اللہ سبحانہ وتعالیٰ اور اس کے رسول محمد ﷺ کی جانب سے ہر مسلمان کو اس بات کی تعلیم دی گئی ہے کہ وہ بنا علم حاصل کئے کوئی بات نہ کرے اور نہ کسی بات کا یقین کرے ورنہ وہ اعتقادی گمراہی کے ساتھ ساتھ سماجی و معاشرتی گمراہیوں کا شکار ہوگا۔ قرآن مجید میں بارہ مقامات پر اس ضمن میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کی رہنمائی کی ہے۔ ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ قرآن وحدیث کا علم حاصل کرتا رہے تا کہ حق و باطل میں فرق کر سکے، کوئی بھی مسلمان دین کا علم حاصل کئے بغیر زندگی نہیں گزار سکتا ، رسول اللہ ﷺ نے ہر مسلمان کو صاحب علم بننے کی تلقین کی ہے، ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ اللہ کی توحید اور رسول اللہ ﷺ کی رسالت اور یوم آخرت کے متعلق علم حاصل کرے تاکہ گمراہیوں سے محفوظ رہ سکے۔ بنا علم کے گفتگو مختلف گمراہیاں پیدا کرتی ہیں۔

1۔پہلی برائی شرک سے متأثر ہونا :

بنا علم حاصل کئے باتیں کرنے سے شرک جیسی عظیم خرابیاں پیدا ہوتی ہیں، اس کا تذکرہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے یوں کیا ہے کہ یہود و نصاری اور مشرکین نے اللہ تعالیٰ کی بیٹیاں اور بیٹے وضع کر لئے ہیں، جیسے یہود نے عزیر علیہ السلام کو اور نصاریٰ نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ کا بیٹا بنا لیا اور فرشتوں کو اللہ کی بیٹیاں تسلیم کر لیا، حضرت مریم علیہا السلام کو اللہ کی بیوی مان لیا اور ان کی عبادت شروع کر کے شرک کا ارتکاب کیا اور اللہ کی نظروں میں مغضوب اور موجب عذاب ہوئے یہ اس لئے ہوا کہ انہوں نے اللہ تعالیٰ کی توحید کا علم حاصل نہیں کیا، اسی لئے بنا علم کے اللہ کی بیٹیاں ، بیٹے اور بیوی بنالئے اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:

﴿‏ وَجَعَلُوا لِلَّهِ شُرَكَاءَ الْجِنَّ وَخَلَقَهُمْ وَخَرَقُوا لَهُ بَنِينَ وَبَنَاتٍ بِغَيْرِ عِلْمٍ سُبْحَانَهُ وَتَعَالَىٰ عَمَّا يَصِفُونَ ﴾

’’ اور لوگوں نے شیاطین کو اللہ تعالیٰ کا شریک قرار دے رکھا ہے حالانکہ ان لوگوں کو اللہ ہی نے پیدا کیا ہے اور ان لوگوں نے اللہ کے حق میں بیٹے اور بیٹیاں بلاسند تراش رکھی ہیں اور وہ پاک اور برتر ہے، ان بتوں سے جو یہ کرتے ہیں۔ ‘‘ (سورۃ الانعام: 100)

2۔ دوسری برائی معبودان باطل کو برا کہنا:

بنا علم کے باتیں کرنے کی برائیوں میں سے ایک برائی معبودان باطل کو گالی گلوچ کرنا بھی ہے جو موجب فساد و نفرت اور باعث انتشار ہے۔ تمام مسلمانوں کو اس بات کی تعلیم دی گئی ہے کہ وہ معبودان باطل کو گالی نہ دیں کیونکہ بدلے میں ان کے پیروکار لاعلمی میں اللہ بزرگ برتر کو گالی دیں گے کیونکہ انہیں اللہ کی توحید کا علم نہیں ہے اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:

﴿ وَلَا تَسُبُّوا الَّذِينَ يَدْعُونَ مِنْ دُونِ اللّهِ فَيَسُبُّوا اللهَ عَدْوًا بِغَيْرِ عِلْمٍ﴾

