شیخ القرآن و الحدیث، جامع العلوم النقلیۃ والعقلیۃ، حافظ عبدالمنان نور پوری (1940، 2012ء) میں بہت سی خوبیاں پائی جاتی تھیں۔ آپ بیک وقت ایک کامیاب مدرس، عظیم خطیب اور قابل مناظر تھے۔ آپ ارشاد القاری کے نام سے صحیح البخاری کے عظیم عربی شارح اور فتاویٰ پر مشتمل کتاب احکام و مسائل کے مؤلف تھے۔ آپ کو تحریر اور تقریری مناظرہ میں ید طولیٰ حاصل تھا جس پر شاہد آپ کے مطبوعہ مناظرے ہیں جو منہ توڑ اور علمی ہیں۔ آپ وسیع العلم اور حلیم الطبع تھے لیکن اس کے باوجود آپ اس میدان میں علماء و طلبہ کے سوا گمنام ہی رہے۔ مناظرے کا انداز آپ کی تدریس کے دوران بھی غالب ہوتا تھا، جو طلبہ کو علم کے ساتھ مناظرے میں بھی مفید ہوتا تھا۔
دین اسلام کے عظیم عالم اور اہل حدیث کے کامیاب وکیل ہونے کے باوجود آپ میں فرقہ وارانہ تشدد اور مسلکی تعصب کی بُو تک نہ تھی۔ دوسرے اَدیان ومذاہب کے علماء و عوام کا اَدب واحترام آپ میں بدرجہ ٔ اتم موجود تھا۔ آپ غصے میں بھی ان باتوں کا خوب خیال رکھتے تھے اور اپنے آپ کو قابو میں رکھتے تھے۔
آپ قائم اللیل اور صائم الدھر تھے۔ آپ زہدو تقویٰ اور صبر و استقامت کے پہاڑ تھے۔ حق بات منہ پر کرتے تھے۔ غیبت، چغلی، حسد اور بغض سے کوسوں دُور تھے۔ آپ خاموش الطبع تھے اور دوسروں کی بات خاموشی سے سنتے تھے، پوچھنے پر بات کا جواب ضرور دیتے تھے۔ قناعت اور سادگی پسند تھے۔ آپ دین اسلام کی سچائی اور مسلک اہل حدیث کی سچائی کے پیکرو مجسم تھے۔ غرضیکہ اُستاذِ گرامی ہمارے دَورِ پُرفتن میں، آیۃ من آیات اللہ (اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی) تھے۔ آپ کی وفات کو بارہ (12) سال کا طویل عرصہ گزر گیا لیکن آپ کی وفات سے آپ کا خلا پُر ہوتا اب تلک نظر نہ آیا۔ اللہ تعالیٰ آپ کی مغفرت فرمائے اور آپ پر رحم فرمائے۔ آمین!
جامعہ محمدیہ گوجرانوالہ میں پڑھائی سے پہلے آپ کی زیارت اور ایک متمول شخص کا آپ کو ’’ولی اللہ‘‘ (اللہ کا دوست) کہنا:
دارالعلوم اوڈانوالہ میں اپنی تعلیمی فراغت سے کچھ عرصہ پہلے مجھے شدید خواہش اور تمنا تھی کہ میں شیخ الحدیث مولانا حافظ محمد گوندلوی سے صحیح بخاری پڑھوں۔ جب میں آپ کے پاس حاضر ہوا تو آپ کی عمراس وقت چھیاسی (86)یا ستاسی (87) سال تھی اور گروہِ علماء میں آپ کی سند حدیث، ’’عالی‘‘ تھی۔ یعنی آپ اور رسول اللہﷺ کے درمیان سند ِ حدیث میں واسطے کم تھے، پس اس نیک خواہش اور نیک تمنا کی تکمیل کے لیے میں جامعہ محمدیہ گوجرانوالہ چلا آیا۔
جامعہ میں میرا پہلا دن تھا، میں استاذِ گرامی حافظ عبدالمنان نور پوری سے ملاقات کے لیے شدّت سے بے تاب تھا۔ ایک اجنبی طالب علم ہونے کی وجہ سے مجھے آپ کے گھر کا علم نہ تھا۔ میں نے مغرب سے ذرا پہلے ایک نوجوان طالب علم کو ساتھ لیا، جامعہ کے جنوب مغرب میں آپ کی مسجد تھی اور اس کے جنوب میں زیر تعمیر مسجد تھی جس کے خطیب آپ کے شاگردِ رشید مولانا محمد رفیق بستانی تھے۔ آپ بھی ہاشمی قبرستان کے راستے میں واقع اس مسجد میں درس قرآن و حدیث کے لیے بعد نماز عشاء تشریف لے جاتے تھے، ہم اس مسجد کے جنوب مشرقی دروازے پر پہنچے تو میں نے ایک پچاس سالہ شخص سے پوچھا کہ حافظ عبدالمنان یہیں ہیں؟ وہ استاذِ گرامی کا مرید تھا، اس نے مسجد کے بڑے کمرے کی طرف اپنے ہاتھ سے اشارہ کرتے ہوئے کہا:
وہ ’’اللہ کا ولی‘‘ لیٹا ہوا ہے۔ ہم کمرے کے اندر گئے تو آپ مسجد کے کچے فرش پر، ایک بوسیدہ صف پر لیٹے ہوئے تھے۔ ہم نے آپ کو سلام کیا۔ آپ نیند سے بیدار ہوئے اور ہمارے سلام کا جواب دیا، تھوڑی سی بات چیت کے بعد ہم نے نماز مغرب آپ کے پیچھے پڑھی اور جامعہ کی طرف چلے آئے۔ جی ٹی روڈ پر واقع اس معروف صنعتی شہر میں اس فقیر بے نوا کا ایسی چٹائی پر لیٹنا، میرے لیے حیران کن اَمر تھا، جہاں میں نے تو بعض جوان خطباء اور ائمہ کو شہزادوں کی طرح چلتے پھرتے دیکھا تھا۔
استاذِ گرامی سے شرفِ تلمذ:
آپ سے غائبانہ تعارف تو مجھے سن 1974ء سے پہلے کا تھا جب میں آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا۔ اس وقت میں مسلک اہلحدیث سے بہت دَور تھا، میں نے آپ کو پہلی بار سن 1980ء میں دارالعلوم اوڈانوالہ ضلع فیصل آباد میں دیکھا تھا۔ جب آپ جامعہ تعلیم الاسلام ماموں کانجن میں ایک ممتحن کی حیثیت سے تشریف لائے تھے اور واپسی پر یہاں ایک رات قیام کیا تھا، جس کی وجہ سے یہاں علمی رونق دوبالا ہوگئی تھی اور میرے جیسے علم کے پیاسوں نے آپ سے علمی پیاس بجھائی تھی۔
ہمارے شیخ حافظ محمد محدث گوندلوی (1897۔ 1985ء) اس وقت زندہ تھے آپ کی سند، طبقہ ٔ علماء میں عالی تھی۔ آپ سے یہ سند لینے کی مجھے دیرینہ خواہش اور آرزو تھی۔ میں دارالعلوم اوڈانوالہ سے فارغ ہوا تو جامعہ محمدیہ گوجرانوالہ چلا آیا۔ یہاں اللہ تعالیٰ نے میری مذکورہ نیک اور دیرینہ خواہش پوری کردی اور اسی قیام کے دوران میں نے اپنے استاذ گرامی حافظ عبدالمنان نور پوری سے دیگر اکیس طلبہ کے ساتھ، نصابی کتابوں میں سے تفسیر البیضاوی اور شرح العقیدہ الطحاویۃ پڑھی اور اپنے ساتھی شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمٰن ضیاء (جھنگ)کے ساتھ الاتقان فی علوم القرآن للامام جلال الدین السیوطی اور بغیہ الفحول فی علم الاصول لشیخنا الامام گوندلوی کو پڑھا۔
اس ایک سالہ قیام کے دوران آپ کی مسجد میں آپ کی ہفتہ وار علمی مجالس سے بھی خوب استفادہ کیا، میں آپ کا خطبہ جمعہ بھی سنتا تھا، مجھے خطبہ جمعہ کے لیے کسی مسجد میں جانا نہیں ہوتا تھا، غرض کہ آپ کا وجود مسعود ہی ہمارے لیے کسی جامعہ سے کم نہ تھا۔ آپ سے شرفِ تلمذ کی سعادت میرے لیے آپ کی وفات حسرت آیات تک قائم رہی۔
اساتذہ کرام کا اَدب و احترام:
جامعہ ہذا میں ، شیخ الحدیث مولانا محمد عبداللہ گجراتی بانی جامعہ ہذا، شیخ الحدیث محمد گوندلوی، مفتی عبدالحمید ہزاروی اور شیخ الفقہ مولانا جمعہ خان ہزاروی جیسے اساتذہ کرام کی موجودگی میں آپ نے چالیس یا پچاس سال کے طویل عرصہ تک پڑھایا، علوم مختلفہ کی تدریس میں ان سب کو آپ پر اعتماد کامل تھا اور آپ بھی ان سب کا بہت اَدب و احترام کرتے تھے اور ان کی موجودگی میں خاموش رہتے تھے۔
