وہیب سلمہ اللہ نے بتایا کہ اس نے دو دن کے لئے ایک صحرائی علاقے میں کاٹیچ بک کرائی ہے، جہاں ایک نیشنل پارک سیاحتی بناء پر مرجع خاص و عام ہے۔ مجھے اچنبھا بھی ہواکہ میں تو صحراء نفود (دمام اور ریاض کے درمیان) کو دوران تیام جامعہ مدینہ پار کر چکا ہوں اور پھر ریاض سے مدینہ کا بھی ایک ٹرک میں صحرائی سفر کر چکا ہوں تو یہاں ریت اور جھاڑیوں کے سوا کیا چیز قابل دید ہوگی لیکن وہاں پہنچ کراس مقام کی اصل اہمیت و اشگار ہوئی ۔
JOSHUAREE سان ڈیگو سے تقریبا تین گھنٹے یعنی 160 میل کی مسافت پر ہے، امریکہ کے ساحلی شہر لاس انجلز سے مشرق کی طرف چلے آئیں تو 125 میل کا فاصلہ نتا ہے ۔
ہم چونکہ رات کی تاریکی میں اپنی منزل معصو م تک پہنچے تھے، اس لئے سوائے رستے کے نشیب و فراز ، بے آب و گیاہ پہاڑیوں کے درمیان ایک وسیع شاہراہ کے پیچ و خم کے علاوہ مزید کچھ دیکھنے کے لیے اگلی صبح کے منتظر تھے ۔ البتہ دن کی روشنی میں ایک جگہ کچھ توقف کیا تھا ۔ یہ ایک پختہ گرانڈیل عمارت کی شکل میں ایک مارکیٹ تھی ،جس کے بیرونی احاطہ کے ساتھ ساتھ کوئی ایک میل ڈرائیو کرنے کے بعد بعد ہم اس میں داخل ہوئے ، گویا ہم اس کا آخری حصہ ہی دیکھ پائے جہاں گرم کپڑوں کی ایک بڑی سی دوکان میں ہمیں کچھ بھی اپنی پسند کی چیزیں ہاتھ آگئیں اور پھر آدھے گھنٹے کے لئے بجائے پڑول کے ہماری گاڑی نے ایک الیکٹرک عمود کے ساتھ پارک ہو کر چارج ہونے کا موقع حاصل کر لیا ۔
ابھی شفق کی روشنی باقی تھی جب ہم ایک نسبۃً اونچی پہاڑی پر ایک آہنی بھاٹک کے قریب پہنچے کہ جس کی جالیوں سے ہمیں اپنی رہائش گاہ نظر آرہی تھی ۔ اب وہاں نہ آدم، نہ آدم زاد۔ پھاٹک کے کنڈے میں ایک قفل لٹک رہا تھا جس کا کوڈ ہمیں دے دیا گیا تھا اور اس کوڈ نے کھل جا سم سم ، کا سماں پیدا کر دیا اور ہم کاٹیچ میں داخل ہو سکے ۔ بڑے سے احاطہ کے درمیان یہ ایک مستطیل یک منزلہ عمارت تھی جس کے شروع استقبالیہ كره مع لوازمات مطبخ اور ٹی وی اسکرین ، ہمیں خوش آمدید کہنے کا منتظر تھا ، اور پھر اس کمرے سے وہ طبی سی راہداری تھی کہ جس کے ایک طرف دو کمرے اور دوسری طرف مرکزی بیڈ روم اور حمامات کی سہولت مہیا کی گئی تھی ۔ راہداری کے آخر میں ایک اور کمرے کا دروازہ تھا، جس میں ٹیبل ٹینس کے لوازمات سجا دئے گئے تھے۔
مغرب و عشاء کی نماز قبلے کا اندازہ کر کے ادا کی لیکن پھر فجر کی روشنی نے مشرق کا تعین کر دیا کہ جو ہما را درست قبلہ بنتا تھا ۔
JOSHUA TREE یا JTکے نام سے یہ چھوٹا سا قصبہ صحرائی علاقے میں ایک مخصوص درخت کی طرف اپنی نسبت رکھتا ہے ۔