’’اور گالی مت دوان کو جن کی یہ لوگ اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر عبادت کرتے ہیں کیونکہ پھر وہ جاہلانہ ضد سے گزر کر اللہ تعالیٰ کی شان میں گستاخی کریں گے۔‘‘ (سورۃ الانعام: 108)

اس آیت کے ضمن میں اہل علم نے کہا کہ یہ ممانعت اس اصول پر مبنی ہے کہ ’’اگر ایک درست کام ، اس سے بھی زیادہ بڑی خرابی کا سبب بنتا ہو تو وہاں اس درست کام کا ترک کرنا راجح اور بہتر ہے۔ ‘‘(احسن البیان)

گالی گلوچ کے برخلاف اسلام نے احسن اور خوبصورت انداز میں دعوت و تبلیغ کرنے کا حکم دیا، دلائل و براہین کے ساتھ ، نرم گفتگو اور صبر کے ساتھ دعوت وتبلیغ کا کام کیا جائے۔

3۔ تیسری برائی: افکار و نظریات کی پیروی کرنا :

بنا علم کے باتیں کرنے کی برائیوں میں سے ایک برائی یہ ہے کہ انسان افکار و نظریات، خیالات اور گمان کا پیرو بن کر حلال کو حرام اور حرام کو حلال سمجھ لیتا ہے اور نفسانی خواہشات کا غلام بن جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:

﴿وَمَا لَكُمْ أَلَّا تَأْكُلُوا مِمَّا ذُكِرَ اسْمُ اللَّهِ عَلَيْهِ وَقَدْ فَصَّلَ لَكُم مَّا حَرَّمَ عَلَيْكُمْ إِلَّا مَا اضْطُرِرْتُمْ إِلَيْهِ وَإِنَّ كَثِيرًا لَّيُضِلُّونَ بِأَهْوَائِهِم بِغَيْرِ عِلْمٍ إِنَّ رَبَّكَ هُوَ أَعْلَمُ بِالْمُعْتَدِينَ ﴾

’’اور آخر کیا وجہ ہے کہ تم ایسے جانور میں سے نہ کھاؤ جس پر اللہ کا نام لیا گیا ہو حالانکہ اللہ تعالیٰ نے ان سب جانوروں کی تفصیل بتادی ہے جن کو تم پر حرام کیا ہے مگر وہ بھی جب تم سخت ضرورت پڑ جائے تو حلال ہے اور یہ یقینی بات ہے کہ بہت سے آدمی اپنے خیالات پر بلا کسی سند کے گمراہ کرتے ہیں اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اللہ تعالیٰ حد سے نکل جانے والوں کو خوب جانتا ہے۔‘‘ (سورۃ الانعام: 119)

کئی ایسی حلال چیزیں ہیں، جسے انسان حرام یا مکروہ سمجھ کر استعمال نہیں کرتا اور جب اسے اس چیز کے حلال ہونے کے دلائل دئیے جاتے ہیں تو وہ تعجب میں پڑ جاتا ہے اور کہتا ہے کہ ہم تو پہلی بار سن رہے ہیں۔

4۔ چوتھی برائی: ناحق اولاد کا قتل کرنا:

بناعلم کے باتیں کرنے کی برائیوں میں سے ایک برائی یہ ہے کہ انسان نادانی کے سبب اپنی اولاد کو قتل کر بیٹھتا ہے، جیسا کہ قبل از وقت اسے پتہ چل جائے کہ لڑ کی تولد ہونے والی ہے تو وہ اسے ماں کی پیٹ میں ہی قتل کر دیتا ہے، اسی طرح اولاد کے نہ ہونے کے لئے اپنی تدبیریں بروئے کار لاتا ہے، اسی طرح ایک ماہ یا دوماہ کے حمل کو ساقط کر دیتا ہے اس خوف سے کہ وہ اسے کھلا نہیں سکتا ، اس کی پروش نہیں کر سکتا ، یا اچھی تعلیم نہیں دے سکتا، خوشحالی نہیں دے سکتا، ایسے ہی نظریات آج عام کئے جارہے ہیں اور لوگ کثرت اولاد سے خائف ہیں، انہیں اس بات کا علم نہیں کہ کونسی اولا دان کے اور دنیا کے حق میں بہتر ہوگی۔ اسے اس بات کا علم نہیں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کی تقدیر میں کیا لکھا ہوا ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

