوں کی، اللہ کی خوشنودی کی۔ خوشخبری کس کو؟ اس کو جو غصے میں اور ہر حال میں اپنی زبان کو قابو میں رکھتا ہے، زبان کو اجازت نہیں دیتا کہ وہ گالی گلوچ کرے، کسی کی بے جا توہین کرے یا کسی کی دل آزاری کرے۔صحیح مسلم میں حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہے کہ ایک صحابی نے نبی کریم ﷺ سے اپنے رشتہ داروں کی شکایت کی:
«أَصِلُهُمْ وَيَقْطَعُونِي، وَأُحْسِنُ إليهِم وَيُسِيؤُونَ إلَيَّ، وَأَحْلُمُ عنْهمْ وَيَجْهَلُونَ عَلَيَّ، فَقالَ: لَئِنْ كُنْتَ كما قُلْتَ، فَكَأنَّما تُسِفُّهُمُ المَلَّ وَلا يَزالُ مَعَكَ مِنَ اللهِ ظَهِيرٌ عَلَيْهِمْ مَا دُمْتَ عَلَى ذَلِكَ» (صحيح مسلم: 2558)
’’میں ان سے اچھا سلوک کرتا ہوں اور وہ رشتوں کو کاٹتے ہیں۔ میں ان سے نرمی کرتا ہوں اور وہ مجھ پر سختی کرتے ہیں۔‘‘
میں اچھا سلوک کرتاہوں وہ تکلیف دیتے ہیں، آپﷺ نے فرمایا:
’’اگر تو اسی طرح کرتا رہے، ان کی برائی کے مقابلے میں اچھائی کرتا رہے اور ان کی سختی کے جواب میں نرمی کرتا رہے تو اللہ اپنی طرف سے تیرے لیے ان کے خلاف ایک مددگار کھڑا کر دے گا اور وہ تیری مدد کرے گا۔‘‘
حضرت عبداللہ بن مسعود سے روایت ہے کہ آپ ﷺ نے ایک نبی کا ذکر فرمایا ، جنہیں ان کی قوم نے مارا پیٹا، زخمی کر دیا اور خون نکال دیا، لیکن اس نبی نے دعا کی:
«رَبِّ اغْفِرْ لِقَوْمِي فإنَّهُمْ لا يَعْلَمُونَ» (صحيح بخارى: 6929)
’’یا اللہ، یہ میری قوم ہے، انہیں سمجھ نہیں آ رہی۔ انہیں عذاب سے محفوظ فرما۔‘‘
یہی نبی کا جواب تھا، تشدد کے مقابلے میں۔ نبی کریم ﷺ کا بھی یہی طریقہ تھا، نبوت سے پہلے اور نبوت کے بعد۔ بخاری کی ایک روایت ہے کہ حضرت انس فرماتے ہیں،ایک بدو آیا۔ بدو اکثر اکھڑ مزاج اور غصے والے ہوتے تھے۔ حلم،برداشت اور نرمی سے دور، لیکن آپ ﷺ نے نرمی سے انہیں سنبھالا اور برداشت سے کام لیا۔ایک موقع پر ایک بدو نبی کریم ﷺکے پاس آیا، نہ آؤ دیکھا نہ تاؤ دیکھا ، آپ کے کندھے یا گلے میں موجود چادر کو پکڑ کر کھینچنے لگا اور سختی سے کہا:
مُرْ لي مِن مالِ اللَّهِ الذي عِنْدَكَ (صحيح بخارى: 3149)
’’ جو اللہ کا مال تیرے پاس ہے، وہ صرف تیرا نہیں، مجھے اس میں سے حصہ دیں۔‘‘ آپﷺ نے نرمی کا مظاہرہ کیا، بدو کی اس گستاخی پر آپ ہنس پڑے اور صحابہ کو فرمایا:
’’اسے دے دو، جو یہ مانگ رہا ہے ، وافر مقدار میں دے دو۔‘‘ یہ آپ کی نرمی اور حوصلے اور حلم کی مثال تھی۔
