ارشاد باری تعالیٰ ہے:

﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَكُونُوا كَالَّذِينَ آذَوْا مُوسَىٰ فَبَرَّأَهُ اللَّهُ مِمَّا قَالُوا ۚ وَكَانَ عِندَ اللَّهِ وَجِيهًا﴾ (سورۃ الاحزاب:69 )

’’اے لوگوجو ایمان لائے ہو، اُن لوگوں کی طرح نہ بن جاؤ جنھوں نے موسیٰؑ کو اذیتیں دی تھیں، پھر اللہ نے ان کی بنائی ہوئی باتوں سے اس کی برأت فرمائی اور وہ اللہ کے نزدیک باعزت تھا۔،،

قارئین کرام ہم سورہ احزاب کا جب گہرائی کے ساتھ مطالعہ کرتے ہیں تو ہمیں یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان بدنصیبوں اور بدبختوں کے بداعمالیوں کا ذکر کیا ہے جو نبی مکرم ﷺ کو اپنے اعمال خبیثہ و نازیبا اقوال سے اذیت پہنچاتے ہیں۔ علاوہ ازیں ظاہری طور پر ایمان کا دعویٰ کرنے والوں کی اصلیت بھی اس سورہ میں کھل کر سامنے آئی، غرضیکہ جو کچھ بھی کوفت (مرض نفاق میں مبتلا لوگوں کی طرف سے) آپؐ اور اہل ایمان کو اٹھانی پڑی ان سب کا ذکر ہمیں اس میں ملتا ہے۔ اور ہم یہ بھی پاتے ہیں کہ اہل ایمان نے حق و باطل کی معرکہ آرائی میں کس طرح شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کیا اور اپنے ایمان کی روشنی میں آگے ہی آگے بڑھتے رہے اور اسلام سے سچی وابستگی اور والہانہ محبت کی برکت نے انہیں دشمن کے لشکر جرار کو خاطر میں نہ لانے کا حوصلہ پیدا کردیا۔

نبی کریم ﷺ کے سچے ساتھی ، صحابہ کرام رضی اللہ علیہم اجمعین نے ہر آزمائش کے موقع پر اپنے وعدوں کو سچ کر دکھایا۔ غرضیکہ آیت کریمہ میں اس بات کا ذکر بھی ہمیں ملتا ہے کہ جو لوگ اللہ تعالیٰ اور نبیﷺ کو ایذا پہنچاتے ہیں وہ اللہ کی رحمت سے محروم ہونے والے ہیں۔صرف دنیا میں ہی نہیں بلکہ آخرت میں بھی انہیں اللہ کی رحمت سے محروم ہونا پڑے گا اور رسوا کن عذاب بھی انہیں دیا جائے گا۔ اب آیت 69 میں ایک دوسرے انداز سے نبی کریم ﷺ کی قدر و منزلت بتانے اور لوگوں کو عام تعلیم دیتے ہوئے حضرت سیدنا موسیٰؑ کے حوالے سے یہ بات بتلاکر تنبیہ کیا جارہا ہے کہ تم بنی اسرائیل کی طرح نہ بن جاؤ جنہوں موسیٰ علیہ السلام کوستایا ہے۔ چنانچہ فرمان حق تعالیٰ یوں ہوا:

﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَكُونُوا كَالَّذِينَ آذَوْا مُوسَىٰ فَبَرَّأَهُ اللَّهُ مِمَّا قَالُوا ۚ وَكَانَ عِندَ اللَّهِ وَجِيهًا﴾

’’اے ایمان والو! نہ بن جانا اُن (بدبختوں) کی طرح جنہوں نے موسیٰ کو ستایا ۔ پس بری کردیا انہیں اللہ تعالیٰ نے اس سے جو انہوں نے کہا، اور آپ اللہ کے نزدیک بڑی شان والے تھے۔‘‘