﴿‏ قَدْ خَسِرَ الَّذِينَ قَتَلُوا أَوْلَادَهُمْ سَفَهًا بِغَيْرِ عِلْمٍ وَحَرَّمُوا مَا رَزَقَهُمُ اللَّهُ افْتِرَاءً عَلَى اللَّهِ قَدْ ضَلُّوا وَمَا كَانُوا مُهْتَدِينَ﴾

’’واقعى خرابی میں پڑ گئے وہ لوگ جنہوں نے اپنی اولاد کو محض برائے حماقت بلا کسی سند کے قتل کر ڈالا اور جو چیزیں ان کو اللہ نے ان کو کھانے پینے کے لئے دی تھیں، ان کو حرام کر لیا جو اللہ پر افترا باندھنے کے طور پر ۔ بے شک یہ لوگ گمراہی میں پڑ گئے اور کبھی راہ راست پر چلنے والے نہیں ہوئے۔‘‘ (سورۃ الانعام:140)

5۔ پانچویں برائی: اللہ کی توحید میں جھگڑا کرنا:

بنا علم کے باتیں کرنے کی برائیوں میں سے ایک برائی یہ ہے کہ بندہ اللہ تعالیٰ کے متعلق اس کی توحید ربوبیت والوہیت اور اسماء وصفات میں جھگڑا کرتا رہتا ہے، وہ اللہ تعالیٰ کے متعلق تشبیہات و تمثیلات سے کام لیتا ہے، اس کی قدرت اور اس کے اسماء وصفات میں اختلاف کرتا رہتا ہے، یہ بڑی گمراہی ہے اسی وجہ سے کئی گمراہ فرقے وجود میں آئے۔ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے ارشاد فرمایا:

﴿وَمِنَ النَّاسِ مَن يُجَادِلُ فِي اللَّهِ بِغَيْرِ عِلْمٍ وَلَا هُدًى وَلَا كِتَابٍ مُّنِيرٍ ‎﴾

’’ بعض لوگ اللہ کے بارے میں بغیر علم کے بغیر ہدایت کے اور بغیر روشن دلیل کے جھگڑتے ہیں۔‘‘ (سورۃ الحج : 8)

6۔ چھویں برائی: شیطان کی پیروی کرنا:

بناعلم کے اللہ تعالیٰ کے متعلق جھگڑا کرنے والے دراصل شیطان کے پیروکار ہیں۔ اللہ تعالىٰ نے فرمایا:

﴿ وَمِنَ النَّاسِ مَن يُجَادِلُ فِي اللَّهِ بِغَيْرِ عِلْمٍ وَيَتَّبِعُ كُلَّ شَيْطَانٍ مَّرِيدٍ ﴾

’’بعض لوگ اللہ کے بارے میں باتیں بناتے ہیں اور وہ بھی بے علمی کے ساتھ اور ہر سرکش شیطان کی پیروی کرتے ہیں۔‘‘ (سوۃ الحج : 3 )

7۔ ساتويں برائى : لہو و لعب میں پڑجانا :

بناعلم کے باتیں کرنے کی گمراہیوں میں سے بنا ایک گمراہی لہو لعب اور آلات موسیقی کا استعمال بھی ہے، جس کے ذریعہ لوگوں کو گمراہ کیا جاتا ہے اور لوگوں کو اس کا دل دادہ بنا دیا جاتا ہے، جس کے سبب لوگ اللہ کے ذکر اور نماز سے غافل ہو جاتے ہیں، اللہ تعالیٰ کی حمد اور رسول اللہ ﷺ کی نعت بیان کرنے میں بھی اب موسیقی استعمال کی جانے لگی ہے، یہی نہیں افریقہ کے بعض مقامات پر نادان و جاہل مسلمان قرآن مجید کی قرآت بھی موسیقی کے ساتھ کر رہے ہیں، نکاح رسول اللہ ﷺ کی سنت ہے ، لیکن یہ سنت بھی ناچ گانا بجانا اور موسیقی سے خالی نہیں رہی ، یہ علم نہ ہونے کا نتیجہ ہے، اسی لئے اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:

﴿ومن النَّاسِ مَنْ يَشْتَرى لَهُوَ الْحَدِيثِ لِيُضِلَّ عَنْ سَبِيلِ اللَّهِ بِغَيْرِ عِلْمٍ وَيَتَّخِذَهَا هُزُوًا أُولَئِكَ لَهُمْ عَذَابٌ مهين﴾

’’اور بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو لغو باتوں کو مول لیتے ہیں کہ بے علمی کے ساتھ لوگوں کو اللہ کی راہ سے بہکائیں اور اسے ہنسی بنائیں، یہی وہ لوگ ہیں جن کے لئے رسوا کرنے والا عذاب ہے۔‘‘ (سورۃ لقمان:6 )

یہ چند آیتیں تھیں اس ضمن میں چند احادیث بھی ملاحظہ فرمائیں۔

8۔ آٹھویں برائی : نامعلوم جھگڑوں کا حصہ بننا :

بنا علم کے باتیں کرنے کی برائیوں میں سے ایک برائی یہ ہے کہ نا معلوم جھگڑوں میں طرفدار و حصے دار بن جانا بھی، کسی بھی مسلمان کے لئے یہ درست نہیں ہے کہ وہ حقیت حال جانے بغیر کسی جھگڑے کا حصہ دار یا معاون و مددگار بن جائے، عموما ایسا ہوتا ہے کہ جانب داری و طرفدار اور دوستانہ و خاندانی محبت میں ایسے جھگڑوں کے حصے دار بن جاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کو یہ بات انتہائی ناگوار و نا پسند ہے، لڑائی جھگڑوں کی حقیقت کو جاننا اور اس کے متعلق حقائق کا علم رکھنا ضروری ہے، ورنہ اس کے سبب سماجی و معاشرتی نقصانات رونما ہوں گے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:

«وَمَنْ أَعَانَ عَلَى حُصُوْمَةٍ بِغَيْرِ عِلْمٍ كَانَ فِي سَخْطِ اللَّهِ حَتَّى يَنزِعَ وَقِتَالُ المُؤْمِنِ كُفْرٌ وَسِبَابُهُ فُسُوقَ »

’’ جس نے کسی جھگڑے میں بغیر علم کے مدد کی تو وہ اللہ کی ناراضگی میں رہے گا یہاں تک کہ وہ ( اس جھگڑے سے الگ ہو جائے اور مسلمان کو قتل کرنا کفر ہے اور اسے گالی دینا گناہ ہے ۔‘‘ (سنن الکبری للبيہقى: 11449)

اسی طرح ایک اور حدیث میں ہے کہ

« وَمَنْ أَعَانَ عَلَى حُصُوْمَةٍ بِغَيْرِ عِلْمٍ فَقَدْ بَاءَ بِسَحْطٍ مِنَ الله »

’’جس نے بغیر علم کے کسی خصومت و جھگڑے میں حمایت کی اس نے اللہ کی ناراضگی مول لی۔‘‘ (تہذیب الكمال : 14؍ 457؛ طبرانی: 12؍ 388؛ التاریخ للخطیب: بروایت ابن عمرؓ)

اسی طرح ایک اور حدیث میں ہے کہ

«مَنْ جَادَلَ فِي حُصُوْمَةٍ بِغَيْرِ عِلْمٍ لَمْ يَزَلْ فِي سَخط الله حَتَّى يَنْزِعَ »

’’جو شخص بغیر علم (جھگڑے کی وجہ معلوم کئے بغیر) جھگڑا کرے تو وہ جب تک اس جھگڑے سے ہاتھ کھینچ لے اللہ تعالیٰ کی ناراضگی میں رہے گا ۔‘‘ (ابن ابی الدنیا ضعیف الجامع : 5541)

عمل کرنے کے لئے علم کا حصول :

ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے کہ دین اسلام جس کی اساس قر آن وسنت ہے اس پر عمل کرنے کے لئے بھی علم حاصل کرنالازم اور ضروری ہے، علم حاصل کئے بغیر دین پر کس طرح عمل کیا جا سکتا ہے؟ بنا علم کے رواجوں اور خاندنی مراسم ، آبا ؤ اجداد کے باطل و گمراہ طریقوں پر عمل کیا جاتا ہے، اس نے کئی لوگوں کو دیکھا ہوگا یا یہ کہتے ہوئے سنا ہو گا کہ ہم یہ کام اسی لئے کرتے ہیں کہ باپ دادا کرتے ہوئے آئے ہیں، اس کام کو وہ اجر و ثواب سمجھ کر کرتے ہیں۔ ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ دین کی باتیں جان کر اس پر عمل کرے، جس سے اللہ کی خوشنودی حاصل ہوگی۔

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:

«سيكونُ بَعْدِى خَلَفَاءُ يَعْمَلُوْنَ بِمَا يَعْلَمُوْنَ، وَيَفْعَلُوْنَ مَا يُؤْمَرُوْنَ وَسَيَكُوْنُ بَعْدَهُمْ خُلَفَاءُ يعملون بمَا لا يَعْلَمُوْنَ وَيَفْعَلُونَ مَالَا يُؤْمَرُوْنَ فَمَنْ أَنْكَرَ عَلَيْهِمْ بَرَى وَمَنْ أَمْسَكَ يَدَهُ سَلِمَ وَلَكِنْ من رَضِيَ وَتَابَعَ»

’’میرے بعد ایسے خلفاء ہوں گے جو اپنے علم کے مطابق عمل کریں گے جو انہیں حکم دیا جائیگا وہ کریں گے اور پھر ایسے حکمران ہوں گے کہ جو بغیر علم کے عمل کریں گے اور وہ کریں گے جو انہیں نہیں کہا گیا ہو، جس نے انکار کیا وہ بری ہو گیا اور جس نے اپنے ہاتھ کو روکا ، وہ سالم رہا لیکن جو اس پر راضی ہوا اور ان کی پیروی کی ۔‘‘ ( سنن الکبریٰ للبیہقی: 16624)

تاریخ میں ایسے بہت سے حکمران گزرے ہیں جنہوں نے اسلامی تعلیمات کے خلاف بہت سی باتوں کو نافذ کر دیا اور آج بھی بہت سی مسلمان مملکتوں میں ایسے قوانین نافذ ہیں جو اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں، جیسے ناچ گانے اور بجانے ، سودی معاملات، بے پردگی، وغیرہ۔ یہ من مانی در اصل اسلام کو نہ جاننے اور اسے اہمیت نہ دینے کا نتیجہ ہے۔

بنا علم کے باتیں کرنا بہت بڑا گناہ ہے :

ہر مسلمان کو یہ جاننا ضروری ہے کہ کہ بنا علم کے باتیں کرنا کتنا بڑا گناہ اور جرم ہے، کیونکہ اس سے لوگ گمراہ ہو جاتے ہیں اور جب تک یہ گمراہی جاری رہے گی، اس شخص کے گناہوں میں اللہ تعالیٰ برابرا اضافہ کرتارہے گا۔ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:

« أَشَدَّ النَّاسِ عَذَاباً يَوْمَ القِيَامَةِ رَجُلٌ قَتَلَ نَبِيَا أَوْقَتَلَهُ نَبِيٍّ، أَوْ رَجُلٌ يَضِلُّ النَّاسَ بِغَيْرِ عِلْمٍ ، أَوْ مُصَوِّرٌ يُصَوِّرُ السَّمَاثِيْل »

’’قیامت کے دن سب سے سخت عذاب اس شخص کو ہوگا ، جس نے کسی نبی کو قتل کیا ہو، یا اس کو کسی نبی نے قتل کیا ہو، یا اس شخص کو جس نے بغیر علم کے لوگوں کو گمراہ کیا ہوگا ، یا مصور جو مورتیاں (مجسمے ) بناتا ہے۔‘‘ (صحیح الجامع : 1000 ، حسن)