کیلے فورنیا کے مشرق میں وہ وسیع و عریض صحراء ہے جو امریکہ کی تین ریاستوں ( کیلے فورنیا ، ایرے زونا ، نواڈا) کے سرحدی علاقوں پر محیط ہے اور پھر جنوب میں میکسیکو کی سرحدوں کو بھی چھوتا ہے ۔ ایک خاص صحرائی ماحول رکھتا ہے ۔ بڑی بڑی چٹانوں ) BOULDERS ) ، خشک سرزمین اور ناریل کے درخت سے مشابہت ایک جھاڑی نما درخت کی لا تعداد افزائش کو اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے ہے۔ یہ درخت جو 3 فٹ سے 9فٹ تک اپنی بلندی رکھتا ہے ، اپنے بالائی حصے میں ان ٹہنیوں کو اٹھائے ہوئے ہے، جنہیں کانٹے دار پھولوں کے گچھے پھیلے ہوئے دعائیہ کے ہاتھوں کاسا منظر پیش کرتے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ انیسویں صدی میں جب مور من فرقے کے عیسائی اس علاقے میں وارد ہوئے کو انہوں نے ان درختوں کی ہیئت کذائی کو دیکھتے ہوئے انہیں نبی یوشع (Goshra) کا نام دیا، جو ان کے نزدیک اپنے دعائیہ ہا تھوں کی وجہ سے مشہور ہوتے تھے ، یہ بھی کہا گیا کہ وہ جب صحرائے سینا سے شہر اریحا ( JERICHO) کا قصد رکھتے تھے تو ان کے کے تھے اریحا کی طرف اشارہ کر رہے تھے۔
یہ دن ہم نے اسی درخت سے موسوم نیشنل پارک کے طول و عرض کو ماپنے میں گزارا، اس پارک کی طوالت تقریباً ایک گھنٹے کی ڈرائیو کے برابر ہے ، ایسے ہی اس کی چوڑائی ذرا اس سے کم ہوگی ۔ چند قابل دید مقامات کی نشاندنی کردی گئی۔
منظر نامہ تو یکساں ہے ، ہر طرف وہ ٹیلے جو ان چٹانوں کے جمع ہونے سے وجود میں آئے ہیں جواایسا معلوم ہوتا ہے کہ تراش خراش کے بعد ایک دوسرے کے اوپر رکھ دی گئی ہیں۔ انہیں (BOULDER) کا نام دیا گیا ہے ۔ ان چٹانوں کا یا پتھروں کا سائز یا حجم اتنا بڑا ضرور ہوتا ہے کہ انہیں لڑھکایا نہیں جایا سکتا ، اور پھر ان کے درمیان JT کھڑے نظر آتے ہیں ۔ ایک بلند مقام سے میدانی علاقہ نظر نواز ہوا ۔ ہماری آنکھوں
کے سامنے لا تعداد JT اس طرح ایستادہ نظر آئے جیسے کسی کھلے علاقہ میں ستون ہی ستون ہوں ۔ پارک کے تعارفی پمفلٹ میں انہی چٹانوں کو قابل کشش بنانے کے لئے مختلف نام دیے گئے ہیں ۔ مثلاً ایک جگہ ’’ کھوپڑی کی آنکھ ( SKULL EYE) کا نشان نظر آیا۔ اس اونچی چٹان کے بالائی حصے میں ایک بڑا سوراخ ہے اس لئے یہ نام اس پر سجتا ہے ۔ سیاح یہاں تصاویر بنانے میں مصروف تھے۔
ایک جگہ ’’پوشیده وادی‘‘ ( HIDDEN VALLEY ) کی طرف جانے کا تیر نظر آیا۔ لوگ کئی تنگ راستوں کو پھلانگتے ایک طرف کو رواں دواں تھے ، ہم نے بھی ہمت مرداں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس راستے کو جالیا، جو اپنی تنگنائیوں، مخروطی چٹانوں سے بنے جھروکوں اور نشیب و فراز سے پُر راہداریوں کی سیر کراتے کراتے اس وادی تک لے آیا، جہاں JT کا ایک نمونہ ہمارے سامنے تھا ۔ یہ تھی حقیقت اس پوشیدہ وادی کی جو بہت سی رکاوٹوں کی آڑ میں آنکھوں سے اوجھل ہو چکی تھی، یہاں باقاعدہ ایک کار پارک بھی بنا دیا گیا تھا تاکہ سیاح حضرات دلجمعی سے اس پوشیدہ وادی کے اسرار و رموز کو دریافت کر سکیں ۔ پھر آسمان سے ابر رحمت برسنا شروع ہوا تو ہم نے انہی چٹانوں کی اوٹ میں پناہ کی ۔ وہیں ایک پتھر پر بیٹھ کر نماز ادا کی اور پھر پکنک کے بیگ میں محفوظ سینڈوچ سے پیٹ کی آگ بجھائی ۔ ہم نے اس پارک کی راہ نوردی میں اتنا وقت گزار لیا تھا کہ واپسی کے وقت نے ہمیں آلیا ۔