پیغمبر وقت حضرت موسیٰ علیہ السلام کی قوم بنی اسرائیل کی اللہ تعالیٰ عزوجل سے ناشکری اور اپنے نجات دہندہ، رہنماو راہبرحضرت موسیٰ علیہ السلام سے ناقدری کی پوری داستان قرآن حکیم میں ہمیں ملتی ہے۔ حالانکہ وہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو اپنا نبی( من اللہ)جانتے ہوئے بھی ہر طرح سے تنگ کیا تھے ۔علامہ پیر کرم شاہ ازھری رحمہ اللہ نے مذکورہ آیت کی تفسیر فرماتے ہوئے یوں رقم طراز ہوئے:

’’ اے ایمان کا دعویٰ کرنے والو! تم بنی اسرائیل کی روش اختیار کرکے میرے محبوب کی دل آزاری نہ کرنا ورنہ تم کو اس گستاخی کی ایسی سزا ملے گی جس سے نجات کے سارے دروازے بند ہوجائیں گے۔اس سے ثابت ہوا کہ ہر وہ چیز جس سے نبی کریم ﷺ کو تکلیف پہنچے ، وہ قطعاً ممنوع ہے۔ اللہ تعالی کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا، اس کی صفات کمال کا انکار، حضور کی ذات اقدس و اطہر پر بہتان باندھنا ، اللہ تعالیٰ نے حضور کو جن کمالات سے سرفراز فرمایا ہے، ان کا انکار کرنا، حضور کے دین اور شریعت کے قوانین کو ناقابل عمل کہنا۔ حضور کی آل اطہار پر معترض ہونا (آل اطہار کی توضیح تفہیم القرآن میں سورہ احزاب کی آیت 56 کے تحت میں دیکھی جاسکتی ہے جو بہت عام فہم اور دلنشیں بھی ہے) حضور کے صحابہؓ پر زبان لعن دراز کرنا، یہ سب ایسے امور ہیں جن سے حضور کے قلب مبارک کو تکلیف پہنچتی ہے۔ ان تمام امور سے اجتناب ضروری ہے (ضیاالقرآن جلد چہارم صفحہ 100) جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا کہ بنی اسرائیل کی ناشکری و ناقدری کی داستان بڑی طویل ہے جس نے اللہ تعالیٰ اور اپنے رسول کی نافرمانی سے لبریز تاریخ رقم کی ہے۔ قرآن مجید میں بہت سے مقامات پر ہمیں یہ بات بڑی تفصیل سے ملتی ہے کہ حضرت سیدنا موسیٰ کلیم اللہ علیہ السلام کو اللہ کا نبی اور اپنا محسن جانتے ہوئے بھی بنی اسرائیل نے آپؑ کو کس کس طرح سے تنگ کیا اور کیسی کیسی بے وفائیاں کیں۔اس کی تفصیل میں جانے سے قبل خود حضرت موسیٰؑ کی زبانی بتایا گیا کہ اے میری قوم کے لوگو تم مجھے کیوں اذیت دیتے ہو، اس سلسلہ میں سورہ الصف کی آیت5 اس بات کی گواہی پیش کررہی ہے۔

﴿وَإِذْ قَالَ مُوسَىٰ لِقَوْمِهِ يَا قَوْمِ لِمَ تُؤْذُونَنِي وَقَد تَّعْلَمُونَ أَنِّي رَسُولُ اللَّهِ إِلَيْكُمْ ﴾

’’اور یاد کرو موسیٰ کی وہ بات جو انہوں نے اپنی قوم سے کہی تھی کہ ’’اے میری قوم کے لوگو، تم کیوں مجھے اذیت دیتے ہو حالانکہ تم خوب جانتے ہو کہ میں تمہاری طرف اللہ کا بھیجا ہوا رسول ہوں۔‘‘

حضرت موسیٰ علیہ السلام کے اس بیان سے ہی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ انبیاء کو دکھ دینا اور ایذا پہنچانا یہود کی عادت خبیثہ رہی ہے جس کا اظہار حضرت موسیٰ علیہ السلام اپنے درد انگریز الفاظ کے ذریعہ فرما رہے ہیں۔ بنی اسرائیل کی پے درپے نافرمانیاں اور اپنے رسول کو ہر موقع پر دکھ پہنچانے کے واقعات کو سمجھنے کیلئے درج ذیل آیات کو نگاہ میں رکھیئے جس کی یہاں صرف ترجمانی پیش کی جاتی ہے:

1۔یاد کرو جب ہم نے موسیٰ علیہ السلام کو چالیس شبانہ روز کی قرار داد پر بلایا ، تو ان کے پیچھے تم بچھڑے کو اپنا معبود بنا بیٹھے۔ اس وقت تم نے بڑی زیادتی کی تھی، مگر اس پر بھی ہم نے تمہیں معاف کردیا کہ شاید اب تم شکر گذار بنو۔ یاد کرو(ٹھیک اسی وقت جب تم یہ ظلم کررہے تھے)

ہم نے موسیٰ علیہ السلام کو کتاب اور فرقان عطا کی تاکہ تم اس کے ذریعہ سے سیدھا راستہ پاسکو ۔

1۔ یعنی مصر سے نجات پانے کے بعد جب بنی اسرائیل جزیرہ نمائے سینا میں پہنچ گئے تو حضرت موسیٰ علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے چالیس شب و روز کے لئے کوہ طور پر طلب فرمایا تاکہ وہاں اس قوم کے لیے، جو اب آزاد ہوچکی تھی، قوانین شریعت اور عملی زندگی کی ہدایات عطا کی جائیں۔

2۔ فرقان سے مراد ہے وہ چیز جس کے ذریعہ سے حق اور باطل کا فرق نمایاں ہو یعنی دین کا وہ علم اور فہم جس سے آدمی حق اور باطل میں تمیز کرتا ہے۔

3۔ یاد کرو جب موسیٰ علیہ السلام یہ نعمت لیے ہوئے پلٹے، تو انہوں نے اپنی قوم سے کہا کہ ’’لوگو، تم نے بچھڑے کو معبود بناکر اپنے اُوپر سخت ظلم کیا ہے، لہٰذاتم لوگ اپنے خالق کے حضور توبہ کرو اور اپنی جانوں کو ہلاک کرو اسی میں تمہارے خالق کے نزدیک تمہاری بہتری ہے،،۔ اس وقت تمہارے خالق نے تمہاری توبہ قبول کرلی کہ وہ بڑا معاف کرنے اور رحم فرمانے والا ہے۔

4۔ یعنی اپنے ان آدمیوں کو قتل کرو جنہوں نے گوسالہ کو معبود بنایا اور اس کی پرستش کی۔

’’ یاد کرو جب تم نے موسیٰ علیہ السلام سے کہا تھا کہ ہم تمہارے کہنے کا ہر گز یقین نہ کریں گے، جب تک کہ اپنی آنکھوں سے علانیہ خدا کو (تم سے کلام کرتے) نہ دیکھ لیں۔ اس وقت تمہارے دیکھتے دیکھتے ایک زبردست کڑکے نے تم کو آلیا۔ تم بے جان ہوکر گرچکے تھے، مگر پھر ہم نے تم کو جِلا اُٹھایا، شاید کہ اس احسان کے بعد تم شکر گزار بن جاؤ ۔‘‘ (سورۃ البقرہ: 51۔56)

یادکرو،جب موسیٰ علیہ السلام نے اپنی قوم کیلئے پانی کی دعاکی تو ہم نے کہا کہ فلاں چٹان پر اپنا عصا مارو۔ چنانچہ اس سے بارہ چشمے پھوٹ نکلے اور ہر قبیلے نے جان لیا کہ کون سی جگہ اس کے پانی لینے کی ہے۔(اس وقت یہ ہدایت کردی گئی تھی کہ) اللہ کا دیا ہوا رزق کھاؤ پیو اور زمین میں فساد نہ پھیلاتے پھرو ۔۔۔!