ایسے لوگوں کی موجودہ زمانے میں کمی نہیں ہے جنہیں دین کا علم تو نہیں ہے لیکن وہ دین داری کا ظاہری لبادہ اوڑھ کر ، حلیہ بشری بنا کر اپنے آپ کو بڑا عالم دین ظاہر کرتے ہیں اور غلط باتیں بیان کر کے لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں اور معصوم لوگ عقیدت مندی میں ان کی باتوں کو صحیح سمجھ جاتے ہیں اور اسی پر عمل کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو اللہ کا خوف کھانا چاہئے اور ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ علمائے اکرام سے اپنے مسائل دریافت کریں کیونکہ علماء دین کا علم جانتے ہیں اور اس کی سمجھ بوجھ رکھتے ہیں اور وہ اللہ سے ڈرنے والے ہوتے ہیں۔

بنا علم کے فیصلہ کرنے والوں کا انجام :

وہ مسلمان جو قوم کا قاضی اور حج بنایا گیا ہو، ا گر وہ بغیر علم فیصلے کرتا ہے تو وہ بھی جہنم کا ایندھن بنے گا۔ حدیث شریف میں ہے کہ حضرت بریدہ رضی اللہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

« فَاضِيَان فِى النَّارِ، وَقَاضِ فِى الجَنَّةِ قَاضِ عَرَفَ الحَقِّ فَقَضَى بِهِ فَهُوَ فِى الجَنَّةِ ، وَقَاضٍ عَرَفَ الحَقَّ فَجَارَ مُتَعَمِّداً أَوْ قَضَى بِغَيْرِ عِلْمٍ فَهُمَا فِي النَّارِ »

’’دو قاضی جہنم میں ہوں گے اور ایک قاضی جنت میں داخل ہوگا۔ وہ قاضی جس نے حق کو جانا اور اسی کے ساتھ فیصلہ کیا وہ جنت میں داخل ہوگا ، اور وہ قاضی جس نے حق کو جانا لیکن عمد اظلم کا فیصلہ کیا ، یا بغیر علم کے فیصلہ کیا دونوں جہنم میں ہیں۔‘‘ (الجامع الصغير : 5986 ، صحیح ؛ صحیح الجامع : 4298)

اسی طرح ایک اور حدیث بنا علم کے فیصلہ کرنے والے قاضی کے متعلق کہا گیا کہ : ایک قاضی جو بغیر علم کے فیصلہ صادر کرے اور لوگوں کے حقوق تباہ کرے تو وہ جہنم میں ہے ۔(السنن للبیہقی : 14980)

بنا علم کے فتویٰ دینا:

جب اس دنیا سے علمائے حق ، علمائے ربانی اٹھالئے جائیں گے تو جاہلوں کی من مانی چلے گی وہ وہ لوگوں کو گمراہ کرتے پھریں گے۔ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا :

”اللہ تبارک و تعالیٰ علم کو اس طرح نہیں اٹھائے گا کہ لوگوں کے دلوں سے نکال لے گا بلکہ علم کو اس طرح سے اٹھائے گا کہ علماء کو دنیا سے اٹھا لے گا حتی کہ جب کوئی بھی عالم باقی نہیں رہے گا تو لوگ جاہلوں کو اپنا پیشوا بنالیں گے، ان سے مسائل پوچھیں گے اور وہ بغیر علم کے فتوی دیں گے اور خود بھی گمراہ ہوں گے اور لوگوں کو بھی گمراہ کر دیں گئے۔‘‘ (صحیح بخاری و صحیح مسلم ؛ جامع ترمذی؛ سنن ابن ماجہ ، مسند احمد )

ایک اور حدیث میں ہے کہ

« مَنْ أَفْتَى بَفَتِيَا بِغَيْر ثَبَتَ فَإِنَّمَا إِثْمُهُ عَلَى مَنْ أَفْتَاهُ »

’’ جس شخص كو بغير علم کے فتوی دیا گیا تو اس کا گناہ فتوی دینے والے پر ہوگا ۔‘‘ (سنن ابن ماجہ؛ سنن ابوداؤد:3657؛ الحاکم)