ان سطور کے تحریر کرتے وقت JT سے معمور اس علاقے کے بارے میں جو معلومات حاصل کر سکا اسے باختصار پیش کر رہا ہوں :
یہ وسیع و عریض صحراء امریکہ کی تین ریاستوں کے اطراف میں پھیلا ہوا ہے، جنوبی کیلئے فورنیا ، ایری زونا اور نواڈا ۔ صحراء کے ایک حصے کو MOJAVE کا نام دیا گیا ہے ۔ تقریباً 1242 مربع میل کے رقبے پر محیط ہے لیکن نیشنل پارک کے لئے 676 مربع میل کا علاقہ مختص کیا گیا ہے۔
JTکی نمو بہت سست ہے۔ سالانہ دو تین انچ سے زیادہ نہیں بڑھ پاتا ، مکمل ہونے میں کوئی پچاس(50) ساٹھ (60) سال لگ جاتے ہیں ۔ کیکٹس (CACTUS) سے مشابہ ہے لیکن اس کی جنس مختلف ہے، جسے یُو کس (Yuccus) کا نام دیا گیا ہے ۔ اس کے پتوں اور ریشوں سے ٹوکریاں بنائی جاتی ہیں اور اس کے بیج ریڈ انڈین کی غذاس شامل ہیں ،میکسیکو میں اس سے ٹی کولا" (TEQULLA) نامی شراب کشید کی جاتی ہے۔
قدیم ترین درخت کی عمر 9 سو سال بتائی گئی ہے ۔
اس صحراء میں کوئی بڑا جانور نہیں پایا جاتا سوائے (COYOTE) کے جو ایک بھیڑیا نما حیوان ہے جو نہ صرف صحراء میں بلکہ آبادیوں میں بھی مٹر گشت کرتا نظر آجاتا ہے۔ اس کے علاوہ بچھو، سانپ اور کا لے مکڑے بھی یہاں کی شناخت ہیں ۔ ساحل سمندر سے آتے آتے اس علاقے کی بلندی 2700 فٹ رقم کی گئی ہے ۔ نیشنل پارک سے متصل قصبہ ایسی درخت کے نام سے پہچانا جاتا ہے کہ جس کی آبادی ساڑھے سات ہزار نفوس سے متجاوز نہیں ہے۔
قصبہ أولین ( PIONEER TOWN )
امریکن تاریخ کامیں دلچسپی سے مطالعہ کرتا ہوں، اعلان آزادی (1776ء) سے کوئی ڈھائی سو سال قبل سے یورپ سے دخانی بحری جہاز نئے ملک اور نئی آبادیوں کے متلاشیوں کو امریکہ کے مشرقی ساحلوں کی طرف لے جانے کے لئے کمربستہ تھے۔ مشرقی اور وسطی امریکہ میں نو آبادیاں قائم کرنے کے بعد نئی دنیا کے فاتحین ’’ھل من مزید‘‘ کی تلاش میں انتہائے مغرب پہنچنا چاہتے تھے، جہاں کیلے فورنیا اور ملحقہ علاقوں میں سونے کی دریافت مال وزر کے عشاق کے لئے مہمیز کا کام دے رہی تھی ۔ کہیں بنجر پہاڑیاں ، کہیں انتہائی سرسبز وادیاں اور پھر مییس پی ( MISSISPI ) اور دیگر گہرے اور مہیب دریاؤں کا پار کرنا جب کہ مقامی باشندوں یعنی ریڈا نڈین کے تیروں کی بوچھاڑ کا ہر دم خطرہ لاحق رہتا تھا اور پھر سواری کے لئے گھوڑے یا دو چار گھوڑوں کی بگھیاں لیکن راستے اتنے طویل کہ کنارہ ہا تھ نہ آئے۔
یہ لوگ ان راستوں پر بستیاں بساتے گئے ، ایک عام سی بستی کا یہ منظر نامہ تھا کہ جہاں کہیں پانی میسر ہو، یہ لوگ کچے راستے کے دو اطراف لکڑی کے یک منزلہ یا دو منزلہ مکانات بنا لیتے، دکانیں، دفاتر ، شراب خانے اور خاص طور پر اسلحہ یعنی بندوقوں کے قابل فروخت ذخیرے ، صف اول میں اور عقب میں رہائشی مکانات کہ جن کے ساتھ مویشیوں کے وسیع وعریض باڑے ہواکرتے تھے ۔