شیخین اور حافظین کی معروف اصطلاح:
استاذ گرامی مفسر قرآن، مولانا حافظ عبدالسلام بن محمد بھٹوی اور حافظ عبدالمنان نور پوری دونوں طالب علمی کے زمانہ میں ساتھی تھے اور گہرے دوست بھی۔ جامعہ میں دونوں اُستاذ تھے اور مسجد میں دونوں امام اور مقتدی بھی۔ ہمارے زمانے میں طلبہ کرام نے ان اساتذہ کرام کے لیے شیخین کی اصطلاح وضع کر رکھی تھی کیونکہ وہ صرفی و نحوی اصطلاح میں واحد، تثنیہ اور جمع کے معنی اور فرق کو جانتے تھے، بعد میں یہی اصطلاح دونوں کے لیے حافظین سے معروف ہو گئی تھی۔
ایک منکر حدیث سے مناظرہ:
استاذِ گرامی وسیع المطالعہ اور صاحب تحقیق بھی تھے۔ اس کے ساتھ آپ میں مناظرے کی صلاحیت اور قابلیت بدرجہ ٔ اتم موجود تھی۔ الاتقان یا بغیہ الفحول کا درس تھا، میرا ساتھی چھٹی پر تھا جس کا علمی طور پر مجھے بہت فائدہ ہوا۔
استاذِ گرامی نے مجھے فرمایا کہ میں کچھ عرصہ پہلے اَوقاف اکیڈمی، بادشاہی مسجد لاہور میں مقیم تھا، میرے ساتھ بریلوی مسلک کے ایک عالم بھی وہیں مقیم تھے۔ ایک دن اس نے مجھ سے کہا: ایک شخص منکر حدیث ہے، اس نے مجھے بہت تنگ کر رکھا ہے، آپ اس کی بات کا جواب دیں، میں اس کے ساتھ چلا گیا۔ اس منکر حدیث نے مجھ سے کہا:
حدیث وہی مانو جو قرآن کریم کے مطابق ہو۔ میں نے کہا: قرآن کریم میں سے وہ آیت پڑھو جس میں یہ ہو کہ حدیث وہی مانو جو قرآن کریم کے مطابق ہو۔ اس نے میری بات کا جواب نہ دیا، بس اِدھر اُدھر کی باتیں کرتا رہا، میں نے دوبارہ کہا: وہ آیت پڑھو جس میں یہ ہو کہ حدیث وہی مانو جو قرآن کریم کے مطابق ہوا۔ اس نے دوبارہ میری بات کا جواب نہ دیا بس اِدھر اُدھر کی باتیں کرتا رہا۔ میں نے کہا: آپ اِدھر اُدھر کی باتیں نہ کریں بس میری بات کا جواب دیں۔ میں نے پھر اپنی بات دہرائی تو وہ خاموش ہو گیا اور اس نے میری بات کا جواب نہ دیا۔ کچھ دنوں کے بعد اس بریلوی عالم نے مجھ سے کہا:
آپ نے اس منکر حدیث سے اچھا مناظرہ کیا ہے، وہ اب مجھ سے بات نہیں کرتا، اس نے اب میری جان چھوڑ دی ہے۔
یہ مناظرہ، دلچسپ منہ توڑ اور مختصر ضرور ہے تاہم اس سے واضح ہوتا ہے کہ منکر حدیث منکر قرآن مجید ہے جواہل قرآن کا دعویٰ بھی کرتا ہے اور ایسے اصول بناتا ہے جو قرآن مجید میں موجود نہیں ہیں بلکہ اپنی خواہش پرمبنی ہیں۔
لکھنے کی ترغیب:
میں شیخ الحدیث محدث گوندلوی کے پاس درس بخاری شریف کے خاص خاص علمی نکات اپنی کاپی پر کچھ عرصہ تک لکھتا رہا، پھر میں نے اپنی ضعف بصر کی وجہ سے لکھنا چھوڑ دیا تھا۔ ماہنامہ محدث لاہور میں شیخ الحدیث مفتی محمد صدیق سرگودھوی (مرتب فتاویٰ اہل حدیث) اور اس کے مدیر مولانا اکرام اللہ ساجد گیلانی کے درمیان عورت کی گواہی کے درمیان زور دار مکاملہ اور مباحثہ جاری تھا۔