اسی لئے ہر فتوی دینے والے کو اللہ کا خوف کھانا چاہئے ، فتوی دینا اپنے علم کی بالا دستی نہیں ہے، عموماً بعض اہل علم یہی سمجھ کر فتوی دے بیٹھتے ہیں، اور عوام کو بھی چاہئے کہ اپنا سوال لکھ کر کسی بڑے جامعہ کو روانہ کر دیں جہاں علماء ومفتیان کی ایک کمیٹی ہوتی ہے وہاں سے فتویٰ حاصل کریں۔ اور فتوی زبانی نہ لیں لکھ کر تحریراً حاصل کریں، اس کے بہت فائدے ہیں۔ ہر کوئی عالم دین یا مسلمان اسکالر فتوی دینے کا مجاز نہیں ہوتا ، فتوی دینے کے لئے اہل علم نے بہت سی شرائط بیان کی گئی ہیں، حضرت امام مالک رحمہ اللہ کو ستر فقہاء نے اجازت دی، تب آپ نے فتوی دیا ہے، جبکہ انہوں نے 900 علماء سے علم حاصل کیا تھا، اگر ہر کوئی فتوی دینے لگے تو قوم میں بگاڑ وفساد بپا ہوگا جیسا کہ آج ہمارے سماج میں ہو رہا ہے۔

بعض مقررین اور علماء نما شخصیات کی یہ عادت ہوتی ہے کہ وہ بنا تحقیق کے گفتگو کرتے ہیں اور ہر بات کو حدیث رسول کہہ کر پیش کرتے ہیں، کسی کے قول اور کسی واقعہ کو بھی رسول اللہ ﷺکی جانب منسوب کر دیتے ہیں اور یہ کہتے ہیں، یہ حدیث رسول کا مفہوم ہے ، ایسے لوگوں کو چاہئے کہ وہ پہلے تحقیق کر لیں کہ واقعی یہ حدیث رسول ہے یا نہیں؟ ورنہ بے بنیاد بات کی نسبت رسول اللہ ﷺ کی جانب کرنا بہت بڑے گناہ کا موجب ہے، مقر رو عالم اور اسکالر کو چاہئے کہ پہلے وہ قرآن وسنت کا اچھی طرح علم حاصل کر لے۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:

«حَدَنُو عَنِّى كَمَا سَمِعْتُمْ وَلَا حَرَج إِلَّا مَنْ افْتَرَى عَلَيَّ كَذِباً مُتَعَمِّداً لِيُضِلَّ بِهِ النَّاسَ بِغَيْرِ عِلْمٍ فَلْيَتَبَوَّ مَقْعَدَهُ مِنَ النَّارِ »

’’ جو کچھ مجھ سے سنو ، اسے آگے بیان کرو اس میں کوئی حرج نہیں ، جس شخص نے جان بوجھ کر مجھ پر جھوٹ بولا تا کہ لوگوں کو بغیر علم کے گمراہ کرے، وہ دوزخ میں اپنا ٹھکانہ بنائے ۔‘‘ (رواہ ابن عساکر)

ایسے ہی لوگوں کی مذمت میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے ارشاد فرمایا:

﴿لِيَحْمِلُوا أَوْزَارَهُمْ كَامِلَةً يَوْمَ الْقِيمَةِ وَمِنْ اَوْزَارِ الَّذِينَ يُضِلَّوْنَهُمْ بِغَيْرِ عِلْمٍ اَلَاسَاءَ مَا يَزِرُونَ﴾

’’اس کا نتیجہ ہو گا کہ قیامت کے دن یہ لوگ اپنے پورے بوجھ کے ساتھ ہی ان کے بوجھ کے حصے دار ہوں گے جنہیں بے علمی سے گمراہ کرتے رہے دیکھو تو کیسا برا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔“ (سورۃ النحل : 25)