اب یہ مناظر عتقا ہوچکے ہیں لیکن JT سے واپسی کے لئے نکلتے وقت ہم نے دس بارہ منٹ کے فاصلے پر واقع PIONEER TOWN کی راہ لی جو ایسے ہی ایک قصبے کی یاد تازہ کرنے اور خاص طور پر سیاحوں کو اس قدیم دنیا کی سیر کرانے کے لئے 1946 ء میں خاص طور پر بتایا گیا تھا۔
JT اگر 2700 فٹ کی سطح مرتفع پر واقع ہے تو ہم مزید تیرہ سوفٹ کی بلندی پر واقعے اس قصبے میں پہنچ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ قضیہ 1880 ء کے ماحول کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے اور مقصود یہ تھا کہ ’جنگلی مغرب‘‘(WILLD WEST) کی زندگی کی تصویرکشی کے لئے اور پھر اسے پردہ سیمیں پیش کرنے کا سازو سامان فراہم کیا جا سکے ۔ ہم نے گاڑی قصبے سے باہر پارک کی اور پھر اس کچے راستے پر ہولئے کہ جس کے دونوں طرف ڈیڑھ سوسال قبل کی دنیا آباد تھی۔
سب سے پہلے دکان میں ان فلموں کے پوسٹروں کی تشہیر کی گئی تھی جن کی شوٹنگ یہاں پر ہوتی ہیں،ہم اگلی دکان پر پہنچے جہاں تھڑے پر ایک صاحبہ کرسی پر براجمان پیروں کی کھڈی کی مدد سے اونی شال بننے میں مصروف تھیں ، دوسری کرسی پر ان کے شریک حیات اپنے کسی فن کا مظاہرہ کر رہے تھے اور پیروں میں ایک بھیڑ اس خاموشی کے ساتھ براجمان تھی گویا کوئی مورتی رکھ دی گئی ہو۔
پوچھا کہ اقامت کہاں ہے؟ کیا روزانہ باہر سے آنا ہوتا ہے ؟
تو اس نے بتایا کہ نہیں ! ہم لوگ اسی قصبے میں ذرا فاصلے پر رہائش رکھتے ہیں جہاں ماڈرن زندگی کی ساری سہولتیں میسر ہیں لیکن روزانہ اور خاص طور پر و یک اینڈ میں اپنی اس روایت کو برقرار رکھنے کے لیے اور سیاحوں کی دلدہی کے لئے حاضر رہتے ہیں۔
کیا آبادی ہوگی ؟ تو تبایا کہ کوئی 420 اشخاص یہاں رہائش پذیر ہیں ۔ ایک دکان پر یہ بورڈ آویزاں تھا (GUN FIGHTER FOR HIRE)
یعنی ’’بندوقچی کرائے کے لئے ۔‘‘
سٹی آفس کی بوسیدہ عمارت میں داخل ہوئے تو شروع ہی میں ایک کو ٹھری سلاخوں سے پٹی موجود تھی جو غالباً حبس بے جا کی نیت سے بنائی گئی ہوگی۔
دوسری دکانوں پر تخالف ، قدیم ملبوسات ، یادگاری مصنوعات ، فروخت کے لئے موجود تھیں ۔ مویشیوں کے باڑے بھی نظر آئے ۔ ایک سرائے کے بالمقابل لکڑی کے وہ کھونٹے بھی نظر آ رہے تھے جہاں مسافر اپنے گھوڑوں کو باندھ سکیں۔
پانی کی فراہمی کے لئے بازار کے آخر میں ایک کنواں اپنے ڈول کے ساتھ موجود تھا ۔ یہ ایک مختصر سا بازار تھا ۔ ہم نے دوسری طرف کے دروازوں اور کھڑ کیوں پر ایک طائرانہ نظر ڈالتے ہوئے واپسی کی راہ لی ۔ ایک جگہ قدیم امریکی لباس میں ملبوس دو گھڑ سوار اپنے گھوڑوں پر نظر آئے ، جو ایک ہاتھ میں گھوڑے کی باگ اور دوسرے ہاتھ میں وہ رسی کا پھندا پھیلائے ہوئے تھے جسے وہ اپنی مہارت کے اظہار کے لئے کسی چلتے پھرتے شخص کی طرف اس طرح پھینکتے کہ وہ اسی کی گردن میں سما جائے ۔ پرانے زمانے میں اس طرح دشمن کو قابو میں لایا جاتا تھا اور اب سیاحوں کے ساتھ اٹھکیلیاں کرنے کے لئے ۔