ایک دفعہ درس بخاری کے سماع سے فارغ ہوئے تو شیخ اکبر نے اس بارے میں اپنے خیالات کا اظہار فرمایا جن کو میں نے اپنے استاذ گرامی سے ذکر کیا تو آپ نے مجھ سے فرمایا: آپ حافظ صاحب کی یہ تقریر لکھ لیتے، اب وقت گزر چکا تھا پس میں اس سعادت سے محروم رہا۔
شاہین آباد میں آپ کا خطبہ جمعہ اور آپ سے ملاقات:
ہمارے شہر سلانوالی اور سرگودھا کے درمیان شاہین آباد ریلوے جنکشن ہے، میں نے وہاں تین سال تک ریلوے اسٹیشن کے سامنےمشرق میں بیری کے درخت کے نیچے نماز جمعہ پڑھایا اور دو(2) عیدین بھی کیونکہ اس وقت مسجد کی عمارت کے لیے ایک اینٹ بھی نہ تھی بس کھلی جگہ اور فرش کچا تھا، مقامی طور پر نمازیوں میں چار گھرانے تھے اور دیگر لوگ آس پاس سے آتے تھے۔
اُستاذِ گرامی کا تعلق پاکستان میں مساجد بنوانے والے ایک ادارے سے تھا، اس لیے جولائی 1989ء میں یہاں کے لوگوں نے آپ کی وساطت سے اس ادارے سے مالی تعاون حاصل کرنے کے لیے، آپ کو خطبہ جمعہ کی دعوت دی۔ مجھے کچھ لوگوں نے یہاں آپ کی آمد کے بارے میں بتا دیا تھا۔ اس زمانے میں سلانوالی شہر میں اہل حدیث مسجد نہ تھی بلکہ سرگودھا اور جھنگ کے درمیان طویل فاصلے کے درمیان کسی ریلوے اسٹیشن پر مسجد اہل حدیث نہ تھی اور نہ ہی سلانوالی اور شاہین آباد کے درمیان پکی سڑک تھی۔ میں ریلوے لائن کے ساتھ ساتھ، سخت گرمی میں اپنے سائیکل پر یہاں آپ کی زیارت کے لیے آپ کے میزبان چوہدری محمد شفیع گجر ریلوے ملازم کے سرکاری کوارٹر میں پہنچا، آپ سے علمی و روحانی استفادہ کیا، آپ کے ساتھ کھانا کھایا اور آپ سے اجازت لے کر وہاں سے پانچ کلومیٹر دور چک نمبر115 شمالی میں خطبہ جمعہ کے لیے روانہ ہو گیا۔
جامعہ محمدیہ میں ایک مدرس مولانا قاضی عبدالرزاق تھے جو آپ کے شاگرد رشید اور ربانی جامعہ والوں کے رشتہ دار تھے، انہوں نے ایک مجلس میں علماء کرام کے علمی تقابل کے دوران مجھ سے کہا: اگر مفتی سعودی عرب الشیخ عبدالعزیز عبداللہ بن باز، الشیخ محمد ناصر الدین البانی اور الشیخ پیر بدیع الدین شاہ راشدی ان تینوں کے علم کو اکٹھا کر لیا جائے تو حافظ محمد گوندلوی کا علم زیادہ ہے۔
میں نے ایک بار استاذ گرامی حافظ عبدالمنان سے پوچھا کہ بڑے حافظ صاحب یعنی حافظ محمد گوندلوی کا علم زیادہ ہے یا الشیخ محمد ناصر الدین البانی کا؟ تو آپ نے جواب میں فرمایا کہ
کتابوں سے تو یہی لگتا ہے کہ شیخ البانی کا علم، حافظ محمد گوندلوی سے زیادہ ہے۔ لیکن میں نے کچھ عرصے بعد اس بارے میں غور کیا تو مجھے آپ کے ایک شاگرد کی بات آپ کی بات سے زیادہ درست معلوم ہوئی کہ ہمارے شیخ گوندلوی نے اپنی مختلف کتابوں میں مختلف علوم کی جن اصطلاحات کا ذکر کیا ہے سوائے اسماء الرجال کے… وہ شیخ البانی، شیخ ابن باز اور پیر بدیع الدین راشدی کی کتابوں میں معدوم ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ
ہمارے شیخ گوندلوی کو مختلف علوم میں اجتہادی مقام حاصل تھا۔ تاہم قرآن و حدیث کے علم میں ان سب علماء کرام کا مقام مسلم ہے اور وہ سب اپنے وقت کے امام تھے۔ نامعلوم کہ استاذ گرامی کے بعد میں ان علماء کرام کے بارے میں یہی رائے قائم تھی یا بدل گئی تھی یا میری رائے درست تھی یا نہیں۔ واللہ اعلم
