وقت گزرتے دیر نہیں لگتی، دن ہفتوں میں، ہفتے مہینوں میں اور مہینے سالوں میں ڈھل جاتے ہیں۔ یہی انسانی زندگی کی بے ثباتی ہے۔ ہر گزرنے والا دن ہمیں اپنی موت سے قریب اور یومِ حساب سے قریب تر کر رہا ہے، لیکن لوگ اس نازک گھڑی سے غافل، رنگ رلیوں اور لہو و لعب میں اتنے مدہوش ہیں کہ اکثریت کو آنے والے یومِ حساب کی پروا تک نہیں۔
﴿اعْلَمُوا أَنَّمَا الْحَيَاةُ الدُّنْيَا لَعِبٌ وَلَهْوٌ وَزِينَةٌ وَتَفَاخُرٌ بَيْنَكُمْ وَتَكَاثُرٌ فِي الْأَمْوَالِ وَالْأَوْلَادِ﴾ (سورۃ الحديد: 20)
زندگی کھیل کود اور تماشہ ہے۔
﴿وَمَا الْحَيَاةُ الدُّنْيَا إِلَّا مَتَاعُ الْغُرُورِ﴾
چار سال قبل قطر میں فیفا کی جانب سے فٹبال کے عالمی مقابلے منعقد ہوئے تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے چار برس کی طویل مدت عبور کر کے دوبارہ عالمی مقابلے شروع ہو چکے ہیں۔ گزشتہ مرتبہ عرب ملک قطر میں یہ مقابلے منعقد ہوئے تھے، اور اب تین بڑے ممالک، امریکا، کینیڈا اور میکسیکو، اس کی مشترکہ میزبانی کر رہے ہیں۔ ان مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے 48 ممالک کی ٹیمیں، جن میں تیرہ مسلم ممالک بھی شامل ہیں، امریکا پہنچ چکی ہیں۔
ہمیں اس کھیل سے واجبی سی دلچسپی، تفریحِ طبع کی حد تک ہی ہے۔ ہم کھیل کو ورزش اور ضروری تفریح کے دائرہ تک رکھنے کے قائل ہیں، جب چیزیں حدود سے تجاوز کر جائیں تو اس کے منفی اثرات مرتب ہونے لگتے ہیں۔ آج کل ایسے مقابلے جوئے کا بڑا ذریعہ بن چکے ہیں۔ میچ کے دوران اربوں ڈالر جوئے کی نذر ہوتے ہیں۔ صرف مجموعی ٹیم پر ہی نہیں بلکہ انفرادی طور پر کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے بھی بھاری شرطیں اور جوا بازی ہوتی ہے۔
کھیل کی تکنیکی جزئیات سے قطعِ نظر، کس ٹیم کا کیا معیار ہے اور کس کھلاڑی کا کیا مقام ہے، ہم ان پہلوؤں پر گفتگو محدود کریں گے جو کسی بھی دیدہ بنیا رکھنے والے کے لیے غور طلب ہے، ، خصوصاً میڈیا کا رویہ، جانبدارانہ رپورٹنگ اور طرف داری کے عجیب نمونے سامنے آ رہے ہیں۔
گزشتہ مرتبہ متوقع مقابلوں کے اعلان کے ساتھ ہی عالمی میڈیا کی توجہ چند مسائل کی طرف مرکوز ہو کر رہ گئی تھی، جن کا بار بار مختلف پیرایوں میں ذکر کیا جاتا رہا اور سخت منفی ریمارکس دیے جاتے رہے۔ خلیجِ عرب کا موسم نسبتاً گرم ہوتا ہے، تو مغربی ممالک کے نازک اندام کھلاڑی مقابلوں میں کیسے کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں؟ قطر اسلامی ملک ہے، وہاں عوامی اجتماعات میں شراب نوشی ممنوع ہے، لہٰذا شراب، یعنی ’اُمُّ الخبائث‘، سے دوری تماشائیوں کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں۔ اس ملک میں ہم جنس پرستی بھی ممنوع ہے، بلکہ اس فعلِ شنیع کی تائید کے لوگو اپنے لباس پر لگا کر میدان میں آنے کی اجازت بھی نہیں تھی۔ جب کھلاڑیوں کو قطری تعلیمات کے مطابق میدان میں قدم رکھنا پڑا تو چند ایک نے ان پابندیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنے چہروں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ اس پر تبصرہ نگاروں نے پھبتی کسی کہ سیاہ کاریوں کے باعث احساسِ ندامت نے انہیں اپنے چہروں کو چھپانے پر مجبور کیا ہے۔