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

”جس نے لوگوں کو ہدایت کی طرف بلایا، تو اس شخص کو ان تمام لوگوں کا اجر ملے گا جو اس کی دعوت پر ہدایت کا راستہ اپنائیں گے اور جس نے گمراہی کی طرف بلایا تو اس کو تمام لوگوں کے گناہوں کا بار بھی اٹھانا پڑے گا جو اس کی دعوت پر گمراہ ہوئے لوگوں میں ایک ایسا طبقہ بھی ہے جنہیں دین کی باتیں بتانے کا بہت شوق رہتا ہے اور وہ شو آف کرتے رہتے ہیں اور اپنی TRP بڑھا کر خوش ہوتے رہتے ہیں جو نہ کسی جامعات میں علم حاصل کئے ہیں اور نہ علماء کے تحت رہ کر زانوئے ادب طے کیا ہے بعض اردو اور انگریزی کے تراجم پڑھ کر اپنے آپ کو اسلامی اکالر کہلانے لگے ایسے ہی لوگوں سے سماج میں مذہبی فساد بپا ہے ، اس آیت میں ایسے لوگوں کے لئے سبق ہے کہ

وہ روز قیامت کی رسوائی کا خوف کھائیں وہ روز قیامت اپنے گناہوں کا بوجھ بھی اٹھائیں گے اور ان لوگوں کا بوجھ بھی اٹھائیں گے جو ان کی باتوں میں آکر گمراہ ہوئے اور جب تک یہ گمراہی جاری رہے گی، انہی کے سر بوجھ بڑھتا رہے گا، اسی لئے دین کی باتیں بتانے اور اس پر حکم لگاتے ہوئے سوچنا چاہئے ۔ کیونکہ دین کی بات اللہ اور اس کے رسول کی امانت ہے یہ کوئی منطق و فلسفہ اور نظریات کی گفتگو نہیں ہے۔

دعا کرنے کے لئے بھی علم چاہیے:

جب بھی کوئی مسلمان اپنے حق میں یا کسی اور کے حق میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ سے دعا مانگتا ہے تو اسے چاہئے کہ اس کا بھی علم حاصل کرے کہ دعا کیسے مانگنا چاہئے ؟ آغاز دعا کس طرح کریں؟ کن الفاظ کے ساتھ مانگیں؟ کس آدمی کے حق میں دعا کرنا چاہے؟ اور کس آدمی کے حق میں دعا نہیں کرنا چاہئے؟ جب یہ جان کر دعا کرے گا تو اللہ اس دعا کو قبول فرمائیں گے اور بنا علم کے دعا کرے گا تو اس کی دعا قبول نہیں کی جائیگی بلکہ اللہ کی ناراضگی کا موجب ہوگی ایک لمبی حدیث میں ہے کہ لوگ روز قیامت جبکہ نفسانفسی کا عالم ہوگا اپنی سفارش کے لئے حضرت نوح علیہ السلام کے پاس آئیں گے تو وہ یہ فرمائیں گے کہ:

« لَسْتُ هُنَاكُمْ وَيَذْكُرُ خَطِيئَتَهُ الَّتِي أَصَابَ سُوَّالَهُ رَبَّهُ بِغَيْرِ عِلْمٍ وَلَكِنْ اِبْتُوْا إِبْرَاهِيمَ خَلِيلِ الرَّحْمَن »

’’میں اس لائق نہیں اور اپنی اس غلطی کو یاد کریں گے جو بغیر علم کے اللہ رب العزت سے سوال بیٹھے ( اپنے بیٹے کی بخشش کے لئے ) اور کہیں گے کہ ابراہیم علیہ السلام کے پاس جاؤ جو اللہ کے خلیل ہیں ۔‘‘ (صحیح بخاری :7440)

ان تمام دلائل سے اس بات کا علم ہوا کہ

بنا علم کے باتیں نہیں کرنا چاہئے اور نہ اظہار خیال کرنا چاہئے بلکہ ہر بات کے لئے علم حاصل کرنا چاہئے اس ضمن میں اور بھی تفصیلی مواد ہے لیکن طوالت مضمون کے سبب یہیں اکتفا کیا جاتا ہے اللہ تعالی ہم سب کو عمل کی توفیق عطا فرمائے۔

٭٭٭