JT اکادکا یہاں بھی نظر آئے ۔ ہم نے سان ڈیگو کی شاہراہ کو دوبارہ جالیا اور پھر ڈھائی تین گھنٹے کی مسافت طے کرنے کے بعد اپنی رہائش گاہ میں داخل ہو گئے ۔
اب یہاں مقارنۃً ایک اور جگہ کا تذکرہ کرتا چلوں ۔
مجھے کینیا ( مشرقی افریقہ) میں اپنی نو سالہ اقامت کے دوران کئی دفعہ اس ملک کے ایک دور دراز علاقے میں واقع ایک قصبے ’’ اسیولو‘‘ (ISIOLO) جانا، یاد ہے جو 1970ء کے لگ بھگ امریکہ کے مذکورہ یادگار قصبے کی تصویر پیش کر رہا تھا ۔ یہاں ہمارے دوست شیخ محمد سلفی (حال مدیر جامعہ ستاریہ کراچی) سعودیہ کی طرف سے مبعوث کی حیثیت سے مقیم تھے اور اس دور افتادہ علاقے میں ایک یتیم خانے کی سر پرستی کر رہے تھے ۔ بالکل یہی منظر ، نیم صحرائی علاقہ، قصبے کے درمیان واحد کچی سڑک جس کے دونوں طرف دکانیں اور مکانات تھے، فاصلے فاصلے پر ر ہا ئشی مکانات تھے ، فرق صرف اتنا تھا کہ لوگ جینے کی خواہش لئے اس قصبے کے باسی بن گئے تھے ، یہاں کوئی بندوقچی کرائے کے لئے نہیں تھا ، آبادی صومالی باشندوں پر مشتمل تھی ، البتہ یہاں جنگلی جانوروں کی بہتات تھی۔ سورج غروب ہوتے ہی اندھیرا چھا جاتا تھا اور لوگ اپنے گھروں کے دروازے مضبوطی سے بند رکھتے تھے اور وہ اس لئے کہ رات کو جنگلی جانوروں بشمول شہنشاہ جنگل اور اس کے مصاحبین کو مٹر گشت کرنے سے کوئی روک نہ سکتا تھا۔ گو آبادی کی مناسبت سے بڑے جانور ذرا دور ہی رہتے تھے لیکن ہرن، زیبروں، زرافوں، بندروں اور اصل بھیڑیوں کی اچھل کود کا پورا امکان رہتا تھا۔
"ISIOLO" کے مشاہدات پر اب نصف صدی کا عرصہ گزر چکا ہے ، یہ قصبہ چونکہ ایک جیتا جاگتا قصبہ تھا، اس لیے تیزی سے ترقی کے مدارج طے کرتا رہا ، ایک سڑک نہیں بے شمار سڑکیں ہیں اور سب کی سب پختہ، ٹین اور لکڑی کے مکانات کے بجائے سمینٹ اور کنکریٹ کے طفیل سے نئی نئی عمارتیں جلوہ گر ہو چکی ہیں ۔ وہ جگہ جہاں صرف گاڑی ، جیپ اور ٹرک کی رسائی تھی۔ وہاں اب ایک بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی بن چکا ہے۔ عصر حاضر کی ٹیکنا لوجی کی بدولت ہمارے قا رئین اس مضمون میں مذکور تینوں جگہوں کو ’’یوٹیوب ‘‘ کے طفیل اب خود دیکھ سکتے ہیں اور اللہ کی بنائی اس زمین کی رنگینوں سے گھر بیٹھے محظوظ ہو سکتے ہیں۔ (جاری ہے)
٭٭٭
تحریک اہل حدیث دراصل کتاب و سنت کی بے آمیز دعوت کی تحریک تھی جس کا مقصد مشرکانہ اوہام اور بدعات و رسومات کا خاتمہ اور تقلید و جمود کے بالمقابل تحقیق و اجتہاد کا فروغ تھا. بدقسمتی سے آج زیادہ زور چند فروعی مسائل پر رہ گیا ہے اور وہ تجدیدی اور اجتہادی فکر مفقود ہو گئی ہے جو روز اول سے اس کا شعار تھی. اس فکری زوال سے نکلنے کا راستا یہی ہے کہ اپنے اصلی مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے جامع حکمت عملی بنائی جائے اور گروہی ذہنیت سے نکل کر ملی مصالح کے حصول کو اپنا نصب العین بنایا جائے۔
(طاہر اسلام عسکری)