مختصر مدت میں اتنے محدود ذرائعِ حمل و نقل اور مختصر مواصلاتی نظام والے ملک میں اس نوعیت کے عالمی مقابلے کیسے منعقد ہو سکتے ہیں؟ لیکن قطری حکومت نے تمام منصوبے مکمل کر کے ترقی یافتہ ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا۔ پھر جب یہ خلا بھی پُر ہو گیا تو ناقدین کی ہمدردیاں مزدوروں کے ساتھ ہونے لگیں کہ تعمیرات میں تیز رفتاری کے سبب مزدوروں کو پُرمشقت مراحل سے گزرنا پڑا۔ غرض باتیں اس طرح کی ہو رہی تھیں کہ صبح بھی اپنی، شام بھی اپنی، چِت بھی اپنا، پٹ بھی اپنا حتیٰ کہ فیفا کے چیئرمین کو عالمی پریس کانفرنس میں وضاحت کرنی پڑی، انہوں نے جن خیالات کا اظہار کیا، وہ ناقدین کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ سے کم نہیں۔ انہوں نے قطر کو حقوقِ انسانی اور اخلاقیات کا درس دینے والے یورپی باشندوں سے کہا، اگرچہ میں بھی یورپی ہوں، مگر سچائی یہ ہے کہ ہم سب نے عام لوگوں اور کمزور ممالک کے ساتھ گزشتہ صدیوں میں جو کچھ کیا ہے، پہلے ہمیں اپنے کرتوتوں پر شرمندہ ہونا چاہیے اور معذرت کرنی چاہیے، پھر دوسروں کو اخلاقیات کا درس دینا زیب دیتا ہے۔ اور مجھے امید ہے کہ قطر، ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے دیگر ممالک سے بہتر ثابت ہوگا۔
خلیجِ عرب کے موسم کو جن ناقدین نے نشانہ بنایا تھا، اس سال قدرت کا نظام دیکھیے کہ ٹھنڈے ممالک گرمی کی شدید لپیٹ میں ہیں۔ اس کے لیے کھلاڑیوں کو دورانِ کھیل مناسب وقفہ دینے کا قانون بنایا گیا، جسے تمازت (Hydration Break)کم کرنے کا نام دیا گیا، لیکن شناسا بھانپ گئے کہ اس کو کھلاڑیوں کی راحت سے زیادہ اشتہارات کا ذریعہ بنایا گیا۔ گویا ہر موڑ پر مال کسب مال ترجیحِ اول رہی۔
اس وقت گرمی کی شدید لہر کے سبب شراب کے کھلے عام استعمال اور اشتہارات سے بھی روکا جا رہا ہے۔
قطر میں منعقد ہونے والے چند مقابلوں کے بعد ہی شائقین کا تجزیہ تھا کہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں اس درجے کی میزبانی کسی اور ملک نے نہیں کی اور نہ ہی اتنے اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کہیں اور دیکھنے میں آیا۔ غیر مسلم خواتین کا خیال تھا کہ عوامی مقامات میں شراب پر پابندی کے باعث ہم یہاں اپنے ممالک سے زیادہ سکون محسوس کر رہی ہیں۔ یوں اسلامی تہذیب کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو جگہ جگہ منہ کی کھانی پڑی۔
ایران کی ٹیم ورلڈ کپ کے قوانین کے مطابق کوالیفائی کر کے میچ کھیلنے کے قابل بنی، لیکن وقتِ مقررہ پر ٹیم نہ پہنچ سکی اور نہ ہی اسکواڈ میں شامل تمام افراد سفر کر سکے، کیونکہ امریکی حکام نے ان کے خلاف ویزا کی سخت پابندیاں متعارف کروا دیں اور کئی افراد کو ویزا ہی نہیں دیا، جو فیفا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ایرانی کھلاڑیوں کو امریکی ہوٹل میں قیام کی اجازت بھی نہیں دی گئی اور نہ انہیں کھیل کے میدان کے باہر گھومنے کی اجازت ہوگی۔ وہ پڑوسی ملک میں قیام کریں گے، وہاں سے سیدھے میدان پہنچیں گے اور میچ ختم ہوتے ہی آرام کرنے کے لیے دوبارہ پڑوسی ملک واپس روانہ ہو جائیں گے۔
شاید اس کی ایک وجہ یہ بھی ہو کہ دنیا کا طاقتور ملک ، سپر پاور امریکا نے جس ایران کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کے عزم کے ساتھ اس پر یلغار کی، نہ صرف ملک سلامت ہے، نقصانات کے باوجود اسی ملک کے کھلاڑی آج آپ کے میدان کو کروڑوں مشاہدین کے سامنے روندتے نظر آ رہے ہیں۔ گویا ایرانی زندہ ہیں بلکہ کھیل کود اور تفریحی مشاغل بھی جاری ہیں۔
جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے۔
قطعِ نظر اس کے کہ میچ کا نتیجہ کیا نکلتا ہے اور فاتحِ عالم کا تمغہ کس کے سر سجتا ہے، وہاں کا ہر کھلاڑی زبانِ حال سے کہہ رہا ہے:
دیکھو مجھے جو دیدۂ عبرت نگاہ ہو
معاملہ صرف ایرانی کھلاڑیوں کا نہیں، بعض دیگر افریقی ممالک کے کھلاڑیوں کو بھی ایئرپورٹ پر طویل وقت کے لیے ذلت آمیز طریقے سے کھڑا رکھا گیا اور بعض کھلاڑیوں کو لمبے انٹرویو اور تفتیشی مراحل سے گزارا گیا۔ کہاں ایک مسلم ملک کی سخاوت، ضیافت اور رواداری، اور کہاں مغربی ملک کی حقارت، اہانت اور جانبداری۔ حتیٰ کہ شائقین کو کہنا پڑا کہ مجموعی اعتبار سے ورلڈ کپ کی تاریخ کے بدترین انتظامات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
میچ کے دوران قطری کھلاڑیوں نے جلتی پر آگ اس وقت چھڑکی جب ان کی ٹیم نے گول کیا تو کھلاڑی میدان میں ہی سربسجود ہو گئے۔ یہ منظر اسٹیڈیم میں بیٹھے ہزاروں شائقین نے براہِ راست اور کروڑوں لوگ بالواسطہ دیکھ رہے تھے کہ کھیل کے میدان میں بھی اللہ تعالیٰ کو یاد رکھا جاتا ہے۔ بظاہر کھلاڑیوں کا ایک سجدہ سادہ سا واقعہ تھا، لیکن حقیقت میں ایک طرف اسلام اور مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈا اور دوسری طرف جگہ جگہ ان کے نعتیے:
وہ ایک سجدہ جسے تو گراں سمجھتا ہے
ہزار سجدوں سے دیتا ہے آدمی کو نجات
بہرحال، عقلمند مسلمان کو چاہیے کہ دنیا کی چکاچوند آخرت فراموشی کا سبب نہ بنے۔ ہر گزرنے والا لمحہ ہمیں موت اور حساب سے قریب کر رہا ہے۔ اس دن کی ہولناکی ہر شخص کو اپنے اور پرایوں سے بیگانہ کر دے گی۔ جو کچھ اس نے زندگی میں کیا ہوگا، اسی ریکارڈ کے مطابق نتیجہ بھگتنا ہوگا۔
﴿فَمَنْ يَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَيْرًا يَرَهُ 0 وَمَنْ يَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ شَرًّا يَرَهُ﴾
٭٭٭
ذکر کے متعلق اقوال
امام ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
میرے استاد شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے فرمایا:
’’ذکر دل کیلئے ایسے ہیں جیسے مچھلی کیلئے پانی پس اسوقت مچھلی کا کیا حال ہوتا ہے جب وہ پانی سے دور ہو۔‘‘
( التحفۃ العراقیہ:15؍ 85؛ الوابل الغیب: 96 )
٭٭٭
لاحول ولاقوۃ الا باللہ
حافظ ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ
’’حصول صبر اور حصول مدد کیلئے آزمائش کے دوران بھی لاحول ولاقوۃ الاباللہ پڑھتے رہنا چاہیے یہ کلمہ استرجاع نہیں ہے بلکہ کلمہ استعانت ہے۔‘‘ (الاستقامۃ : 812؍812)
اس کو شوق سے پڑھنے سے مایوسی ختم ہو جاتی ہے اور ہر غم دور ہوتا ہے ہر خوشی نصیب ہوتی ہے ، ریاض شہر میں ایک بہت بڑے عالم دین ہے انکو "خطیب العرب" بھی کہا جاتا ہے ان کا نام ’ سعد عتیق العتیق ‘ ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ
’’ایک دفعہ میں ریاض سے جدہ ائیرپورٹ پر اترا اسی دوران میں مجھے ایک نمبر سے بہت زیادہ کالیں آئی جب میں نے اس بھائی سے بات کی تو اس نے کہا: ’’میں بہت زیادہ مقروض تھا ، میں بہت زیادہ غمگین تھا اور مجھے بہت زیادہ مشکلیں پہنچ چکی تھی بس میں نے " لاحول ولاقوۃ الاباللہ " پر ہمیشگی کی تو اللہ نے ہر آزمائش دور کرتے ہوئے مجھے پر ہر نعمت عطاء کردی۔‘‘
٭٭٭