تاہم اتنی بات ضرور ہے کہ استاذ گرامی کی بات کا جواب ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے، جو علماء کرام کے ہاں معیوب نہیں لیکن مسائل اجتہاد یہ میں ان سے اختلاف کے باوجود، ان کا احترام لازم ہے۔ لیکن یہ بھی ایک کھلی حقیقت ہے کہ مختلف اَدیان و مذاہب کے علماء کے پاس استاذ گرامی کی بات کا کوئی جواب نہ تھا جس کی وجہ سے بہت سے لوگ آپ سے متأثر ہوئے اور وہ آپ کی حسین یادوں کو اب تلک اپنے سینوں میں بسائے ہوئے ہیں۔ استاذ گرامی ایک بیدار مغز، ہوشیار اور فتنوں سے بچنے والے عالم دین تھے، گویا کہ آپ اُٹھتے، بیٹھتے اور لیٹتے اس انتظار میں رہتے تھے کہ کوئی سائل مجھ سے مسئلہ پوچھے اور میں اس کا جواب دوں، تاہم آپ میں ایک بات یہ بھی تھی کہ بسا اوقات آپ طالب علم کی بات کا جواب دیتے ہوئے اس سے دلیل کا مطالبہ کرتے، اگر وہ جواب دیتا تو مسکراتے ہوئے خاموش ہو جاتے اور اگر وہ جواب نہ دے پاتا تو آپ اس کا جواب دیتے جس سے اس مناظرانہ اصول اور دلیل کی پختگی میں فائدہ ہوتا اور تعلیم و تفہیم میں مدد ملتی۔ دوسرے کی بات کے دوران آپ خاموش رہتے اور اس کی صحیح بات کے مان لینے میں عار محسوس نہ کرتے تھے۔
اُستاذِ گرامی کی جامعہ، شیخ الکل کراچی میں تشریف آوری:
مولانا سعید احمد (ریشم والے) نے رمضان المبارک 1405ھ/ جون 1985ء میں دورئہ تفسیر القرآن الکریم کا اہتمام کیا جس میں تقریباً 80طلبہ شامل ہوئے تھے۔ اس کے شیخ، شیخ الحدیث مولانا حافظ عبداللہ بڈھیمالویؒ (1909ء 1987ء) تھے۔ استاد گرامی بھی اس دورے میں تشریف لے گئے، آپ یہاں ایک عالم، ایک خطیب اور ایک طالب علم کی حیثیت سے رہے اور آپ نے ان تینوں حیثیتوں سے اچھا کردار ادا کیا۔
ایک عالم کی حیثیت سے آپ نے ایک دفعہ تمام طلبہ سے علمی خطاب فرمایا اور ایک خطیب کی حیثیت سے آپ نے صلوٰۃ التراویح کے بعد نمازیوں اور طلبہ سے خطاب فرمایا۔ آپ سے پہلے مولانا حافظ محمد یحییٰ عزیز میر محمدی نے خطاب کیا۔
آپ کے بعد مولانا قاری عبدالخالق رحمانی نے خطاب کیا تھا۔ اسی طرح استاذ گرامی نے حکومتی سرپرستی میں قائم بڑی جامع ’’گول مسجد‘‘ کی ہمارے ساتھ زیارت کی پھر اس کے نزدیک ہی نئی تعمیر کردہ مسجد اہل حدیث میں جمعہ کا خطبہ دیا۔ جامعہ ہذا کی انتظامیہ نے اس میں طلبہ کے آنے جانے کے لیے بڑی بس کا انتظام کیا تھا۔
استاذِ گرامی نے ایک عالم ہونے کے باوجود، عاجزی و انکساری کا پیکر بن کر یوں اچھا کردار ادا کیا کہ آپ دوسرے طلبہ یا اپنے شاگردوں کے ساتھ ایک طالب علم بن کر پندرہ رمضان تک اس دورے میں شامل رہے۔ اسی تاریخ کو الامام محمد گوندلوی گوجرانوالہ میں وفات پا گئے۔
آپ کی غائبانہ نمازِ جنازہ آپ کے پہلے شاگرد حافظ بڈھیمالوی نے جامعہ ہٰذا کی مسجد میں پڑھائی۔ آپ نے حافظ بڈھیمالوی سے سند تفسیر حاصل کی اور آپ سے اجازت لے کر گوجرانوالہ روانہ ہو گئے اور امام گوندلویکی مسند حدیث کے وارث بنے اور مَرتے دَم تک اس کا حق ادا کیا۔