’’بنی اسرائیل کے بارہ قبیلے تھے۔ خدانے ہر ایک قبیلے کے لئے الگ چشمہ نکال دیا تاکہ ان کے درمیان پانی پر جھگڑا نہ ہو۔ ‘‘ (سورۃ البقرہ: 60)

5۔ پھر وہ واقعہ یاد کرو، جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا کہ اللہ تمہیں ایک گائے ذبح کرنے کا حکم دیتا ہے۔ کہنے لگے کیا تم ہم سے مذاق کرتے ہو؟ موسیٰ علیہ السلام نے کہا میں اس سے خدا کی پناہ مانگتا ہوں کہ جاہلوں کی سی باتیں کروں۔بولے اچھا، اپنے رب سے درخواست کرو کہ وہ ہمیں اس گائے کی کچھ تفصیل بتائے۔موسیٰ علیہ السلام نے کہا اللہ کا ارشاد ہے کہ وہ ایسی گائے ہونی چاہیے جو نہ بوڑھی ہو نہ بچھیا بلکہ اوسط عمر کی ہو۔ لہٰذا جو حکم دیا جاتا ہے اس کی تعمیل کرو۔ پھر کہنے لگے اپنے رب سے یہ اور پوچھ دو کہ اس کا رنگ کیسا ہو؟ موسیٰؑ نے کہا وہ فرماتا ہے زرد رنگ کی گائے ہونی چاہیے، جس کا رنگ ایسا شوخ ہوکہ دیکھنے والوں کا جی خوش ہوجائے۔ پھر بولے اپنے رب سے صاف صاف پوچھ کر بتاؤ کیسی گائے مطلوب ہے، ہمیں اس کے تعیین میں اشتباہ ہوگیا ہے، اللہ نے چاہا تو ہم اس کا پتہ پالیں گے۔ موسیٰؑ نے جواب دیا اللہ کہتا ہے کہ وہ ایسی گائے ہے جس سے خدمت نہیں لی جاتی، نہ زمین میں جوتی ہے نہ پانی کھینچتی ہے، صحیح سالم اور بے داغ ہے۔ اس پر وہ پکار اٹھے کہ ہاں، اب تم نے ٹھیک پتہ بتایا ہے پھر انھوں نے اسے ذبح کیا، ورنہ وہ ایسا کرتے معلوم نہ ہوتے تھے۔

5۔ چونکہ بنی اسرائیل کو اہل مصر اور اپنی ہمسایہ قوموں سے گائے کی عظمت و تقدیس اور گاؤ پرستی کے مرض کی چھوت لگ گئی تھی اور اسی بنا پر انہوں نے مصر سے نکلتے ہی بچھڑے کو معبود بنالیا تھا، اس لئے ان کو حکم دیا گیا کہ گائے ذبح کریں۔ انھوں نے ٹالنے کی کوشیش کی اور تفصیلات پوچھنے لگے۔ مگر جتنی جتنی تفصیلات وہ پوچھتے گئے اتنے ہی گھرتے چلے گئے یہاں تک کہ آخرکار اسی خاص قسم کی سنہری گائے پر جسے اس زمانے میں پر ستش کے لئے مختص کیا جاتا تھا گویا انگلی رکھ کر بتادیا گیاکہ اسے ذبح کرو۔ (سورہ البقرہ: 67 تا 70)

اور اسی طرح بنی اسرائیل کی نافرمانیوں اور اپنے انبیاء کے قتل کرنے کا ذکر سورہ النساء میں ہمیں یوں ملتا ہے، جو نبی ﷺ سے خطاب فرماتے ہوئے کہا گیا ۔

6۔ اے نبیﷺ، یہ اہل کتاب اگر آج تم سے مطالبہ کررہے ہیں کہ تم آسمان سے کوئی تحریر اُن پر نازل کراؤ تو اس سے بڑھ چڑھ کر مجرمانہ مطالبے یہ پہلے موسیٰ علیہ السلام سے کرچکے ہیں۔ ان سے تو انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں خدا کو علانیہ دکھا دو اور اسی سرکشی کی وجہ سے یکایک ان پر بجلی ٹوٹ پڑی تھی۔ پھر انھوں نے بچھڑے کو اپنا معبود بنالیا، حالانکہ یہ کھلی کھلی نشانیاں دیکھ چکے تھے۔

اس پر بھی ہم نے ان سے درگزرکیا۔ ہم نے موسیٰ علیہ السلام کو صریح فرمان عطاکیا، اور ان لوگوں پر طور کو اٹھا کر ان سے (اُس فرمان کی اطاعت کا) عہد لیا۔ (سورۃ النساء: 153۔ 154، ترجمانی آیات) (جاری)