اسی طرح ایک اور موقع پر آپ کا حلم دیکھئے حضرت ابو ہریرہ روایت کرتے ہیں کہ ایک یہودی نے آپ ﷺ کو قرض دے رکھا تھا۔ کچھ عرصہ گزر جانے پر وہ تقاضا کرنے آیا اور سخت الفاظ میں مطالبہ کرنے لگا۔آپ ﷺ کے قریب موجود صحابہ کو یہ بدتمیزی برداشت نہ ہوئی اور وہ اسے سزا دینے کے لیے آگے بڑھے، لیکن آپ ﷺ نے انہیں روک دیا اور فرمایا:
’’یہ حق دار ہے، قرض خواہ ہے، اس کا حق ہے کہ تقاضا کرے، اگر ہم وقت پر نہ دے سکے اور اگر اس نے کچھ سخت الفاظ کہے ہیں، تو وہ اس کا معاملہ ہے۔‘‘ یہ آپ کے صبر اور عظیم اخلاق کی عکاسی کرتا ہے کہ سخت رویے کے جواب میں بھی نرمی اور حوصلے سے پیش آئے تھے۔ ایسے آپ کے کئی واقعات ہیں۔
حضرت عائشہ ، نبی کریم ﷺ کی موجودگی میں حجرے میں تھیں کہ باہر کچھ یہودی نبی کریمﷺ سے ملنے کے لیےآئے ۔ انہوں نے "السلام علیکم" کی بجائے لفظ بدل کر سام علیکم کہا، جیسا کہ قرآن میں بھی ان کی ایک مثال دی گئی ہے کہ کسی کی بات آپ سے ہو اور آپ کو سمجھ نہ آئے یا آپ سن نہ سکیں، تو آپ اپنی زبان میں کہتے ہیں ، معاف کیجیے، آپ نے کیا فرمایا تھا؟اسی طرح عربی میں کہا جاتا ہے : ہمارا خیال رکھیں، ہم نے آپ کی بات سنی نہیں۔‘‘یہودیوں نے الفاظ بدل کر "نعوذ باللہ" کہا ،راعنااور "تم ہمارے چرواہے ہو‘‘ جیسے الفاظ استعمال کیے۔
انہوں نے "السلام علیکم" میں السلام کی بجائے لفظ بدل کر ’سام‘ کہا ،رسول کریمﷺ نے جواب وعلیکم کہہ دیا کہ جو تم میرے لئے کہہ رہے وہی تم پر،لیکن اس موقع پر حضرت عائشہ نے غصے میں آکر سخت الفاظ استعمال کیے اور کہا:
’’تم پر موت ہو اور تم پر لعنت ہو!‘‘ بعد میں نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
’’تم نے اتنے سخت الفاظ کیوں استعمال کیے؟‘‘ حضرت عائشہ نے کہا:
’’آپ نے سنا نہیں وہ کیا کہہ رہے تھے؟‘‘ آپ ﷺ نے فرمایا:
«إِنَّ اللَّهَ رَفِيقٌ يُحِبُّ الرِّفْقَ» (صحيح بخارى: 6927)
’’اللہ تعالیٰ خود بھی نرم ہیں اور ہر معاملے میں نرمی کو پسند کرتے ہیں۔‘‘ یہ نرمی ہی تھی جو آپ ﷺ کے اخلاق کی بنیاد تھی۔
آپکا جو عفو و کرم دشمنوں تک کے لیے تھا، وہ دوستوں کے لیے تو تھا ہی،دشمنوں کے لیے بھی مہربانیاں تھیں، عفو و کرم تھا، معافیاں تھیں، اس کی بنیادی وجہ آپ کی نرمی تھی۔ آپ دشمنوں کو بھی دعاؤں سے نوازا کرتے۔
دوستوں تک ہی نہ محدود رہا تیرا کرم