میری مطبوعہ کتب پر خوشی کا اظہار اور میری حوصلہ: 2008ء میں میری دوسری کتاب ’’قرآن اور صحابہ کرام ‘‘ کو مولانا محمد سرور عاصم نے اپنے مکتبہ اسلامیہ لاہور سے طبع کیا تو میں اس کے چند نسخے جامعہ محمدیہ گوجرانوالہ میں اپنے اساتذہ کرام کی خدمت میں تحفے کے طور پر پیش کرنے کے لیے لے گیا۔
استاذِ گرامی کا گھر جامعہ اور آپ کی مسجد کے درمیان واقع تھا۔ میں وہاں گیا تو آپ نے اپنی مجلس یا اپنے کتب خانے کا دروازہ کھولا، آپ نے اے سی چلایا اور میری ٹھنڈے شربت سے ضیافت فرمائی۔ میں نے آپ کی خدمت میں اپنی مذکورہ کتاب پیش کی تو آپ نے کتاب کا سرورق دیکھ کر مسکراتے ہوئے فرمایا:
رانا صاحب! آپ نے اس میں وہ آیات قرآنیہ ذکر کی ہیں جو صحابہ کرام کے بارے میں وارد ہیں؟ میں نے عرض کیا: جی ہاں اُستاد جی! آپ نے کتاب کے اوراق پر سرسری نظر دوڑائی اور فرمایا: رانا صاحب! آپ نے اچھی محنت کی ہے۔
اسی طرح میری تیسری کتاب ’’کلمہ اسلام کی مختصر تفسیر‘‘ 2009ءمیں مکتبہ مذکورہ نے چھاپی تو میں نے اپنی ان دونوں کتابوں کو بذریعہ ڈاک اپنے اساتذہ کرام کی خدمت میں ارسال کیا تو آپ نے موبائل فون پر فرمایا:
رانا صاحب! آپ نے اس میں حق بات کھول کربیان کردی ہے کہ شکوک و شبہات رفع ہو گئے ہیں۔
بہر حال استاذ گرامی میرے ان اساتذہ کرام میں سے تھے جنہوں نے دینی و علمی میدان میں میری خوب حوصلہ افزائی فرمائی اور مجھے عزّت بخشی۔ ان کی اسی شفقت کا نتیجہ ہے کہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اپنے اس دَورِ پُرفتن میں پیرانہ سالی اور کمزوری و بے بسی کے باوجود اپنی طاقت کے مطابق دین اسلام کی دعوت و تبلیغ میں مصروف ہوں، اللہ تعالیٰ قبول فرمائے!
کسی شخص کے پاس آپ کا مجھے یاد فرمانا:
مختلف مساجد میں صلوٰۃ جمعہ میں میرا ایک مقتدی، اُستاذِ گرامی کے پاس ایک دینی مسئلے کی تحقیق کے لیے گیا جس کے کسی رشتے دار کی لڑائی کے دوران فائر لگنے سے ٹانگ کٹ گئی تھی۔ اس شخص نے مجھے بتایا کہ حافظ عبدالمنان نے اس کا جواب دینے کے بعد، مجھ سے پوچھا کہ آپ کے علاقے میں میرا ایک شاگرد رانا محمد جمیل ہے؟ میں نے کہا: بالکل ہے لیکن اس کے ساتھ لوگ نہیں ہیں تو آپ نے فرمایا: حق بات کہنے والے کے ساتھ یہی کچھ ہوتا ہے۔ آپ کا اس کے پاس مجھے یاد کرنا اور میری حوصلہ افزائی کرنا یقیناً میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔
آپ کا حلیہ:
آپ کا قد، میانہ اور جسم بھرا ہوا تھا لیکن نہ ہلکا اور نہ بھاری، آپ خوبصورت تھے۔ قرآن و سنّت کی تعلیم و تدریس اور دعوت و تبلیغ کی وجہ سے آپ کا چہرہ نورانیت سے معمور تھا۔ رنگ گندمی مائل، آنکھیں موٹی، ناک لمبی، داڑھی لمبی اور بھری ہوئی، سر کے بال کبھی کانوں کی لو تک اور کبھی درمیان گردن تک اور کبھی دونوں کندھوں پر گرے ہوئے اور سر کے بالوں میں مانگ ہوتی تھی جو بڑے رُومال کو اُتارتے وقت نظر آتی تھی۔ آپ رومال کو اپنے سر پر پگڑی کی طرح باندھتے تھے۔ میں نے بیس سال تک آپ کے بال سیاہ دیکھے اور آخری دس سالوں میں آپ کے سیاہ بالوں میں تھوڑی سی چاندی چمکنے لگی تھی۔ مونچھیں منڈواتے تھے۔ عام طور پر شلوار قمیص اور سادہ بند جوتا پہنتے تھے۔ کبھی کبھی تہبند اور قمیص بغیر کالر کے، شلوار یا تہبند اپنی نصف پنڈلی تک باندھتے تھے۔
فوتگی کے دن آپ کی قبر پر دعاء کے بعد اذانِ مغرب ہو رہی تھی، بڑی مشکل سے ہم نے مولانا محمد عبداللہ نثار کی مسجد میں مغرب کی جماعت کو پایا تو نماز سے فراغت کے بعد مولانا نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ ایک مالدار شخص کو کسی نے کہا کہ
حافظ عبدالمنان کا مکان سولنگ سے نیچے ہو گیا ہے، بارش کا پانی ان کے گھر کے اندر چلا جاتا ہے اور وہ اس پانی کو بالٹی کے ذریعے گھر سے باہر نکالتے ہیں۔ وہ شخص حافظ صاحب سے مالی تعاون کے لیے آپ کی مسجد میں گیا۔ اس نے کسی شخص سے پوچھا کہ حافظ عبدالمنان کہاں ہیں؟ اس نے بتایا کہ وہ بیٹھے ہیں۔ اس شخص نے حافظ صاحب سے پوچھا: آپ حافظ عبدالمنان ہیں؟ آپ نے کہا: میں ہی ہوں، اس نے کہا: مجھے پتا چلا ہے کہ آپ کا مکان سولنگ سے نیچے ہے اور میں آپ کے مکان کی تعمیر کروانا چاہتا ہوں تو حافظ صاحب نے فرمایا: وہ عبدالمنان کوئی اور ہو گا، میں نہیں ہوں۔ یہ تھا حافظ صاحب کا زہد و قناعت… میں آپ کے شاگرد پر تقصیر ہونے کی حیثیت سے کہتا ہوں کہ اگر استاذِ گرامی اس شخص کی اس مالی پیشکش کو قبول فرمالیتے تو یہ کوئی برائی نہ تھی لیکن آپ نے اپنے کمال استغناء و قناعت سے اس پیشکش کو قبول نہ کیا۔ استاذ گرامی کانوں کے کچے نہ تھے۔ بعض طلبہ نے مجھے پریشان کرنے کے لیے چند مرتبہ آپ سے میری شکایت کی لیکن آپ نے میری تائید و حمایت کی جس کی وجہ سے وہ طلبہ خاموش ہو گئے اور مجھے بہت حوصلہ ملا، آپ وقتاً فوقتاً میری اصلاح فرماتے رہتے تھے۔
آپ کا مطالعہ اور اتقان: آپ مختلف علوم دینیہ کے جامع الکمالات تھے بلکہ ان کے ماہر، نقاد اور محقق تھے۔ خاص طور پر بہت سے علماء علم حدیث میں رواۃ حدیث کے باب میں ان کے صحیح اور ضعیف ہونے میں تساہل و تغافل میں مبتلا ہیں لیکن آپ ان کی جرح و تعدیل پر گہری نظر رکھتے تھے۔ کتب و رسائل کے مطالعہ پر آپ کی گہری توجہ تھی، جامعہ میں جب طلبہ کو آپ کے پاس درس کے لیے آنے میں دیر ہو جاتی تو آپ کسی کتاب کی عبارت پر اپنے داہنے ہاتھ کی اُنگلی رکھ کر اس کے مطالعہ میں مصروف ہو جاتے تھے گویا کہ آپ اسے حفظ کر رہے ہیں، آپ کا یہ حفظ و اتقان، آپ کی گفتگو سے بھی عیاں ہوتا تھا۔ جامعہ میں میرے قیام کے دوران، آپ نے امام ابن قیم کی ضخیم کتاب ’’زاد المعاد فی ھدی خیر العباد‘‘ کی آٹھ جلدوں کا (شیخ عبدالقادر الارنووط اور شیخ شعیب الارنووط کی تحقیق) طلبہ کے اسی آنے جانے کے وقفہ میں مطالعہ کیا۔ہمارے شہر میں ایک شخص مفتی صاحب کے نام سے مشہور تھا، اس وقت شہر سلانوالی میں مسجد اہل حدیث نہ تھی۔