تو ان واقعات میں یہی نرمی اصل وجہ تھی۔ ان کو بار بار معاف کرنے کی اور ان کی سخت ترین غلطیوں کو نظر انداز کر نے کی۔ ان کی زیادتیوں کو معاف کرنے کی، کئی دفعہ ایسا ہوا، طائف کے سفر میں جو آپ کے ساتھ بدسلوکی کی گئی اور سرداروں کی طرف سے کرائی گئی خود بھی انہوں نے بدتمیزی کی، توہین آمیز الفاظ استعمال کیے اور پھراوباش لڑکوں کو آپ کے پیچھے لگایا، جو پتھر مارتے تھے، گالیاں دیتے تھے، تو اس حال میں بھی جب آپ زخمی تھے پتھروں کی بوچھاڑ تھی، گالیاں تھی، دشنام تھا تو اللہ تعالیٰ نے ملک الجبال فرشتے کو بھیجا جو پہاڑوں پر مقرر ہے ، اس نے کہا کہ
"إنْ شِئْتَ أنْ أُطْبِقَ عليهمُ الأخْشَبَيْنِ، فقالَ النَّبيُّ ﷺ: بَلْ أرْجُو أنْ يُخْرِجَ اللَّهُ مِن أصْلابِهِمْ مَن يَعْبُدُ اللَّهَ وحْدَهُ لا يُشْرِكُ به شيئًا." (صحيح بخارى: 3231)
آپ حکم فرمائیں، اگر آپ چاہتے ہیں تو یہ دو پہاڑ جو شہر کے دائیں بائیں، آگے پیچھے کھڑے ہیں، ان دونوں کو آپس میں، میں ملا دیتا ہوں، ان کےدرمیان میں جو کچھ ہے سب پس جائے گا ،سب ختم ہو جائے، آپ کا جواب کیا تھا؟ فرمایا:میری خواہش تو یہ ہے، میں تو یہ چاہتا ہوں کہ یہ باقی رہیں، یہ نہیں تو ان کی اولادیں ہی ایمان لے آئیں گی۔میں ان کا ایمان چاہتا ہوں، ان کی تباہی نہیں چاہتا، ان کی نجات چاہتا ہوں۔ ان کا دوزخ سے بچنا چاہتا ہوں۔ ان کی بربادی نہیں چاہتا۔ اس حوالے سے ایک عمومی بات حضرت عائشہ نے آپ کے بارے میں کی ہے ۔ نبی کریم ﷺنے اپنی ذات کے لیے کبھی کسی سے انتقام نہیں لیا۔
خیبر کے موقع پہ آپ نے سنا ہو گا کہ جب خیبر فتح ہو گیا توایک یہودی عورت نے کہا، جی اللہ نے آپ کو کامیابی دی ہے، فتح دی ہے ، چلو ہم مغلوب ہو گئے ہیں تو میں آپ کی دعوت کرنا چاہتی ہوں، اس کے دل میں بغض تھا، نفرت تھی، لہٰذا غضب یہ تھا کہ یہ ہم کو ہرا کے کامیاب ہوئے۔ تو اس نے کھانے کی دعوت کی اور کھانے میں زہر ملا دیا۔ نبی کریمﷺ نے ایک آدھ لقمہ لیا، لقمے نے خود بول کر بتایا تو آپ نےﷺ چھوڑ دیا۔ ایک صحابی نے ذرا دو تین لقمے جلدی سے لے لیے تھے۔ وہ فوت ہو گیا۔ زہر نے اثر کیا تو فوت ہو گیا۔ آپﷺ نے کہا کہ میں اپنے حوالے سے اس کو سزا نہیں دوں گا، لیکن میرا ایک ساتھی جو قتل ہوا۔اس کی سزا اسے ملے گی۔ اس وقت اپنے حوالے سے کوئی سزا نہیں دی۔ تو یہ بیان ہے، حضرت عائشہ کہ آپ نے اپنی ذات کے لیے کبھی انتقام نہیں لیا۔
آج ایک تو بات کرنی تھی، حلم کی، نرمی، شفقت، غصے، غضب کو دبانے اس پر قابو پانے کی، لوگوں سے نرمی سے پیش آنے کی، اور دوسری بات تھوڑی سی اور کرنی ہے ایک اور صفت کی اور ایک ضروری صفت جو مؤمن میں ہونی چاہیے، وہ ہے حیا اور شرم، مؤمن باحیا ہوتا ہے، اس میں حیا ہوتی ہے۔یہ حیا اوپر سے آتی ہے اللہ کے انبیاء بھی شرم والے تھے، حیا والے، اللہ بھی حیا والا ہے، خود مثلاً دعا کے بارے میں نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جب بندہ رب کے سامنے ہاتھ پھیلاتا ہے، اس سے کچھ مانگنے کے لیے، دعا کرنے کے لیے تو فرمایا:
«إنَّ رَبَّكُمْ حَيِيُّ كَرِيمٌ» (مستدرك حاكم: 1/675)
تو سن لو کہ تمہارا رب حیا والا اور کرم والا ہے، اسے یہ اٹھے ہوئے ہاتھ خالی لوٹاتے ہوئے شرم آتی ہے، وہ بھی حیا والا ہے خود بھی۔
حضرت ابو ایوب انصاری نبی کریم ﷺ کے میزبان تھے لیکن بہت کم حدیثیں انہوں نے روایت کی ہیں، ان میں سے ایک حدیث ترمذی میں ہے۔
«أَرْبَعٌ مِنْ سُنَنِ الْـمُرْسَلِينَ اَلْحَيَاءُ وَالتَّعطرُ وَالسِّواكُ والنِّكاحُ» (جامع ترمذي: 1080)
چار باتیں تمام انبیاء کی سنت ہیں، چار باتیں تمام انبیاء ان پر عمل کرتے ہیں، ان میں سے پہلی بات آپ نے یہ کی کہ تمام انبیاء با حیا تھے، شرم و حیا والے تھے، حیا کو ہاتھ سے نہیں جانے دیتے تھے۔
ابھی میں نے کہا کہ کئی صحابی آپ سے خاص نصیحتیں طلب کرتے تھے کہ جی کوئی ایک بات بتا دیں ، میں ساری عمر اس پہ عمل نہیں چھوڑوں گا، تو سعد بن زید نے بھی ایک دفعہ کہا ، آپ سے کہ مجھے نصیحت کریں، تو جیسے میں نے کہا کہ ہر ایک کی طبیعت کے مطابق اس کے حالات کے مطابق، اس کی نبض، پہچان کے آپ اس کو مشورے دیتے تھے یا نصیحتیں کرتے تھے تو اس کو آپﷺ نے یہ بتایا جو اگرچہ جنرل بات ہے سب کے لیے، لیکن خاص اس کے لیے آپﷺنے فرمایا:
«اِسْتَحْي مِنَ اللهِ» (الجامع الصغير: 965)
میں تمہیں نصیحت کرتا ہوں کہ تم اللہ سے حیا کیا کرو، اللہ سے حیا کیا کرو، اس لیے ایک جگہ آپ نے یہ بھی فرمایا:«إِذَا لَمْ تَسْتَحْیِ فَاصْنَعْ مَا شِئْتَ» (صحيح بخارى: 3483)
جب حیا نہ ہو تو پھر بندہ جو مرضی کرتا رہے اسے پروا نہیں ہوتی، حیا یہ ہے کہ لوگ کیا کہیں گے ؟ اللہ کیا کہے گا؟ اگر میں نے یہ غلط کام کیا تو قیامت کو کیا گزرے گی؟،یہ حیا ہے اور جب حیا ختم ہو جائے تو پھر جو مرضی کرتے رہو۔ پھر نہ لوگوں کی پروا ہوتی ہے نہ اللہ کی پروا ہے۔ حضرت ابو ہریرہ کی روایت ہے:
«اَلْحَیَاءُ مِنَ الْإِیْمَانِ» (صحيح بخارى: 24)
’’اور ایمان حیا ایمان کا حصہ ہے ایمان کا ثبوت ہے۔‘‘
«وَالبَذاءُ مِنَ الْجَفاءِ والجَفاءُ في النّارِ» (صحيح ابن حبان: 608)
اور بے حیائی اور بد زبانی یہ ظلم ہے اور ظلم کا انجام جہنم ہے۔ حیا ایمان کا حصہ ہے اور بے حیائی اور بد زبانی ظلم ہے اور ظلم جہنم تک لے جاتا ہے۔ اسی طرح ایک روایت میں ہے:
«والْحَيَاءُ شعبةٌ مِنَ الإيمانِ» (صحيح بخارى: 9)
حیا ایمان کا حصہ ہے، ایک Branch ہے ایمان کی، ضروری Branch ہے۔
اسی طرح حضرت عبداللہ بن عمر روایت کرتے ہیں، مستدرک حاکم میں ہے:
«و اَلْحَيَاءُ والإيمانُ قُرِنًا جَميعًا، فَإذا رُفِعَ أَحَدُهُما رُفِعَ الآخَرُ» (مستدرك حاكم: 58)
اللہ تعالیٰ نے حیا اور ایمان کو اکٹھا رکھا ہے ،جس دل میں ایمان ہے، اس میں حیا بھی ہوتی ہے، جس میں حیا ہے ، اس میں ایمان بھی ہوتا ہے، دونوں کو اللہ نے اکٹھا رکھا ہے، ایک کو نکال دیں تو دوسری بھی نکل جاتی ہے ، حیا کو نکالیں گے تو ایمان نکل جائے گا، ایمان کو نکالیں گے ، حیا نکل جائے گا۔
اسی طرح حیا کے بارے میں عمران بن حصین صحیح بخاری میں بیان کرتے ہیں :
«اَلْحَياءُ لَا يَأْتي إلَّا بخَيْرٍ» (صحيح بخارى: 6117)
حیا جب بھی لاتی ہے، خیر ہی لاتی ہے یعنی حیا کا نتیجہ و انجام جب بھی ہوتا ہے، اچھا ہی ہوتا ہے ، برا نہیں ہوتا ۔اسی طرح جامع ترمذی میں حضرت انس روایت کرتے ہیں:«وَمَا كَانَ الْحَيَاءُ فِي شَيْءٍ إِلّا زَانَهُ» (جامع ترمذی: 1974)
جس چیز یا جس بندے میں حیا ہوگی، وہ اس کو زینت دے گی، وہ اس کو زینت عطا کرے گی، اچھائی عطا کرے گی اور اچھا بنائے گی ، حیا والا بندہ اچھا ہوتا ہے۔ حضرت ابو سعید خدری نبی کریم ﷺ کے بارے میں صحیح بخاری میں بیان کرتے ہیں :
«أشَدَّ حَياءً مِنَ العَذْراءِ في خِدْرِها»
کنواری لڑکی سے زیادہ حیا تھی، نبی کریم ﷺ میں،آپ حیا مجسم تھے۔(صحيح بخارى: 6119)
حضرت عائشہ بیان کرتی ہیں۔ آپ ذرا ریلیکس ہو کے بیٹھے تھے، بلکہ نیم دراز تھے۔ فارغ وقت میں جیسے آدمی گھر میں بیٹھا ہوتا ہے، نیم دراز بیٹھے ہوئے تھے، کپڑے پہنے تھے، ٹھیک تھے، لیکن تھوڑی تہبند وغیرہ نظر آ رہی تھی۔ ایک دو صحابی آئے ، تو آپ اسی طرح بیٹھے رہے لیکن حضرت عثمان تشریف لائے تو آپ سیدھے ہو کے بیٹھ گئے، کپڑے سیدھے کر لیے، تو پوچھا بعد میں کہ جی باقی لوگوں کے لیے آپ نے اہتمام نہیں کیا جیسے بیٹھے تھے، بیٹھے رہے، جیسے کپڑے تھے اسی طرح رہنے دیئے، حضرت عثمان آئے تو اٹھ کے بیٹھ گئے اور کپڑے بھی سیدھے کر لیے، کیا مسئلہ ہے ؟ فرمایا: میں اس بندے سے حیا کیوں نہ کروں جس سے ملائکہ یعنی فرشتے بھی حیا کرتےہیں۔ یہ حضرت عثمان کی حیا کی تعریف ہے، تو عام طور اس زمانے میں لباس یہی جسے ہم تہہ بند کہتے ہیں یا دھوتی لاچا کہتے ہیں، عام لوگ پہنتے تھے، لیکن جب حضرت عثمان کو خطرہ محسوس ہوا کہ اب یہ باغی جنہوں نے گھر کا محاصرہ کیا ہوا ہے یہ اب میری جان نہیں چھوڑیں گے، شہید اور قتل کیے بغیر نہیں چھوڑیں گے، تو اس دن آپ نے پھر شلوار یا پاجامہ پہناتاکہ جان تو جائے لیکن حیا نہ جائے ،پردہ نہ جائے۔ سورۃ الاحزاب کے آخر میں اگر آپ دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ نبی کریم ﷺ کے گھر میں جب کبھی دعوت ہوتی تھی، آپ جب بلاتے تھے بعض صحابہ کو،تو کھانے کے بعد کچھ لوگ بیٹھے رہتے تھے۔ باتیں کرتے اور بیٹھے رہتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے کہا کہ ایسے نہ کیا کرو، ہمارا جو نبی ہے وہ
﴿فَيَسْتَحْيِي مِنْكُمْ﴾ (سورة الأحزاب: 53)
ان میں تو حیا ہے، وہ تو حیا کی وجہ سے آپ کو منع نہیں کرتا کہ بھئی گھر آئے ہوئے ہیں، کیا کہوں کہ جاؤ بھئی اب چھٹی کرو ،جان چھوڑو، حیا کی وجہ سے تمہیں اٹھنے کے لیے نہیں کہتے تم خود خیال کیا کرو ، اللہ تعالیٰ کو ان باتوں کو کہنے سے ڈر نہیں ہے، لیکن نبی جو ہیں، وہ حیا کی وجہ سے سوچتے ہیں کہ آنے والے کیا کہیں گے۔ یہ آپﷺ کی حیا کی انتہا ہے۔ جیسے حضرت زینب کا ولیمہ تھا تو آپ نے ولیمے کے لیے کچھ لوگوں کو بلایا،کچھ ولیمے کا کھانا کھا کے چلے گئے، کھانا سادہ سا جو بھی تھا وہ کھا گئے ،مگر تین آدمی بیٹھے رہے، آپس میں باتیں کرتے رہے، آپ کا دل چاہتا تھا کہ سارے چلے گئے، اب یہ بھی چلےجائیں ، لیکن آپ نے کہا نہیں، بیٹھ بیٹھ کے بیٹھ بیٹھ کے خود ہی وہ گئے۔ آپﷺ نے نہیں اٹھایا کیا وجہ تھی کہ یہی:
وَكَانَ النبيُّ ﷺ شَدِيْدَ الْحَياءِ (صحيح بخارى: 4793)
آپ ﷺ بہت زیادہ حیا کرنے والے، لحاظ کرنے والےتھے، یہ بھی حلم کا حصہ ہے جو پہلے میں بیان کر رہا تھا، نرمی شفقت اس کا ایک حصہ ہے، نرمی کی وجہ سے ہوتی ہے یہ حیا، اس کی بنیاد نرمی ہے کہ لوگوں کا، لوگوں کے جذبات کا یا ناراض ہونے کا خیال رکھنا، اب اس سلسلے میں کچھ گرمی سہنی ہوتی ہے، کچھ زیادتی بھی برداشت کرنا ہوتی ہے تو یہ آپ کی صفات میں شامل تھا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں حلم و حیاء کی دولت بھی عطا فرمائے۔
٭٭٭
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
”تین صفات ایسی ہیں جس شخص میں وہ پائی جائیں گی ،اس نے ایمان کا مزہ چکھ لیا :
1۔ایک یہ کہ اللہ اور اس کے رسول اسے ہر چیز سے زیادہ محبوب ہوں۔
2۔اگر کسی سے محبت کرے تو صرف اللہ کے لئے کرے۔
3۔کفر کی طرف لوٹنے کو اس طرح ناپسند کرے جیسے اپنے آپ کو آگ میں ڈالے جانے کو ناپسند کرتا ہے۔‘‘ (صحیح بخاری)