میں 1995ء میں ریلوے کوارٹر کی مسجد میں تقریباً سترہ ماہ تک خطبات جمعہ کیلئےجاتا رہا۔ یہ مفتی صاحب میرے پیچھے اس مسجد میں نماز پڑھتے رہے۔ میں نے اس کے محلے چانن پورہ میں جامع مسجد رحمانیہ (دیو بندی مماتی) میں 1985ء میں بعد نمازِ عشاء پہلی دفعہ قرآن و حدیث کا درس دیا تھا۔ اس مفتی صاحب، اس کے والد گرامی اور اس کے دادا جی سے ملا تھا۔ اگلے سال سرگودھا سے واپسی پر وہ مجھے سلانوالی ریلوے اسٹیشن سے باہر ملا تو وہ ڈاکٹر مسعود الدین عثمانی (کراچی) کے نئے فتنے کی مجھ سے وکالت کرنے لگا۔ میں نے اسے اس کے جھوٹ و دجل کے بارے میں بتایا لیکن افسوس! میرے بتانے کا اس پر کوئی اثر نہ ہوا پھر وہ جماعۃ المسلمین اور مرکز الدعوۃ سے ملا رہا اور وہ ان گروہوں کے بعض مسائل میں میرا مخالف بھی رہا۔ اس نے بعض مسائل میں مجھ سے علمی استفادہ بھی کیا اور بعض دفعہ اس نے لوگوں سے میرے بارے میں کہا کہ رانا صاحب میرے استاذ ہیں، یہ کہانی بہت طویل ہے۔ 1995ء میں وہ اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ ایک دفعہ خالی پیریڈ میں مجھے ملا اور کہا کہ رانا صاحب! میں نےیہ جماعت چھوڑ دی ہے۔ اب میں کیا کروں؟ میں نے جواب میں اس سے کہا: آپ اندرا گاندھی سے مل جائیے۔ مفتی صاحب اور اس کے ساتھیوں نے میرا یہ جواب سنا تو وہ خوب ہنسے اور میری بات کا کوئی جواب نہ دیا۔
٭٭٭
لوگوں کی اذیت سے بچنے کا طریقہ
آپ لوگوں کے ساتھ کتنا بھی احسان کریں پھر بھی آپ ان کی اذیت سے محفوظ نہیں رہ سکتے: امام احمد بن حنبل سے پوچھا گیا:لوگوں کی اذیتوں سے بچنے کا طریقہ کار کیا ہے؟انہوں نے جواب دیا: درج ذیل چیزوں پر عمل کرو:
1- تم انھیں دیتے اور نوازتے رہو مگر ان سے کبھی لینے کی امید مت رکھو۔
2- لوگ تمہیں تکلیف پہنچائیں تو تم بدلے میں انھیں تکلیف نہ دو۔
3- ان کی ضرورتوں کو پورا کرو مگر کبھی ان سے تم اپنی ضرورت پوری کرنے کا مطالبہ نہ کرو۔
سائل یہ جواب سن کر کہنے لگا: امام صاحب! اس پر عمل کرنا تو بہت مشکل ہے۔
امام احمد بن حنبل نے جواب دیا:
’’اے کاش! اتنا سب کچھ کرنے کے باوجود تم ان کی اذیت سے محفوظ رہ جاؤ۔‘‘
(سير أعلام النبلاء: / الجزء 11 الطبقة 12)
٭٭٭
درود شریف ؛ بھلائی کا دروازہ
امام ابن الجوزی فرماتے ہیں :
"عباد الله تعاهدوا الصَّلاة على حبيبنا محمَّد صلى الله عليه وسلم، لأنَّ الله تعالى إذا أراد بعبده خيرًا، يسَّر لسانه للصَّلاة على محمَّد صلى الله عليه وسلم."
’’اﷲ کے بندوں حبیبِ الٰہی سیدنا محمدﷺپر درود بھیجنے کو لازم پکڑو، کیونکہ جب اﷲ تعالیٰ کسی بندے کے ساتھ بھلائی کا ارادہ کرتا ہے تو اس کی زبان پر محمدﷺ پر درود کو جاری و ساری کردیتا ہے۔‘‘
( بُستان الوَاعظين :1؍300)
٭٭٭
فرشتوں کی دعاؤں کا مستحق بنیے
شیخ سعد الخثلان فرماتے ہیں کہ”کوشش کریں کہ روزانہ صدقہ کریں خواہ بالکل معمولی سا ہو، تاکہ آپ فرشتے کی اس یومیہ دعا کے مستحق بن جائیں : اے اللہ! خرچ کرنے والے کا مال باقی رکھ۔“

